حدیث نمبر: 1207
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جو شخص اللہ پر اور اس کے رسول پر ایمان لائے اور نماز پڑھے اور رمضان کے روزے رکھے ، اللہ کے ذمہ یہ وعدہ ہے کہ وہ اس کو جنت میں داخل کر دے گا ، خواہ وہ جہاد فی سبیل اللہ کرے ( یا نہ کرے ) بلکہ جس سرزمین میں پیدا ہوا ہو وہیں بیٹھا رہے ۔ “ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کی کہ یا رسول اللہ ! کیا ہم لوگوں میں اس بات کو مشہور نہ کر دیں ؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جنت میں سو درجے ہیں وہ اللہ تعالیٰ نے جہاد فی سبیل اللہ کرنے والوں کے لیے تیار کیے ہیں ، ہر دو درجوں کے درمیان اتنا فاصلہ ہے جتنا آسمان و زمین کے درمیان ہے ۔ پس جب تم اللہ سے دعا مانگو تو اس سے فردوس طلب کرو کیونکہ وہ جنت کا افضل اور اعلیٰ حصہ ہے ۔ “ مجھے خیال ہے ۔ کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ( یہ بھی اس کے بعد ) فرمایا : ” اس کے ( یعنی جنت الفردوس کے ) اوپر رحمن کا عرش ہے اور وہیں سے ( یعنی جنت الفردوس سے ) جنت کی نہریں جاری ہوئی ہیں ۔