مسند أبي يعلى الموصلي
أول مسند ابن عباس— ابن عباس کی مرویات کا بیان۔
أَوَّلُ مُسْنَدِ ابْنِ عَبَّاسٍ باب: ابن عباس کی مرویات کا بیان۔
أَخْبَرَنَا أَبُو يَعْلَى أَحْمَدُ بْنُ عَلِيِّ بْنِ الْمُثَنَّى الْمَوْصِلِيُّ ، حَدَّثَنَا زُهَيْرٌ ، حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ يُوسُفَ الْأَزْرَقُ ، عَنْ عَوْفٍ الْأَعْرَابِيِّ ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ أَبِي الْحَسَنِ قَالَ : كُنْتُ عِنْدَ ابْنِ عَبَّاسٍ إِذْ أَتَاهُ رَجُلٌ ، فَقَالَ : إِنِّي إِنْسَانٌ إِنَّمَا مَعِيشَتِي مِنْ صَنْعَةِ يَدِي ، وَإِنِّي أَصْنَعُ هَذِهِ التَّصَاوِيرَ ، فَقَالَ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللهِ - صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ - يَقُولُ : مَنْ صَوَّرَ صُورَةً فَإِنَّ اللهَ يُعَذِّبُهُ يَوْمَ الْقِيَامَةِ حَتَّى يَنْفُخَ فِيهَا الرُّوحَ ، وَلَيْسَ بِنَافِخٍ فِيهَا أَبَدًا ، قَالَ : فَرَبَا لَهَا الرَّجُلُ رَبْوَةً شَدِيدَةً ، وَاصْفَرَّ وَجْهُهُ ، فَقَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ : وَيْحَكَ إِنْ أَبَيْتَ إِلَّا أَنْ تَصْنَعَ ، فَعَلَيْكَ بِهَذَا الشَّجَرِ ، وَكُلِّ شَيْءٍ لَيْسَ فِيهِ رُوحٌ .
سعید بن ابی الحسن رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کی خدمت میں حاضر تھا کہ اتنے میں ایک شخص ان کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ میں ایک ایسا انسان ہوں جس کا ذریعہ معاش میرے ہاتھ کی دستکاری ہے اور میں یہ تصویریں بناتا ہوں، تو سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا ہے: ”جس شخص نے کوئی تصویر بنائی، یقیناً اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن عذاب دیتا رہے گا یہاں تک کہ وہ اس میں روح پھونک دے، حالانکہ وہ اس میں کبھی بھی روح نہیں پھونک سکے گا“، راوی کہتے ہیں کہ یہ سن کر وہ شخص سخت گھبرا گیا اور خوف کے مارے اس کا چہرہ زرد پڑ گیا، تو سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے (اس کی حالت دیکھ کر) فرمایا: ”تیرا بھلا ہو! اگر تو نے تصویر سازی کرنی ہی ہے تو ان درختوں کی تصاویر بنا لیا کر اور ہر اس چیز کی جس میں روح نہ ہو۔“