مسند أبي يعلى الموصلي
مسند أنس بن مالك— انس بن مالک کی مرویات کا بیان۔
مُسْنَدُ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ باب: انس بن مالک کی مرویات کا بیان۔
حَدَّثَنَا وَهْبٌ ، أَخْبَرَنَا خَالِدٌ ، عَنْ حُمَيْدٍ ، عَنْ أَنَسٍ ، قَالَ : نُودِيَ بِالصَّلَاةِ ، فَقَامَ مَنْ كَانَ مَنْزِلُهُ قَرِيبَ الْمَسْجِدِ فَتَوَضَّأَ ، وَبَقِيَ مَنْ كَانَ نَائِيًا عَنِ الْمَسْجِدِ ، وَأَتَى رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِمِخْضَبٍ فِيهِ مَاءٌ ، فَضَمَّ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَصَابِعَهُ فِيهِ مِنْ ضِيقِهِ ، فَتَوَضَّأَ مِنْهُ الْقَوْمُ ، قَالَ : وَهُمْ زُهَاءُ ثَمَانِينَ رَجُلًا .
سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ”نماز کے لیے پکارا گیا (اذان دی گئی) تو جن لوگوں کے گھر مسجد کے قریب تھے وہ چلے گئے اور انہوں نے (وہاں جا کر) وضو کر لیا، جبکہ وہ لوگ (مسجد ہی میں) باقی رہ گئے جن کے مکانات مسجد سے دور تھے، پھر رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں پتھر یا تانبے کا ایک لگن لایا گیا جس میں تھوڑا سا پانی تھا، تو نبی اکرم ﷺ نے اس برتن کے تنگ ہونے کی وجہ سے اپنی مبارک انگلیاں سمیٹ کر اس میں رکھ دیں، پھر تمام لوگوں نے اسی سے وضو کر لیا“، حمید رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ ”ان لوگوں کی تعداد تقریباً اسی (80) مردوں کے لگ بھگ تھی“۔