صحیح مسلم — حدیث نمبر 1001
باب: والدین اور دیگر اقرباء پر خرچ کرنے کی فضیلت اگرچہ وہ مشرک ہوں۔
باب فَضْلِ النَّفَقَةِ وَالصَّدَقَةِ عَلَى الأَقْرَبِينَ وَالزَّوْجِ وَالأَوْلاَدِ وَالْوَالِدَيْنِ وَلَوْ كَانُوا مُشْرِكِينَ:
حَدَّثَنَا أَبُو كُرَيْبٍ مُحَمَّدُ بْنُ الْعَلَاءِ ، حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ ، حَدَّثَنَا هِشَامٌ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ زَيْنَبَ بِنْتِ أَبِي سَلَمَةَ ، عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ ، قَالَتْ : قُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ هَلْ لِي أَجْرٌ فِي بَنِي أَبِي سَلَمَةَ ؟ ، أُنْفِقُ عَلَيْهِمْ وَلَسْتُ بِتَارِكَتِهِمْ هَكَذَا وَهَكَذَا إِنَّمَا هُمْ بَنِيَّ ، فَقَالَ : " نَعَمْ لَكِ فِيهِمْ أَجْرُ مَا أَنْفَقْتِ عَلَيْهِمْ " ،ابواسامہ نے کہا: ہمیں ہشام بن عروہ نے اپنے والد سے حدیث بیان کی، انہوں نے زینب بنت ابی سلمہ رضی اللہ عنہا سے اور انہوں نے ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی، انہوں نے کہا: میں نے عرض کی: ”اے اللہ کے رسول! کیا ابوسلمہ رضی اللہ عنہ کی اولاد پر خرچ کرنے میں میرے لیے اجر ہے؟ میں ان پر خرچ کرتی ہوں، میں انہیں ایسے، ایسے چھوڑنے والی نہیں ہوں، وہ میرے بچے ہیں۔“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں، تمہارے لیے ان میں، جو تم ان پر خرچ کرو گی، اجر ہے۔“
حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ میں نے کہا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! کیا ابو سلمہ رضی اللہ عنہ سے میری اولاد پر مجھے خرچ کرنے پر اجر ملے گا؟ جبکہ میں انہیں چھوڑ تو سکتی نہیں ہوں کہ وہ ادھر ادھر سے مانگتے پھریں، آخر وہ میرے ہی بیٹے ہیں، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں، تمہیں ان پر خرچ کرنے کا اجر ملے گا۔“
وحَدَّثَنِي سُوَيْدُ بْنُ سَعِيدٍ ، حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ مُسْهِرٍ . ح وحَدَّثَنَاه إسحاق بْنُ إِبْرَاهِيمَ ، وَعَبْدُ بْنُ حُمَيْدٍ ، قَالَا : أَخْبَرَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ ، أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ ، جَمِيعًا ، عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ فِي هَذَا الْإِسْنَادِ بِمِثْلِهِ .علی بن مسہر اور معمر (راشد) دونوں نے باقی ماندہ اسی سند کے ساتھ ہشام بن عروہ سے اسی کے مانند روایت کی۔
امام صاحب اپنے دوسرے دو اساتذہ سے ہشام کی سند سے ہی مذکورہ بالا روایت بیان کرتے ہیں۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
بچے کی والدہ تو خود اس کے باپ پر بوجھ ہوتی ہے کیونکہ وہ اس کی ذمہ داری میں ہوتی ہے، جب اس پر اپنا خرچہ واجب نہیں تو بچے کا خرچہ کیسے واجب ہو گا؟ یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا کو ان کے بیٹوں پر خرچ کرنے کا حکم نہیں دیا بلکہ آپ نے صرف یہ فرمایا کہ جو کچھ تو ان پر خرچ کرے گی تجھے اس کا اجروثواب ضرور ملے گا۔
(2)
جب ماں پر بچے کا خرچہ واجب نہیں تو باپ پر ہو گا۔
جب تک وہ زندہ ہے خود اسے برداشت کرے گا، جب فوت ہو جائے گا تو اس کے ورثاء کے ذمے ہے کہ وہ بچے کے اخراجات برداشت کریں۔
واللہ أعلم
(1)
ان روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ صدقہ و خیرات، فرض ہو یا نفل، بیوی اپنے محتاج خاوند اور ماں اپنے نادار بچوں کو دے سکتی ہے، کیونکہ بیوی کے ذمے خاوند کی اور ماں کے ذمے بچوں کی کفالت نہیں ہے۔
بعض حضرات نے ان احادیث میں صدقے سے نفل صدقہ مراد لیا ہے، لیکن امام بخاری ؒ نے اس مقام پر زکاۃ مراد لی ہے۔
جیسا کہ عنوان سے پتہ چلتا ہے۔
حدیث کے ظاہر الفاظ حضرت امام بخاری کے مؤید ہیں۔
(2)
حضرت ابو سعید خدری ؓ کی حدیث میں تھا کہ حضرت زینب زوجہ عبداللہ بن مسعود ؓ نے خود سوال کیا اور مذکورہ حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے حضرت بلال ؓ کو کہا، ان دونوں روایات میں تضاد نہیں۔
ممکن ہے کہ دو الگ الگ واقعات ہوں یا انہوں نے پہلے بلال سے کہا ہو اور بعد میں خود رسول اللہ ﷺ سے سوال کیا ہو، البتہ حدیث کے الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ دو واقعات ہیں: ایک واقعے میں صدقے کے متعلق سوال کا ذکر ہے اور دوسرے میں محض نفقے کے متعلق دریافت کیا گیا کہ ایسا کرنے سے اللہ کے ہاں اجر ملے گا یا نہیں؟ (3)
واضح رہے کہ حدیث میں دوسری عورت حضرت ابو مسعود عقبہ بن عمرو انصارى ؓ کی بیوی حضرت زینب ؓ تھیں۔
(فتح الباري: 414/3) (4)
حدیث ام سلمہ میں یہ صراحت نہیں کہ وہ ان یتیم بچوں پر مال زکاۃ سے خرچ کرتی تھیں، تاہم اتنا ضرور ہے کہ وہ ان پر خرچ کرتی تھیں۔
واللہ أعلم