حدیث نمبر: 174
وَبِهَذَا، عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: ((إِنَّ شَرَّ النَّاسِ سَرِقَةً الَّذِي يَسْرِقُ مِنْ صَلَاتِهِ)) قِيلَ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، وَكَيْفَ يَسْرِقُ مِنْ صَلَاتِهِ؟ قَالَ: ((لَا يُتِمُّ رُكُوعَهَا وَلَا سُجُودَهَا)) .
ترجمہ: محمد سرور گوہر

اسی سند سے ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”بدترین چور وہ ہے جو اپنی نماز کی چوری کرتا ہے۔“ عرض کیا گیا: اللہ کے رسول! وہ اپنی نماز کی چوری کس طرح کرتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا: ”وہ اس کا رکوع پورا کرتا ہے نہ اس کا سجود۔“

حوالہ حدیث مسند اسحاق بن راهويه / كتاب الصلوٰة / حدیث: 174
تخریج حدیث «مسند احمد : 310 . صحيح الجامع الصغير ، رقم : 986 . صحيح ترغيب وترهيب ، رقم : 524 .»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ حافظ عبدالشکور ترمذی
اسی سند سے ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’بدترین چور وہ ہے جو اپنی نماز کی چوری کرتا ہے۔‘‘ عرض کیا گیا: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! وہ اپنی نماز کی چوری کس طرح کرتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’وہ اس کا رکوع پورا کرتا ہے نہ اس کا سجود۔‘‘
[مسند اسحاق بن راهويه/حدیث:174]
فوائد:
مذکورہ بالاحدیث سے معلوم ہوا رکوع وسجود کا مکمل نہ کرنا چوری ہے اور جو رکوع وسجود مکمل نہیں کرتا ایسے انسان کی نماز بھی باطل ہے۔
جیسا کہ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ نے ایک شخص کو دیکھا جو رکوع وسجود مکمل طور پر نہیں کر رہا تھا، آپ رضی اللہ عنہ نے اس سے کہا: تم نے نماز ہی نہیں پڑھی اور اگر تم مر گئے تو تمہاری موت اس سنت پر نہیں ہوگی۔ جس پر اللہ تعالیٰ نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو پیدا کیا تھا۔ (بخاري، کتاب الاذان، رقم: 791) معلوم ہوا رکوع اور سجدہ اطمینان سے کرنا چاہیے۔
درج بالا اقتباس مسند اسحاق بن راھویہ، حدیث/صفحہ نمبر: 174 سے ماخوذ ہے۔