حدیث نمبر: 1076
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ہی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ` آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” اس حالت میں کہ ایک شخص بیل پر سوار تھا وہ بیل اس کی طرف متوجہ ہوا اور کہا کہ میں اس ( سواری کرنے ) کے لیے پیدا نہیں ہوا ، میں تو کھیتی کے لیے پیدا کیا گیا ہوں ۔ “ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ( یہ واقعہ بیان کر کے ) فرمایا : ” اس پر میں یقین رکھتا ہوں اور ابوبکر و عمر ( رضی اللہ عنہما بھی ) یقین رکھتے ہیں اور ایک بھیڑیئے نے ایک بکری پکڑ لی تو چرواہا اس کے پیچھے دوڑا بھیڑیئے نے کہا کہ ( آج تو چھڑا لے مگر یہ تو بتا کہ ) جس دن ( مدینہ اجاڑ ہو گا ) درندے ہی درندے رہ جائیں گے ، اس دن بکری کا محافظ کون ہو گا ؟ اس دن تو میرے سوا کوئی اس کا چرواہا نہ ہو گا ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ( یہ واقعہ بیان کر کے ) فرمایا : ” میں اس پر یقین رکھتا ہوں اور ابوبکر و عمر ( رضی اللہ عنہما بھی ) اس پر یقین رکھتے ہیں ۔ “ راوی ( ابوسلمہ ) کہتے ہیں کہ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ ( نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہما کی طرف سے بھی شہادت دی حالانکہ ) وہ دونوں اس وقت موجود نہ تھے ۔