صحيح مسلم
كتاب الإيمان— ایمان کے احکام و مسائل
باب بَيَانِ حَالِ إِيمَانِ مَنْ رَغِبَ عَنْ أَبِيهِ وَهُوَ يَعْلَمُ: باب: علم کے باوجود اپنے باپ کے سوا اور کسی کا بیٹا کہلانے والے کے ایمان کا حال۔
حَدَّثَنِي عَمْرٌو النَّاقِدُ ، حَدَّثَنَا هُشَيْمُ بْنُ بَشِيرٍ ، أَخْبَرَنَا خَالِدٌ ، عَنْ أَبِي عُثْمَانَ ، قَالَ : لَمَّا ادُّعِيَ زِيَادٌ لَقِيتُ أَبَا بَكْرَةَ ، فَقُلْتُ لَهُ : مَا هَذَا الَّذِي صَنَعْتُمْ ؟ إِنِّي سَمِعْتُ سَعْدَ بْنَ أَبِي وَقَّاصٍ ، يَقُولُ : سَمِعَ أُذُنَايَ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَهُوَ يَقُولُ : " مَنِ ادَّعَى أَبًا فِي الإِسْلَامِ غَيْرَ أَبِيهِ ، يَعْلَمُ أَنَّهُ غَيْرُ أَبِيهِ ، فَالْجَنَّةُ عَلَيْهِ حَرَامٌ " ، فَقَالَ أَبُو بَكْرَةَ : وَأَنَا سَمِعْتُهُ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ .خالد نے ابوعثمان سے نقل کیا کہ جب زیاد کی نسبت (ابوسفیان رضی اللہ عنہ کی طرف ہونے) کا دعویٰ کیا گیا تھا تو میں جناب ابوبکر رضی اللہ عنہ سے ملا اور پوچھا: یہ تم لوگوں نے کیا کیا؟ میں نے سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہہ رہے تھے کہ میرے دونوں کانوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ فرما رہے تھے: ”جس نے اسلام کی حالت میں اپنے حقیقی باپ کے سوا کسی اور کو باپ بنانے کا دعویٰ کیا اور وہ جانتا ہے کہ وہ اس کا باپ نہیں تو اس پر جنت حرام ہے۔“ اس پر حضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: خود میں نے بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہی سنا ہے۔
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا يَحْيَي بْنُ زَكَرِيَّاءَ بْنِ أَبِي زَائِدَةَ ، وَأَبُو مُعَاوِيَةَ ، عَنْ عَاصِمٍ ، عَنْ أَبِي عُثْمَانَ ، عَنْ سَعْدٍ وأبى بكرة كلاهما ، يَقُولُ : سَمِعَتْهُ أُذُنَايَ ، وَوَعَاهُ قَلْبِي مُحَمَّدًا صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ : " مَنِ ادَّعَى إِلَى غَيْرِ أَبِيهِ ، وَهُوَ يَعْلَمُ أَنَّهُ غَيْرُ أَبِيهِ ، فَالْجَنَّةُ عَلَيْهِ حَرَامٌ " .عاصم نے ابوعثمان سے اور انہوں نے حضرت سعد اور حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی ہے کہ وہ دونوں کہتے تھے: یہ بات میرے دونوں کانوں نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی (اور میرے دل نے یاد رکھی) کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا: ”جس نے اپنے والد کے سوا کسی اور کو والد بنانے کا دعویٰ کیا، حالانکہ وہ جانتا ہے کہ وہ اس کا والد نہیں ہے، تو اس پر جنت حرام ہے۔“
تشریح، فوائد و مسائل
اس حدیث میں اس واقعہ کیطرف اشارہ ہے کہ حضرت معاویہ ؓ نے ابوبکرہ ؓ کے ماں کی طرف سے بھائی زیاد کو اپنا بھائی قرار دیا تھا، دونوں کی ماں سمیہ نامی لونڈی تھی۔
واقعہ کی اصل حقیقت یہ ہے کہ جاہلیت کے دور میں نکاح کی مختلف صورتیں تھیں، جیسا کہ حضرت عائشہ ؓ کی بخاری میں روایت ہے، ان میں سے ایک صورت یہ تھی کہ بہت سے لوگ کسی عورت سے تعلقات قائم کرتے اور جب وہ بچہ جنتی تو ان سب کو بلا لیتی اور اپنے بچہ کو ان میں سے کسی ایک کا قرار د دیتی اور اس کو اس کی بات تسلیم کرنا پڑتی، وہ اس کے باپ ہونے کا انکار نہیں کر سکتا تھا، اور وہ اس کا بیٹا تصورہوتا تھا۔
جاہلیت کے دور میں ابو سفیان ؓ کسی کام سے طائف گئے، وہاں سمیہ سے تعلقات قائم کیے، جب بچہ پیدا ہوا تو سمیہ نے اس کو ابو سفیان ؓ کا بیٹا قرار دیا، ابو سفیان ؓ کے لیے اس کے اقرار کے سوا کوئی چارہ نہ تھا، اس نے مان لیا۔
چونکہ یہ معاملہ طائف میں پیش آیا تھا، اس لیے اس کا عام چرچا نہ ہوا تھا، حضرت معاویہ ؓ نے چند لوگوں کی گواہی پر اس نسب کو تسلیم کر لیا، کیونکہ اسلام کے بعد جاہلیت کے نسبوں کا انکار نہیں ہوا تھا، لیکن چونکہ اس چیز کی شہرت عام نہ تھی، اس لیے بعض صحابہ کرام ؓ کو اس پر اعتراض تھا، جبکہ شرعی طور پر اس میں کوئی قابل اعتراض بات نہیں ہے، کیونکہ یہ جاہلیت کے دور کی بات ہے، جس میں اس نسب کو صحیح تسلیم کیا جاتا تھا۔
جاہلیت کے دور میں لوگ خود اپنی لونڈی سے یہ کسب کراتے تھے، جیسا کہ سورہ نور میں ہے، اس لیے اس پر اسلام کا اصول نافذ نہیں ہوگا، کیونکہ واقعہ پہلے کا ہے۔
لیکن تشریح "الْوَلَدُ لِلْفِرَاشِ" کے خلاف ہے، کیونکہ اگر چہ ابوسفیان ؓ نے زنا کیا تھا مگر بچہ قانونی طور پر اس لونڈی کے مالک کا بیٹا کہلائے گا۔
محترم حافظ عبدالسلام حفظہ اللہ کااعتراض درست نہیں ہے جاہلیت کے دور کے نسبوں کو اسلامی اصولوں پر نہیں پرکھا جا سکتا وگرنہ حضرت معاویہ ؓ کبھی اس حرکت کا ارتکاب نہ کرتے، وہ اسلام کے ہم سے زیادہ شیدائی تھے، اس طرح بہت سے نسب مشکوک ہوجائیں گے۔
اور وہ اسلام کے اصول "لِلْعَاهِرِ" سے ناواقف نہ تھے، امام ابوبکر ابن العربی مالکیؒ نے "العواصم من القواصم" ص: 235 پر حضرت معاویہ ؓ کے فعل کو صحیح قرار دیا ہے، تفصیلی بحث کے ليے دیکھئے: سیدنا معاویہ ؓ شخصیت وکردار: (2/64 تا 72)
، از حکیم محمود احمد ظفر سیالکوٹی۔