کتب حدیثمختصر صحيح مسلمابوابباب: پوشیدہ صدقہ کرنے کی فضیلت ۔
حدیث نمبر: 537
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ` آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : سات قسم کے لوگ ایسے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو اپنے سایہ میں جگہ دے گا ( یعنی عرش کے نیچے ) جس دن اس کے سوا اور کوئی سایہ نہ ہو گا ۔ ایک تو حاکم منصف ( جو کتاب و سنت کے مطابق فیصلہ کرے خواہ بادشاہ ہو خواہ کوتوال ہو ) ، دوسرے وہ جوان جو اللہ کی عبادت کے ساتھ بڑھا ہو ، تیسرے وہ شخص جس کا دل مسجد ہی میں لگا رہے ، چوتھے وہ دو شخص جو آپس میں اللہ کے واسطے محبت کریں اور اسی کے لئے ملیں اور اسی کے لئے جدا ہوں ، پانچویں وہ شخص ( جو مرد ایسا متقی ہو ) کہ اسے کوئی حسب نسب والی مالدار عورت زنا کے لئے بلائے اور وہ کہے کہ میں اللہ سے ڈرتا ہوں ( اور زنا سے باز رہے ) ، چھٹے وہ شخص جو صدقہ ایسے چھپا کر دے کہ دائیں کو خبر نہ ہو کہ بائیں ہاتھ نے کیا خرچ کیا ( اس عبارت میں اضطراب ہے ۔ صحیح یہ ہے کہ بائیں ہاتھ کو خبر نہ ہو کہ دائیں ہاتھ نے کیا خرچ کیا ہے ) ساتویں جو اللہ کو اکیلے میں یاد کرے اور اس کے آنسو ٹپک پڑیں ( اللہ کی محبت یا خوف کی وجہ سے )
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 537