کتب حدیثمختصر صحيح مسلمابوابباب: نماز میں شیطان پر لعنت کرنا اور اس سے پناہ مانگنے کا بیان ۔
حدیث نمبر: 308
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابودرداء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ( نماز کے لئے ) کھڑے ہوئے تو ہم نے سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کہتے تھے کہ ” میں تجھ سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں “ پھر فرمایا کہ ” میں تجھ پر لعنت کرتا ہوں جیسی اللہ نے تجھ پر لعنت کی “ ( تین دفعہ فرمایا ) اور اپنا ہاتھ یوں بڑھایا جیسے کوئی چیز لیتے ہیں ۔ جب نماز سے فارغ ہوئے تو ہم نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ ! آج ہم نے نماز میں آپ کو وہ باتیں کرتے سنا جو پہلے کبھی نہیں سنی تھیں اور ہم نے یہ بھی دیکھا کہ آپ نے اپنا ہاتھ بڑھایا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ کا دشمن ابلیس میرا منہ جلانے کے لئے انگارے کا ایک شعلہ لے کر آیا ۔ میں نے تین بار کہا کہ میں تجھ سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں ۔ پھر میں نے کہا کہ میں تجھ پر لعنت کرتا ہوں جیسی اللہ نے تجھ پر لعنت کی پوری لعنت ۔ وہ تینوں بار پیچھے نہ ہٹا ، آخر میں نے چاہا کہ اس کو پکڑ لوں ۔ اللہ کی قسم اگر ہمارے بھائی سلیمان علیہ السلام کی دعا نہ ہوتی تو وہ صبح تک بندھا رہتا اور مدینے کے بچے اس سے کھیلتے ۔
حوالہ حدیث مختصر صحيح مسلم / حدیث: 308