حدیث نمبر: 1041
حَدَّثَنَا أَبُو كُرَيْبٍ ، وَوَاصِلُ بْنُ عَبْدِ الْأَعْلَى ، قَالَا : حَدَّثَنَا ابْنُ فُضَيْلٍ ، عَنْ عُمَارَةَ بْنِ الْقَعْقَاعِ ، عَنْ أَبِي زُرْعَةَ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ سَأَلَ النَّاسَ أَمْوَالَهُمْ تَكَثُّرًا ، فَإِنَّمَا يَسْأَلُ جَمْرًا ، فَلْيَسْتَقِلَّ أَوْ لِيَسْتَكْثِرْ " .

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص مال بڑھانے کے لئے لوگوں سے ان کا مال مانگتا ہے وہ آگ کے انگارے مانگتا ہے، کم (اکھٹے) کرلے یا زیادہ کرلے۔“

حوالہ حدیث صحيح مسلم / كتاب الزكاة / حدیث: 1041
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ابن ماجه: 1838 | بلوغ المرام: 517

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عبد العزیز علوی
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو لوگوں سے ان کا مال اپنا مال بڑھانے کے لیے مانگتا ہے وہ تو بس آگ کا انگارہ مانگتا ہے کم کر لے یا بڑھالے زیادہ کر لے۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:2399]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: بلا ضرورت اور مجبوری کے محض مال میں اضافہ کی حرص و ہوس کی خاطر سوال کرنا ناجائز ہے جو قیامت کے دن انسان کے لیے ذلت ورسوائی کا باعث ہو گا انسان اپنے چہرے کی رونق و حسن گوشت سے محروم ہو گا اور یہ درہم اس کے لیے آگ کا انگارہ بنیں گے۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 1041 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابن ماجه / حدیث: 1838 کی شرح از مولانا عطا اللہ ساجد ✍️
´مالدار ہوتے ہوئے (بلا ضرورت) مانگنے پر وارد وعید کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے لوگوں سے مال بڑھانے کے لیے مانگا، تو وہ جہنم کے انگارے مانگتا ہے، چاہے اب وہ زیادہ مانگے یا کم مانگے۔‏‏‏‏ [سنن ابن ماجه/كتاب الزكاة/حدیث: 1838]
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
بغیر ضرورت کے سوال کرنا اتنا بڑا جرم ہے کہ انسان اس طرح خود کو جہنم کے نگاروں کا مستخق بنا لیتا ہے۔

(2)
حرام کمائی سے اجتناب فرض ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 1838 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 517 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´نفلی صدقے کا بیان`
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جو آدمی اپنا مال بڑھانے اور زیادہ کرنے کی غرض سے لوگوں سے مانگتا ہے تو ایسا آدمی اپنے لئے انگاروں کے سوا اور کوئی چیز نہیں مانگتا۔ (اب اس کی مرضی ہے) چاہے انہیں کم کر لے چاہے زیادہ۔ (مسلم) [بلوغ المرام/حدیث: 517]
لغوی تشریح 517:
تَکَثُّرًا مال کو زیادہ کرنے کی غرض سے، اپنی حاجت وضرورت کو پورا کرنے کے لیے نہیں۔
جَمْرًا آگ کا دہکتا ہو انگارا۔
فَلْیَستَقِلَّ۔۔۔ الخ یعنی چاہے کم لے یا زیادہ حاصل کرے۔ آپ کا یہ فرمانا کہ تھوڑا یا زیادہ حاصل کرے، اس میں تحکم، تہدید اور ڈانٹ ڈپٹ ہے اور اس کام کے خطرناک ہونے کے سلسلے میں زبردست وعید ہے۔

فوائد و مسائل 517:
➊ اس حدیث سے گداگری کا پیشہ ناجائز ثابت ہوتا ہے۔
➊ توانا اور قوی الحبثہ آدمی کا سوال کرنا معاشرے میں بے عزت ہونے کا موجب ہوتا ہے۔
➌ جن لوگوں نے بلاوجہ مانگنے کو اپنا معمول بنالیا ہو انہیں خیرات دینا محل نظر ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 517 سے ماخوذ ہے۔