کتب حدیثمختصر صحيح بخاريابوابباب: قبروں کی زیارت کرنا ( کیسا ہے ) ؟
حدیث نمبر: 651
ابوعبداللہ آصف
´سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` ( ایک مرتبہ ) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا گزر ایک عورت پر ہوا جو قبر کے پاس ( بیٹھی ہوئی ) رو رہی تھی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا : ” اللہ سے ڈر اور صبر کر ۔ “ اس نے کہا کہ مجھ سے پرے ہٹو ، اس لیے کہ تمہیں میرے جیسی مصیبت نہیں پہنچی ۔ پھر اس عورت سے کہا گیا کہ یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تھے ( تو نے کیسا گستاخانہ جواب دیا ) تو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازے پر حاضر ہوئی ( وہ سمجھتی تھی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازے پر دربان رہتے ہوں گے مگر ) اس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازے پر دربان نہیں پائے ۔ پھر وہ عرض کرنے لگی کہ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پہچانا نہ تھا ( اس سبب سے مجھ سے گستاخی ہوئی ، اب میں صبر کرتی ہوں ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” صبر شروع صدمہ کے وقت کرنا چاہیے ۔ “
حوالہ حدیث مختصر صحيح بخاري / حدیث: 651