حدیث نمبر: 1237
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا سہل بن سعد رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` ہمارے باغ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک گھوڑا رہتا تھا اس کا نام لحیف تھا اور بعض کہتے ہیں کہ اس کا نام لخیف تھا ۔
حدیث نمبر: 1238
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں ایک گدھے پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے بیٹھا تھا ، اس گدھے کا نام عفیر تھا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اے معاذ ! کیا تم جانتے ہو کہ اللہ تعالیٰ کا حق اس کے بندوں پر کیا ہے ؟ .... اور ساری حدیث بیان کی جو پہلے گزر چکی ہے ۔ ( دیکھئیے کتاب : علم کا بیان ۔ ۔ ۔ باب : اس بات کو برا سمجھ کر کہ وہ لوگ نہ سمجھیں گے جس شخص نے ایک قوم کو چھوڑ کر دوسری قوم کو علم ( کی تعلیم ) کے لیے مخصوص کر لیا ۔ )
حدیث نمبر: 1239
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` ( ایک مرتبہ ) مدینہ میں کچھ خوف تھا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے گھوڑے پر سوار ہوئے جس کا نام مندوب تھا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لے گئے ۔ جب واپس لوٹے تو فرمایا : ” ہم نے خوف کی کوئی بات نہیں دیکھی اور بیشک ہم نے اس گھوڑے کو دریا ( کی طرح تند و تیز ) پایا ۔ “