صحيح مسلم
كتاب الفضائل— انبیائے کرام علیہم السلام کے فضائل
باب صِفَةِ شَعْرِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: باب: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں کا بیان۔
حَدَّثَنَا شَيْبَانُ بْنُ فَرُّوخَ ، حَدَّثَنَا جَرِيرُ بْنُ حَازِمٍ ، حَدَّثَنَا قَتَادَةُ ، قَالَ : قُلْتُ لِأَنَسِ بْنِ مَالِكٍ : " كَيْفَ كَانَ شَعَرُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ؟ قَالَ : كَانَ شَعَرًا رَجِلًا ، لَيْسَ بِالْجَعْدِ ، وَلَا السَّبْطِ بَيْنَ أُذُنَيْهِ ، وَعَاتِقِهِ " .جریر بن حازم نے کہا: ہمیں قتادہ نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے پوچھا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال کیسے تھے؟ انہوں نے کہا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال تقریباً سیدھے تھے، بہت گھنگرالے نہ تھے نہ بالکل سیدھے، آپ کے کانوں اور کندھوں کے درمیان تک آتے تھے۔“
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، جبکہ قتادہ رحمہ اللہ نے ان سے پوچھا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال کیسے تھے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال درمیانے تھے، نہ گھنگھریالے اور نہ بالکل کھلے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کانوں اور کندھوں کے درمیان پڑتے تھے۔
حَدَّثَنِي زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ ، حَدَّثَنَا حَبَّانُ بْنُ هِلَالٍ . ح وحَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، حَدَّثَنَا عَبْدُ الصَّمَدِ ، قَالَا : حَدَّثَنَا هَمَّامٌ ، حَدَّثَنَا قَتَادَةُ ، عَنْ أَنَسٍ : " أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، كَانَ يَضْرِبُ شَعَرُهُ مَنْكِبَيْهِ " .ہمام نے کہا: ہمیں قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال کندھوں تک آتے تھے۔“
حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) کے کندھوں پر پڑتے تھے۔
حَدَّثَنَا يَحْيَي بْنُ يَحْيَي ، وَأَبُو كُرَيْبٍ ، قَال : حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ ابْنُ عُلَيَّةَ ، عَنْ حُمَيْدٍ ، عَنْ أَنَسٍ ، قَالَ : " كَانَ شَعَرُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَى أَنْصَافِ أُذُنَيْهِ " .حمید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال کانوں کے وسط تک تھے۔“
حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کانوں کے آدھے حصے تک پہنچتے تھے۔
تشریح، فوائد و مسائل
جعد: گھنگھریالے، سبط، کھلے۔
رجل: کنگھی کئے ہوئے۔
(1)
بالوں کی تین قسمیں ہیں: ٭ وفرہ: وہ بال جو کانوں کی لو تک ہوں۔
٭ جمہ: وہ بال جو کندھوں اور کانوں کے درمیان ہوں۔
٭ لمہ: وہ بال جو کندھوں تک پہنچ جائیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بالوں کی تینوں قسمیں احادیث میں مروی ہیں۔
یہ مختلف اوقات اور مختلف حالات کے اعتبار سے ہے۔
(2)
دراصل آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال خمیدہ تھے۔
آپ جب کنگھی کرتے تو کندھوں تک یا ان کے قریب پہنچ جاتے اور کچھ وقت گزر جانے کے بعد آپ کے بال خم دار ہو جاتے اور کانوں کی لو تک پہنچ جاتے۔
جس نے کنگھی کیے ہوئے بال دیکھے اس نے بیان کیا کہ آپ کے موئے مبارک کندھوں تک تھے اور جس نے دوسری حالت کو دیکھا اس نے کانوں کی لو تک روایت کیا، یعنی ہر راوی نے وہی بتایا جس کا اس نے مشاہدہ کیا۔
واللہ أعلم (فتح الباري: 439/10)
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بال درمیانے قسم کے تھے، نہ بہت گھنگرالے تھے، نہ بہت سیدھے، کانوں اور مونڈھوں کے بیچ تک ہوتے تھے۔ [سنن نسائي/كتاب الزينة من السنن/حدیث: 5056]
(2) کانوں اور کندھوں کے درمیان‘ معلوم ہوتا ہے کہ آپ کانوں کے نچلے حصے کے برابر بال کاٹ لیتے ہوں گے۔ جب وہ بڑھتے بڑھتے کندھوں کو لگنے لگتے تو پھر کاٹ دیتے۔ یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ آپ سر جھکاتے تو آپ کے بال مبارک کانوں کے برابر محسوس ہوتے اور جب سرمبارک اٹھاتے تو کندھوں کولگتے تھے۔ عام حالات میں کانوں اور کندھوں کے درمیان رہتے۔ واللہ أعلم۔
(3) دونوں صورتوں میں بال کٹوانے پر دلالت ہوتی ہے۔
(4) اس حدیث مبارکہ سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ ڈاڑھی اور سرکے بالوں کا حکم الگ الگ ہے۔ سر کے بال کٹوانا اورمنڈوانا دونوں جائز ہیں جبکہ ڈاڑھی کےبال کٹوانا اور منڈوانا دونوں ناجائز اور حرام کام ہیں۔5۔ رسول اللہ ﷺ حسن تخلیق کا شاہکار تھے، اس لیے نیم گھنگریالے بال ہی حسن و جمال کی علامت ہوں گے جیسا کہ نبی ﷺ کے بال تھے۔
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال کان کے آدھے حصہ تک ہوتے تھے۔ [سنن نسائي/كتاب الزينة من السنن/حدیث: 5064]
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال آدھے کانوں تک تھے۔ [سنن نسائي/كتاب الزاينة (من المجتبى)/حدیث: 5236]
انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال دونوں کانوں اور مونڈھوں کے درمیان سیدھے تھے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب اللباس/حدیث: 3634]
فوائد ومسائل: (1)
سیدھے کا مطلب یہ ہے کہ بہت زیادہ گھنگریالے نہیں تھے بلکہ ہلکے سے خم دار تھے۔
(2)
جب بال کٹوا لیے جاتے تو کانوں کی لو تک ہوتے تھے جب بڑھ جاتے تو بعض اوقات کندھوں تک پہنچ جاتے تھے۔
(3)
حج اور عمرے کے موقع پر رسول اللہ ﷺسر کے سارے بال اتروا دیتے تھے۔