کتب حدیث ›
سنن نسائي › ابواب
› باب: وضو کو توڑ دینے اور نہ توڑنے والی چیزوں کا بیان، مذی سے وضو ٹوٹ جانے کا بیان۔
أَخْبَرَنَا هَنَّادُ بْنُ السَّرِيِّ ، عَنْ أَبِي بَكْرِ بْنِ عَيَّاشٍ ، عَنْ أَبِي حَصِينٍ ، عَنْ أَبِي عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، قال : قال عَلِيٌّ : " كُنْتُ رَجُلًا مَذَّاءً وَكَانَتِ ابْنَةُ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ تَحْتِي فَاسْتَحْيَيْتُ أَنْ أَسْأَلَهُ ، فَقُلْتُ لِرَجُلٍ جَالِسٍ إِلَى جَنْبِي : سَلْهُ ، فَسَأَلَهُ ، فَقَالَ فِيهِ : الْوُضُوءُ " .
´ابوعبدالرحمٰن سلمی کہتے ہیں کہ` علی رضی اللہ عنہ نے کہا : میں ایک ایسا آدمی تھا جسے کثرت سے مذی ۱؎ آتی تھی ، اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی ( فاطمہ رضی اللہ عنہا ) میرے عقد نکاح میں تھیں ، جس کی وجہ سے میں نے خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھنے میں شرم محسوس کی ، تو میں نے اپنے پہلو میں بیٹھے ایک آدمی سے کہا : تم پوچھو ، تو اس نے پوچھا ، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اس میں وضو ہے “ ۱؎ ۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ مجھے مذی بہت آیا کرتی تھی۔ چونکہ نبی ﷺ کی صاحب زادی میرے نکاح میں تھیں، لہٰذا مجھے آپ ﷺ سے یہ مسئلہ پوچھتے ہوئے شرم آتی تھی، چنانچہ میں نے اپنے پہلو میں بیٹھے ایک شخص سے کہا کہ آپ ﷺ سے (یہ مسئلہ) پوچھو، اس نے آپ ﷺ سے پوچھا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”اس کے نکلنے سے وضو واجب ہوتا ہے (غسل نہیں)۔“
وضاحت:
۱؎: مذی وہ لیس دار پتلا پانی ہے جو جماع کی خواہش سے پہلے شرمگاہ سے نکلتا ہے۔
أَخْبَرَنَا إِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، قال : أَخْبَرَنَا جَرِيرٌ ، عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ ، قال : قُلْتُ لِلْمِقْدَادِ : إِذَا بَنَى الرَّجُلُ بِأَهْلِهِ فَأَمْذَى وَلَمْ يُجَامِعْ ، فَسَلِ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ ذَلِكَ ، فَإِنِّي أَسْتَحِي أَنْ أَسْأَلَهُ عَنْ ذَلِكَ وَابْنَتُهُ تَحْتِي ، فَسَأَلَهُ ، فَقَالَ : " يَغْسِلُ مَذَاكِيرَهُ وَيَتَوَضَّأُ وُضُوءَهُ لِلصَّلَاةِ " .
´علی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے مقداد سے کہا : جب آدمی اپنی بیوی کے پاس جائے ، اور مذی نکل آئے ، اور جماع نہ کرے تو ( اس پر کیا ہے ؟ ) تم اس کے متعلق نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھو ، میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس بارے میں پوچھنے سے شرما رہا ہوں ، کیونکہ آپ کی صاحبزادی میرے عقد نکاح میں ہیں ، چنانچہ انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا ، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” وہ اپنی شرمگاہ دھو لیں ، اور نماز کی طرح وضو کر لیں “ ۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ میں نے حضرت مقداد رضی اللہ عنہ سے کہا: ”جب کوئی آدمی اپنی بیوی سے دل لگی کرے اور اسے مذی آ جائے جب کہ اس نے جماع نہیں کیا (تو وہ کیا کرے؟) آپ یہ مسئلہ نبی ﷺ سے پوچھیں کیونکہ آپ ﷺ کی بیٹی میرے نکاح میں ہے، اس لیے مجھے شرم آتی ہے۔“ حضرت مقداد رضی اللہ عنہ نے پوچھا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”وہ اپنی شرم گاہ وغیرہ دھو لے اور نماز والا وضو کرلے۔“
أَخْبَرَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ ، قال : حَدَّثَنَا سُفْيَانُ ، عَنْ عَمْرٍو ، عَنْ عَطَاءٍ ، عَنْ عَائِشِ بْنِ أَنَسٍ ، أَنَّ عَلِيًا ، قال : " كُنْتُ رَجُلًا مَذَّاءً ، فَأَمَرْتُ عَمَّارَ بْنَ يَاسِرٍ يَسْأَلُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ أَجْلِ ابْنَتِهِ عِنْدِي ، فَقَالَ : يَكْفِي مِنْ ذَلِكَ الْوُضُوءُ " .
´عائش بن انس سے روایت ہے کہ` علی رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں ایک ایسا آدمی تھا جسے کثرت سے مذی آتی تھی ، تو میں نے آپ کی صاحبزادی جو میرے عقد نکاح میں تھیں کی وجہ سے عمار بن یاسر کو حکم دیا کہ وہ ( اس بارے میں ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھیں ، ( چنانچہ انہوں نے پوچھا ) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اس میں وضو کافی ہے “ ۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ بیان کرتے ہیں کہ مجھے مذی بہت آیا کرتی تھی، چنانچہ آپ ﷺ کی بیٹی کے میرے نکاح میں ہونے کی وجہ سے میں نے حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ کو کہا کہ وہ رسول اللہ ﷺ سے اس مسئلے کی بابت پوچھیں تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”اس (مذی) سے وضو کافی ہے۔“
أَخْبَرَنَا عُثْمَانُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ ، قال : أَنْبَأَنَا أُمَيَّةُ ، قال : حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ زُرَيْعٍ ، أَنَّ رَوْحَ بْنَ الْقَاسِمِ حَدَّثَهُ ، عَنْ ابْنِ أَبِي نُجَيْحٍ ، عَنْ عَطَاءٍ ، عَنْ إِيَاسِ بْنِ خَلِيفَةَ ، عَنْ رَافِعِ بْنِ خَدِيجٍ ، أَنَّ عَلِيًّا أَمَرَ عَمَّارًا أَنْ يَسْأَلَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " عَنِ الْمَذْيِ ، فَقَالَ : يَغْسِلُ مَذَاكِيرَهُ وَيَتَوَضَّأُ " .
´رافع بن خدیج رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` علی رضی اللہ عنہ نے عمار رضی اللہ عنہ کو حکم دیا کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مذی کے بارے میں سوال کریں ، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” وہ اپنی شرمگاہ دھو لیں ، اور وضو کر لیں “ ۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، انہوں نے حضرت عمار رضی اللہ عنہ سے کہا کہ وہ اللہ کے رسول ﷺ سے مذی کے بارے میں پوچھیں۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”وہ اپنی شرم گاہ وغیرہ دھو لے اور وضو کر لے۔“
أَخْبَرَنَا عُتْبَةُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ الْمَرْوَزِيُّ ، عَنْ مَالِكٍ وَهُوَ ابْنُ أَنَسٍ ، عَنْ أَبِي النَّضْرِ ، عَنْ سُلَيْمَانَ بْنِ يَسَارٍ ، عَنْ الْمِقْدَادِ بْنِ الْأَسْوَدِ ، أَنَّ عَلِيًّا أَمَرَهُ أَنْ يَسْأَلَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنِ الرَّجُلِ إِذَا دَنَا مِنْ أَهْلِهِ فَخَرَجَ مِنْهُ الْمَذْيُ مَاذَا عَلَيْهِ ؟ فَإِنَّ عِنْدِي ابْنَتَهُ وَأَنَا أَسْتَحِي أَنْ أَسْأَلَهُ ، فَسَأَلْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ ذَلِكَ ، فَقَالَ : " إِذَا وَجَدَ أَحَدُكُمْ ذَلِكَ فَلْيَنْضَحْ فَرْجَهُ وَيَتَوَضَّأْ وُضُوءَهُ لِلصَّلَاةِ " .
´مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` علی رضی اللہ عنہ نے انہیں حکم دیا کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس آدمی کے بارے میں سوال کریں جو اپنی بیوی سے قریب ہو اور اس سے مذی نکل آئے ، تو اس پر کیا واجب ہے ؟ ( وضو یا غسل ) کیونکہ میرے عقد نکاح میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادی ( فاطمہ رضی اللہ عنہا ) ہیں ، اس لیے میں ( خود ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھتے ہوئے شرما رہا ہوں ، تو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کے متعلق پوچھا ، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جب تم میں سے کوئی ایسا پائے تو اپنی شرمگاہ پر پانی چھڑک لے اور نماز کے وضو کی طرح وضو کرے “ ۔
حضرت مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے ان سے کہا کہ وہ رسول اللہ ﷺ سے اس آدمی کے بارے میں پوچھیں جو اپنی بیوی سے قریب ہوتا ہے تو اس سے مذی نکلتی ہے، تو اس پر کیا واجب ہے؟ ”چونکہ آپ کی بیٹی میرے نکاح میں ہے، اس لیے مجھے یہ پوچھتے ہوئے شرم آتی ہے،“ چنانچہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے اس بارے میں پوچھا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی یہ صورت حال پائے تو وہ اپنی شرم گاہ دھو لے اور نماز والا وضو کر لے۔“
أَخْبَرَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَبْدِ الْأَعَلَى ، قال : حَدَّثَنَا خَالِدٌ ، عَنْ شُعْبَةَ ، قال : أَخْبَرَنِي سُلَيْمَانُ ، قال : سَمِعْتُ مُنْذِرًا ، عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَلِيٍّ ، عَنْ عَلِيٍّ ، قال : " اسْتَحْيَيْتُ أَنْ أَسْأَلَ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ الْمَذْيِ مِنْ أَجْلِ فَاطِمَةَ ، فَأَمَرْتُ الْمِقْدَادَ بْنَ الْأَسْوَدِ ، فَسَأَلَهُ ، فَقَالَ فِيهِ : الْوُضُوءُ " .
´علی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے فاطمہ رضی اللہ عنہا کی وجہ سے مذی کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے خود پوچھنے میں شرم محسوس کی ، تو مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ کو حکم دیا تو انہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا : آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اس میں وضو واجب ہوتا ہے “ ۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ بیان کرتے ہیں کہ مجھے حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی وجہ سے شرم آتی تھی کہ میں رسول اللہ ﷺ سے مذی کے بارے میں پوچھوں، چنانچہ میں نے مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ سے کہا تو انہوں نے آپ ﷺ سے پوچھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا: ”اس میں وضو ہے۔“