کتب حدیث ›
مختصر صحيح مسلم › ابواب
› باب: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا چاندی کی انگوٹھی پہننا ، جس کا نقش ( ( محمد رسول اللہ ) ) تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد خلفاء کا پہننا ۔
حدیث نمبر: 1374
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چاندی کی ایک انگوٹھی بنوائی اور وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ میں تھی ، پھر وہ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کے ہاتھ میں رہی ، پھر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے ہاتھ میں رہی ، پھر سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے ہاتھ میں رہی ، یہاں تک کہ ان سے اریس کے کنوئیں میں گر گئی ۔ اس انگوٹھی کا نقش یہ تھا ” محمد رسول اللہ “ ( صلی اللہ علیہ وسلم )
حدیث نمبر: 1375
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے چاندی کی ایک انگوٹھی بنوائی اور اس میں ” محمد رسول اللہ “ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کا نقش بنوایا ۔ لوگوں سے فرمایا کہ میں نے چاندی کی ایک انگوٹھی بنوائی ہے اور اس میں ” محمد رسول اللہ “ کا نقش بنوایا ہے ، تو کوئی اپنی انگوٹھی میں یہ نقش نہ بنوائے ۔
حدیث نمبر: 1376
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ( ایران کے بادشاہ ) کسریٰ اور ( روم کے بادشاہ ) قیصر اور ( حبش کے بادشاہ ) نجاشی کو خط لکھنا چاہا تو لوگوں نے عرض کیا کہ یہ بادشاہ کوئی خط نہ لیں گے جب تک اس پر مہر نہ ہو ۔ آخر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک انگوٹھی بنوائی جس کا چھلہ چاندی کا تھا اور اس میں محمد رسول اللہ نقش تھا ۔