کتب حدیثمختصر صحيح مسلمابوابباب: جس نے صدقہ اور دیگر نیکی کے اعمال کو اکٹھا کر لیا ۔
حدیث نمبر: 543
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے ایک جوڑا خرچ کیا ( یعنی دو پیسے یا دو روپیہ یا دو اشرفی ) تو جنت میں اسے پکارا جائے گا کہ اے اللہ کے بندے ! یہاں آ تیرے لئے یہاں خیر و خوبی ہے ۔ پھر جو نماز کا عادی ہے وہ نماز کے دروازہ سے پکارا جائے گا ، اور جو جہاد کا عادی ہے وہ جہاد کے دروازہ سے پکارا جائے گا ، اور جو صدقہ کا عادی ہے وہ صدقہ کے دروازہ سے پکارا جائے گا اور جو روزہ کا عادی ہے وہ روزہ کے دروازہ سے پکارا جائے گا ۔ تو سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! کسی کے تمام دروازوں سے پکارے جانے کی ضرورت تو نہیں ہے ، پھر بھی کیا کوئی ایسا ہو گا جو سب دروازوں سے پکارا جائے گا ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہاں اور میں ( اللہ کے فضل سے ) امید رکھتا ہوں کہ تم انہی میں سے ہو گے ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 543
حدیث نمبر: 543M
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا کہ تم میں سے کون شخص آج روزہ دار ہے ؟ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں ہوں ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ آج جنازہ کے ساتھ کون گیا ہے ؟ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں گیا ہوں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ آج کس نے مسکین کو کھانا کھلایا ہے ؟ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں نے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ کون آج مریض کی عیادت کو گیا تھا ؟ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں گیا تھا ۔ تب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ سب کام ایک شخص میں جب جمع ہوتے ہیں تو وہ ضرور جنت میں جاتا ہے ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 543M