صحيح مسلم
كتاب الجمعة— جمعہ کے احکام و مسائل
باب صَلاَةِ الْجُمُعَةِ حِينَ تَزُولُ الشَّمْسُ: باب: سورج ڈھلنے کے وقت جمعہ کی نماز پڑھنے کا بیان۔
وحَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ يَحْيَى ، وَإسحاق بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، قَالَا : أَخْبَرَنَا وَكِيعٌ ، عَنْ يَعْلَى بْنِ الْحَارِثِ الْمُحَارِبِيِّ ، عَنْ إِيَاسِ بْنِ سَلَمَةَ بْنِ الْأَكْوَعِ ، عَنْ أَبِيهِ ، قَالَ : " كُنَّا نُجَمِّعُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا زَالَتِ الشَّمْسُ ، ثُمَّ نَرْجِعُ نَتَتَبَّعُ الْفَيْءَ " .وکیع نے یعلیٰ بن حارث محاربی سے روایت کی، انہوں نے ایاس بن سلمہ بن اکوع سے اور انہوں نے اپنے والد (حضرت سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ) سے روایت کی، انہوں نے کہا: جب سورج ڈھلتا ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جمعہ پڑھتے، پھر ہم سایہ تلاش کرتے ہوئے لوٹتے۔
حضرت سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ”ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جمعہ آفتاب کے زوال پر پڑھتے تھے، پھر واپس لوٹتے اور سایہ تلاش کرتے تھے۔“
وحَدَّثَنَا إسحاق بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، أَخْبَرَنَا هِشَامُ بْنُ عَبْدِ الْمَلِكِ ، حَدَّثَنَا يَعْلَى بْنُ الْحَارِثِ ، عَنْ إِيَاسِ بْنِ سَلَمَةَ بْنِ الْأَكْوَعِ ، عَنْ أَبِيهِ ، قَالَ : " كُنَّا نُصَلِّي مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْجُمُعَةَ فَنَرْجِعُ ، وَمَا نَجِدُ لِلْحِيطَانِ فَيْئًا نَسْتَظِلُّ بِهِ " .ہشام بن عبدالملک نے یعلیٰ بن حارث سے باقی ماندہ اسی سند کے ساتھ روایت کی ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جمعہ پڑھتے پھر لوٹتے تو ہمیں دیواروں کا اتنا بھی سایہ نہ ملتا کہ ہم (سورج سے) اس کی اوٹ لے سکیں۔
حضرت سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ”ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جمعہ پڑھتے اور واپس لوٹتے تو دیواروں کا سایہ اس قدر نہ ہوتا کہ ہم ان کے سایہ میں چل سکتے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
اورخطبہ لمبا چوڑا نہیں دیتےتھے۔
کیونکہ نماز جمعہ کے بعد دیواروں کا سایہ بہت نہیں پھیلا ہوتا تھا کہ انسان اس کی آڑ میں آرام سے چل سکے۔
جس سے معلوم ہوتا ہے کہ آپﷺ جمعہ زوالِ آفتاب سے پہلے شروع کرتے تھے۔
اور امام احمد رحمۃ اللہ علیہ اور امام اسحاق رحمۃ اللہ علیہ کا مؤقف یہی ہے اور مختلف روایات کو سامنے رکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ آپﷺ نے بعض دفعہ جمعہ زوال سے پہلے شروع کیا ہے۔
لیکن آپﷺ کی عام عادت مبارکہ یہ تھی کہ آپﷺ جمعہ زوال کے بعد شروع کرتے تھے لیکن وقت زیادہ نہیں لگاتے تھے۔
لیکن مولانا صفی الرحمان رحمۃ اللہ علیہ کے بقول مدینہ منورہ میں ہیں زوال کے وقت سایہ بہت کم ہوتا ہے۔
یعنی آدھی بالشت سے بھی کم ہوتا ہے۔
اس لیے اگر جمعہ زوال کے فوراً بعد شروع کر دیا جائے تو جمعہ کے بعد دیواروں کا سایہ اس قدر نہیں ہوتا کہ اس میں چلا جا سکے۔
سلمہ بن الاکوع رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جمعہ پڑھتے تھے پھر نماز سے فارغ ہو کر واپس آتے تھے اور دیواروں کا سایہ نہ ہوتا تھا۔ [سنن ابي داود/تفرح أبواب الجمعة /حدیث: 1085]
سلمہ بن الاکوع رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ہم نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جمعہ کی نماز پڑھتے تھے، پھر گھروں کو واپس ہوتے تو دیواروں کا سایہ اتنا بھی نہ ہوتا تھا کہ ہم اس سایہ میں چل سکیں۔ [سنن ابن ماجه/كتاب إقامة الصلاة والسنة/حدیث: 1100]
فوائد و مسائل:
(1)
جمعے کی نماز بھی ظہر کی طرح زوال کے فوراً بعد ادا کی جاتی ہے۔
(2)
جمعے کا خطبہ مختصر ہونے کی وجہ سے جلد فراغت ہوجاتی تھی۔
جس کی وجہ سے دیواروں کا سایہ کافی نہیں ہوتا تھا۔
بعض علماء نے اس سے یہ استنباط کیا ہے کہ جمعے کی نماز زوال سے پہلے ادا کی جا سکتی ہے لیکن یہ بات درست نہیں۔
کیونکہ حجاز میں گرمی کے موسم میں زوال کے وقت بالکل سایہ نہیں ہوتا۔
جبکہ سردی کے موسم میں زوال کے وقت شمال کیطرف کافی طویل سایہ ہوجاتا ہے۔
اس وجہ سے گرمی کے ایّام میں زول سے کافی عرصہ بعد بھی سایہ مختصر ہوتا ہے۔
سیدنا سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جمعہ ادا کرتے تھے۔ جمعہ سے فارغ ہو کر جب ہم اپنے گھروں کو جاتے تو اس وقت دیواروں کا سایہ نہیں ہوتا تھا کہ جس سے سایہ لیا جا سکے۔ (یا سایہ میں چل کر پہنچ جاتے)۔ (بخاری و مسلم) متن حدیث کے الفاظ بخاری کے ہیں) اور مسلم میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز جمعہ ادا کرتے جب زوال ہو جاتا پھر واپس ہوتے۔ «بلوغ المرام/حدیث: 355»
«أخرجه البخاري، المغازي، باب غزوة الحديبية، حديث:4168، ومسلم، الجمعة، باب صلاة الجمعة حين تزول الشمس، حديث:860.»
تشریح: 1. اس حدیث سے ثابت ہوتا ہے کہ نبی ٔاکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں نماز جمعہ بہت جلد ادا کی جاتی تھی۔
2.اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ نماز جمعہ زوال سے پہلے بہرحال نہیں ہوتی تھی۔
اس کا وقت بھی نماز ظہر کا وقت ہے۔
علمائے اسلام کی اکثریت اسی طرف گئی ہے‘ البتہ امام احمد اور اسحٰق بن راہویہ ; کی رائے یہ ہے کہ جمعہ زوال سے پہلے بھی ہو جاتا ہے‘ نیز امام مالک رحمہ اللہ کے نزدیک خطبۂجمعہ تو زوال سے پہلے جائز ہے مگر نماز درست نہیں‘ وہ زوال آفتاب کے بعد ہی ہے۔
آج کل جمعے کی نماز ظہر کی نماز سے بھی زیادہ دیر سے پڑھتے ہیں جو سراسر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل کے مخالف ہے۔
خطباء و ائمۂ مساجد کو اس پر غور کرنا چاہیے۔
راویٔ حدیث:
«حضرت سلمہ بن اکوع رضی اللہ عنہ» ابو مسلم ان کی کنیت ہے۔
نام سلمہ بن عمرو بن اکوع ہے۔
اور اکوع کا نام سنان بن عبداللہ اسلمی مدنی ہے۔
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم میں سے نہایت بہادروں میں شمار ہوتے تھے۔
اتنے تیز رفتار تھے کہ دوڑنے میں گھوڑے سے بھی آگے نکل جاتے تھے۔
بہت سخی‘ فاضل اور بھلائی کا مجسمہ تھے۔
مدینہ منورہ میں ۷۴ ہجری میں وفات پائی۔