مختصر صحيح مسلم
— حکومت کے بیان میں
باب: اس آدمی کے بارے میں جو اطاعت سے نکل گیا اور جماعت سے جدا ہوا ۔
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ` آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو شخص حاکم کی اطاعت سے باہر ہو جائے اور جماعت کا ساتھ چھوڑ دے پھر اسی حال میں فوت ہو جائے تو اس کی موت جاہلیت کی سی ہو گی ۔ اور جو شخص اندھے جھنڈے کے نیچے لڑے ( جس لڑائی کی صحت شریعت سے صاف صاف ثابت نہ ہو ) ، عصبیت کے لئے غصے میں آئے ؟ عصبیت کی دعوت دے یا عصبیت کو ہوا دے ( اور اللہ کی رضامندی مقصود نہ ہو ) پھر مارا جائے تو اس کا مارا جانا جاہلیت کے زمانے کا سا ہو گا ۔ اور جو شخص میری امت پر دست درازی کرے اور اچھے برے کی تمیز کئے بغیر قتل و غارت کرے اور مومن کو بھی نہ چھوڑے اور جس سے عہد ہوا ہو اس کا عہد پورا نہ کرے ، تو وہ مجھ سے کوئی تعلق نہیں رکھتا اور میں اس سے کوئی تعلق نہیں رکھتا ( یعنی وہ مسلمان نہیں ہے ) ۔