کتب حدیثمختصر صحيح مسلمابوابباب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا ۔
حدیث نمبر: 1865
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا فروہ بن نوفل اشجعی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اللہ سے کیا دعا کیا کرتے تھے ؟ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ اے اللہ ! میں ان کاموں کی برائی سے جو میں نے کئے ہیں اور ان کی برائی سے جو میں نے نہیں کئے ، تیری پناہ مانگتا ہوں ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 1865
حدیث نمبر: 1866
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ ” اے اللہ ! میں تیرا فرمانبردار ہو گیا اور تجھ پر ایمان لایا اور تجھ پر بھروسہ کیا اور تیری طرف رجوع کیا اور تیری مدد سے دشمنوں سے لڑا ۔ اے مالک ! میں اس بات سے تیری عزت کی پناہ مانگتا ہوں کہ تو مجھے بھٹکا دے اور تیرے سوا کوئی معبود برحق نہیں ہے اور تو زندہ ہے جس کو موت نہیں اور جن و انس مرتے ہیں ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 1866
حدیث نمبر: 1867
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب سفر میں ہوتے اور صبح ہوتی تو فرماتے کہ سننے والے نے اللہ کی حمد اور اس کی اچھی آزمائش کو سن لیا ۔ اے ہمارے رب ! ہمارے ساتھ رہ ( یعنی مدد کو ) اور ہم پر اپنا فضل کر اور میں جہنم سے تیری پناہ مانگتا ہوں ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 1867
حدیث نمبر: 1868
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ` آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا کیا کرتے تھے : اے اللہ ! میری خطا ، میری نادانی اور میری زیادتی کو بخش دے جو مجھ سے اپنے حال میں ہوئی اور بخش دے اس چیز کو جس کو تو مجھ سے زیادہ جانتا ہے ۔ اے اللہ ! بخش دے میرے ارادہ کے گناہ اور میری ہنسی کے گناہ کو اور میری بھول چوک اور قصد کو اور یہ سب میری طرف سے ہے ۔ اے مالک ! میرے اگلے ، پچھلے ، چھپے اور ظاہر گناہوں کو اور جن کو تو مجھ سے زیادہ جانتا ہے ، بخش دے ۔ تو ہی مقدم کرنے والا اور تو ہی مؤخر کرنے والا ہے اور تو ہر چیز پر قادر ہے ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 1868
حدیث نمبر: 1869
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے تھے کہ اے اللہ ! میرے دین کو سنوار دے جو کہ میری آخرت کے کام کا محافظ اور نگہبان ہے اور میری دنیا کو سنوار دے کہ جس میں میری روزی اور زندگی ہے ۔ اور میری آخرت کو سنوار دے کہ جس میں میری واپسی ہے ۔ اور میری زندگی کو میرے لئے ہر بھلائی میں زیادتی اور میری موت کو ہر شر سے میری راحت کا سبب بنا دے ۔ ( یہ دعا ہر مطلب کی جامع ہے )
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 1869
حدیث نمبر: 1870
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہما نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ` آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے : اے اللہ ! میں تجھ سے ہدایت ، پرہیزگاری ، ( حرام سے ) پاکدامنی اور دل کی دولتمندی مانگتا ہوں ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 1870
حدیث نمبر: 1871
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا زید بن ارقم رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں تم سے وہی کہوں گا جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے تھے ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ اے اللہ ! میں عاجزی ، سستی ، بزدلی ، بخیلی ، بڑھاپے اور قبر کے عذاب سے پناہ مانگتا ہوں ۔ اے اللہ ! میرے نفس کو تقویٰ عطا فرما اور اس کو پاک کر دے کہ تو اس کا بہتر پاک کرنے والا ہے ، تو اس کا آقا اور مولیٰ ہے ۔ اے اللہ ! میں تیری پناہ مانگتا ہوں اس علم سے جو فائدہ نہ دے ، اس دل سے جو تیرے سامنے نہ جھکے ، اس نفس سے جو سیر نہ ہو اور اس دعا سے جو قبول نہ ہو ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 1871