حدیث نمبر: 2740
حَدَّثَنَا سَعِيدُ بْنُ مَنْصُورٍ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ وَمُعْتَمِرُ بْنُ سُلَيْمَانَ ، عَنْ سُلَيْمَانَ التَّيْمِيِّ ، عَنْ أَبِي عُثْمَانَ النَّهْدِيِّ ، عَنْ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَا تَرَكْتُ بَعْدِي فِتْنَةً هِيَ أَضَرُّ عَلَى الرِّجَالِ مِنَ النِّسَاءِ " .

سعید بن منصور نے کہا: ہمیں سفیان اور معتمر بن سلیمان نے سلیمان تیمی سے حدیث بیان کی، انہوں نے ابوعثمان نہدی سے اور انہوں نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نے اپنے بعد کوئی آزمائش نہیں چھوڑی جو مردوں کے لیے عورتوں (کی آزمائش) سے بڑھ کر نقصان پہنچانے والی ہو۔“

حوالہ حدیث صحيح مسلم / كتاب الرقاق / حدیث: 2740
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة
تخریج حدیث «أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة»

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عبد العزیز علوی
حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"میں نے اپنے بعد،مردوں کے لیے عورتوں سے زیادہ نقصان دہ فتنہ کوئی نہیں چھوڑا۔" [صحيح مسلم، حديث نمبر:6945]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اللہ تعالیٰ نے طبعی طور پر مردوں کے دلوں میں عورتوں کی کشش رکھی ہے، وہ ان کے حسن و جمال اور باتوں سے جلد متاثر ہو جاتے ہیں اور انسان ان کی خاطر گناہ کا مرتکب ہوتا ہے، اپنی اور دوسری دونوں قسم کی عورتیں اس کے لیے آزمائش اور فتنہ کا باعث بنتی ہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 2740 سے ماخوذ ہے۔