صحيح مسلم
كتاب الأشربة— مشروبات کا بیان
باب فِي ادِّخَارِ التَّمْرِ وَنَحْوِهِ مِنَ الأَقْوَاتِ لِلْعِيَالِ: باب: کھجور یا اور کوئی غلہ وغیرہ بال بچوں کے لیے جمع کر رکھنا۔
حَدَّثَنِي عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ الدَّارِمِيُّ ، أَخْبَرَنَا يَحْيَي بْنُ حَسَّانَ ، حَدَّثَنَا سُلَيْمَانُ بْنُ بِلَالٍ ، عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَائِشَةَ ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " لَا يَجُوعُ أَهْلُ بَيْتٍ عِنْدَهُمُ التَّمْرُ " .عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ایسے گھر کے لوگ بھوکے نہیں رہتے جن کے پاس کھجوریں ہوں۔“
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس گھر کے افراد بھوکے نہیں رہتے، جن کے پاس کھجوریں ہوں۔“
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْلَمَةَ بْنِ قَعْنَبٍ ، حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ بْنُ مُحَمَّدِ بْنِ طَحْلَاءَ ، عَنْ أَبِي الرِّجَالِ مُحَمَّدِ بْنِ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، عَنْ أُمِّهِ ، عَنْ عَائِشَةَ ، قَالَتْ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَا عَائِشَةُ : " بَيْتٌ لَا تَمْرَ فِيهِ جِيَاعٌ أَهْلُهُ ، يَا عَائِشَةُ بَيْتٌ لَا تَمْرَ فِيهِ جِيَاعٌ أَهْلُهُ أَوْ جَاعَ أَهْلُهُ " . قَالَهَا مَرَّتَيْنِ أَوْ ثَلَاثًا .ابوالرجال محمد بن عبدالرحمٰن نے اپنی والدہ (عمرہ بنت عبدالرحمان انصاریہ) سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عائشہ ! جس گھر میں کھجوریں نہ ہوں اس میں رہنے والے بھوکے ہیں عائشہ! جس گھر میں کھجوریں نہ ہوں اس میں رہنے والے بھوکے ہیں۔ جس گھر میں کھجوریں نہ ہوں اس میں رہنے والے بھوکے ہیں۔ (یا فرمایا) اس گھر کے لوگ بھوکے رہ جاتے ہیں۔“ آپ نے یہ کلمات دو یا تین بار فرمائے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے عائشہ! وہ گھر جس میں کھجوریں موجود نہیں، اس کے باشندے بھوکے ہیں، اے عائشہ! جس گھر میں کھجوریں نہیں، اس کے مالک بھوکے ہیں۔“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بات دو تین مرتبہ فرمائی۔
تشریح، فوائد و مسائل
ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس گھر میں کھجور نہیں اس گھر کے لوگ بھوکے ہیں " ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الأطعمة/حدیث: 1815]
وضاحت:
1؎:
یہ اس وقت کی بات ہے جب لوگوں کی اصل غذا صرف کھجورتھی، یہ بھی ممکن ہے کہ اس سے کھجور کی اہمیت بتانا مقصود ہو، آج بھی جس علاقہ اور جگہ کی کوئی خاص چیز ہوتی ہے جو وہاں کے لوگوں کی اصل غذا ہو تو اس کی طرف نسبت کرکے اس کی اہمیت واضح کی جاتی ہے۔
حدیث کے ظاہری معانی کے پیش نظرکھجورکے فوائد کی بناپر گھرمیں ہروقت کھجورکی ایک مقدار ضرور رہنی چاہئے۔
ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جس گھر میں کھجور نہ ہو اس گھر کے لوگ فاقہ سے ہوں گے ۱؎۔" [سنن ابي داود/كتاب الأطعمة /حدیث: 3831]
فائدہ: علامہ طیبی کہتے ہیں۔
کہ اس فرمان میں جن علاقوں میں کھجور زیادہ ہوتی ہے۔
وہاں کے لوگوں کو بالخصوص ترغیب دی گئی ہے۔
کہ اس سے خوب استفادہ کیا کریں۔
اور دیگر مسلمانوں کو بھی چاہیے کہ اس مبارک پھل سے فائدہ اٹھایا کریں۔
نیز اس کی کاشت بڑھانا مادی لحاظ سے بھی بہت نفع آور ہے۔