حدیث نمبر: 2709
أَخْبَرَنَا قُتَيْبَةُ ، قَالَ : حَدَّثَنَا حَمَّادٌ ، عَنْ عَبْدِ الْعَزِيزِ ، عَنْ أَنَسٍ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " نَهَى عَنِ التَّزَعْفُرِ " , قَالَ حَمَّادٌ : يَعْنِي : لِلرِّجَالِ .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´انس بن مالک رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے زعفران استعمال کرنے سے روکا ہے ۔ حماد ( جو اس حدیث کے راوی ہیں ) کہتے ہیں : یعنی مردوں کے لیے ممانعت ہے ۔

حوالہ حدیث سنن نسائي / كتاب مناسك الحج / حدیث: 2709
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
تخریج حدیث «انظر حدیث رقم: 2707 (تحفة الأشراف: 1011)، مسند احمد (3/187) (صحیح)»
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 5846 | صحيح مسلم: 2101 | سنن ترمذي: 2815 | سنن ابي داود: 4179 | سنن نسائي: 2707 | سنن نسائي: 2708 | سنن نسائي: 5258

تشریح، فوائد و مسائل

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5846 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
5846. حضرت انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے مردوں کو زعفرانی رنگ استعمال کرنے سے منع فرمایا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5846]
حدیث حاشیہ: عبدالعزیز بن رفیع مشہور عالم ثقہ تابعین میں سے ہیں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کے شاگرد ہیں۔
71 سا ل کی عمرپائی۔
حدیث اورباب کا مطلب واضح ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 5846 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 5846 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
5846. حضرت انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے مردوں کو زعفرانی رنگ استعمال کرنے سے منع فرمایا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:5846]
حدیث حاشیہ:
(1)
زعفران کی خوشبو کا استعمال مردوں کے لیے ناجائز ہے کیونکہ یہ عورتوں کی خوشبو ہے۔
حضرت عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ میں رات کے وقت اپنے گھر آیا اور میرے ہاتھوں پر زخم تھے۔
میرے ہاتھوں پر گھر والوں نے زعفران لگایا۔
جب میں صبح کے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سلام عرض کیا۔
آپ نے میرے سلام کا جواب نہ دیا اور نہ مجھے خوش آمدید ہی کہا۔
فرمایا: جاؤ اسے دھو کر آؤ۔
میں اس کے اثرات ختم کر کے دوبارہ حاضر خدمت ہوا تو آپ نے میرے سلام کا جواب بھی دیا اور مجھے خوش آمدید بھی کہا۔
(سنن أبي داود، السنة، حدیث: 4601)
اس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: اللہ کے فرشتے نہ تو کافر کے جنازے میں شریک ہوتے ہیں اور نہ اس کے گھر ہی آتے ہیں جو زعفران کی خوشبو لگانے والا ہو۔
۔
۔
(سنن أبي داود، الترجل، حدیث: 4176) (2)
البتہ عورتیں زعفران اور زعفرانی رنگ استعمال کر سکتی ہیں۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 5846 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 2101 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مرد کو زعفران لگانے سے منع کیا ہے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:5507]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: زعفران لگانے سے آپﷺ نے کیوں منع فرمایا ہے، اس میں اختلاف ہے، بعض لوگوں کے نزدیک رنگ اور خوشبو ہونے کی بنا پر منع فرمایا ہے، کیونکہ رنگ دار خوشبو عورتوں کے لیے ہے، اس لیے اگر اس سے خوشبو زائل کر دی جائے تو اس کا لگانا، یا کپڑا رنگنا مردوں کے لیے بھی جائز ہے، بعض نے پیلا رنگ ہونے کی بنا پر منع کیا ہے، امام شافعی اور احناف کے نزدیک زعفران سے کپڑے رنگنا جائز نہیں ہے لیکن امام مالک اور بعض دوسرے علماء کے نزدیک یہ ممانعت محرم (احرام باندھنے والا)
کے ساتھ خاص ہے، حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کی بخاری شریف میں روایت ہے کہ میں زرد رنگ میں کپڑے اس لیے رنگتا ہوں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو زرد رنگ میں رنگے ہوئے کپڑے پہنے دیکھا ہے، مسلم شریف میں بھی یہ روایت باب الحج میں گزر چکی ہے اور زعفران کا رنگ بھی زرد ہے، لیکن اگر خوشبو ممانعت کا سبب ہو تو پھر یہ حدیث زعفران کے جواز کی دلیل نہیں بن سکتی۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2101 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 4179 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´مردوں کے لیے زعفران لگانا کیسا ہے؟`
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مردوں کو زعفران لگانے سے منع فرمایا ہے۔ اور اسماعیل کی روایت میں «عن التزعفر للرجال» کے بجائے «أن يتزعفرالرجل» ہے۔ [سنن ابي داود/كتاب الترجل /حدیث: 4179]
فوائد ومسائل:
عورتوں کے لیئے گھر کے اندر خاوند کے سامنے زعفران یا دیگر خوشبوؤں کا استعمال جائز ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4179 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 5258 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´زعفرانی رنگ سے رنگنے کا بیان۔`
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مردوں کو زعفرانی رنگ لگانے سے منع فرمایا ہے۔ [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5258]
اردو حاشہ: مرد کے لیے اپنے جسم کو زعفران لگانے متفقہ حرام ہے۔ ڈاڑھی کو لگانا متفقہ حلال ہے اور کپڑوں کولگانا مختلف فیہ ہے۔ عورتوں کےلیے جسم میں بھی جائز ہے اور کپڑوں میں بھی۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5258 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 2708 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´محرم کے لیے زعفران کے استعمال کا بیان۔`
انس بن مالک رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے کہ آدمی (حالت احرام میں) زعفران لگائے۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2708]
اردو حاشہ: عورت احرام کے علاوہ زعفران لگا سکتی ہے، جسم کو بھی اور کپڑوں کو بھی۔ احرام کی حالت میں اس کے لیے بھی منع ہے۔ کیونکہ یہ خوشبو ہے اور احرام کی حالت میں مرد اور عورت دونوں کے لیے خوشبو کا استعمال منع ہے۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2708 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 2707 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´محرم کے لیے زعفران کے استعمال کا بیان۔`
انس رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے کہ آدمی (حالت احرام میں) زعفران لگا۔ [سنن نسائي/كتاب مناسك الحج/حدیث: 2707]
اردو حاشہ: چونکہ زعفران خوشبو کے ساتھ ساتھ رنگ بھی ہے اور مرد کے لیے رنگ والی چیز بطور زینت لگانا درست نہیں، لہٰذا مرد کے لیے کسی بھی حال میں زعفران استعمال کرنا درست نہیں۔ احرام میں تو بدرجۂ اولیٰ منع ہوگا۔ اسی طرح زعفران سے رنگے ہوئے کپڑے پہننا بھی مرد کے لیے ہر حال میں منع ہیں۔ احرام میں بدرجۂ اولیٰ ناجائز ہوں گے۔ اس بارے میں صریح روایات پیچھے گزر چکی ہیں۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 2707 سے ماخوذ ہے۔