حدیث نمبر: 1202
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا عبدالرحمن بن سمرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` مجھ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اے عبدالرحمن ! کسی عہدے اور حکومت کی درخواست مت کر ، کیونکہ اگر درخواست سے تجھ کو ( حکومت / عہدہ ) ملا تو تو اسی کے سپرد کر دیا جائے گا اور جو بغیر سوال ( درخواست ) کے ملے ، تو اللہ تعالیٰ تیری مدد کرے گا ۔
حدیث نمبر: 1203
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اے ابوذر ! میں تجھے کمزور پاتا ہوں اور میں تیرے لئے وہی پسند کرتا ہوں جو اپنے لئے پسند کرتا ہوں ۔ دو آدمیوں کے درمیان فیصلہ مت کرو اور یتیم کے مال کی نگرانی مت کرو ( کیونکہ احتمال ہے کہ یتیم کا مال بیجا اٹھ جائے یا اپنی ضرورت میں آ جائے اور مؤاخذہ میں گرفتار ہو ) ۔
حدیث نمبر: 1204
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں نے کہا کہ یا رسول اللہ ! آپ مجھے گورنری ( وغیرہ ) نہیں دیتے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا ہاتھ مبارک میرے کندھے پر مارا اور فرمایا کہ اے ابوذر ! تو کمزور ہے اور یہ امانت ہے ( یعنی بندوں کے حقوق اور اللہ تعالیٰ کے حقوق سب حاکم کو ادا کرنے ہوتے ہیں ) اور قیامت کے دن اس عہدہ سے سوائے رسوائی اور شرمندگی کے کچھ حاصل نہیں ہو گا مگر جو اس کے حق ادا کرے اور سچائی سے کام لے ۔