حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي عَدِيٍّ ، عَنْ حُمَيْدٍ ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ، قَالَ : لَمَّا رَجَعَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ غَزْوَةِ تَبُوكَ فَدَنَا مِنَ الْمَدِينَةِ قَالَ : " إِنَّ بِالْمَدِينَةِ لَقَوْمًا مَا سِرْتُمْ مِنْ مَسِيرٍ وَلَا قَطَعْتُمْ وَادِيًا إِلَّا كَانُوا مَعَكُمْ فِيهِ " ، قَالُوا : يَا رَسُولَ اللَّهِ وَهُمْ بِالْمَدِينَةِ ؟ قَالَ : " وَهُمْ بِالْمَدِينَةِ ، حَبَسَهُمُ الْعُذْرُ " .
´انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم غزوہ تبوک سے لوٹے ، اور مدینہ کے نزدیک پہنچے ، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” مدینہ میں کچھ ایسے لوگ ہیں کہ جس راہ پر تم چلے اور جس وادی سے بھی تم گزرے وہ تمہارے ہمراہ رہے “ ، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے عرض کیا : مدینہ میں رہ کر بھی وہ ہمارے ساتھ رہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” ہاں ، مدینہ میں رہ کر بھی ، عذر نے انہیں روک رکھا تھا “ ۱؎ ۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: جب رسول اللہ ﷺ غزوہ تبوک سے واپسی پر مدینہ منورہ کے قریب پہنچے تو فرمایا: ”مدینہ میں کچھ افراد ہیں کہ تم نے جو بھی سفر کیا، اور جو بھی وادی طے کی، وہ اس میں تمہارے ساتھ تھے۔“ صحابہ رضی اللہ عنہم نے کہا: ”اے اللہ کے رسول ﷺ! اور وہ مدینہ میں ہیں؟“ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”(ہاں) وہ مدینہ میں ہیں۔ انہیں کسی عذر نے روک لیا تھا۔“
وضاحت:
۱؎: مثلاً بیماری وغیرہ تو ایسے شخص کو جہاد کا ثواب ملے گا جب اس کی نیت جہاد کی ہو، لیکن عذر کی وجہ سے مجبور ہو کر رک جائے۔
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ سِنَانٍ ، حَدَّثَنَا أَبُو مُعَاوِيَةَ ، عَنِ الْأَعْمَشِ ، عَنْ أَبِي سُفْيَانَ ، عَنْ جَابِرٍ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِنَّ بِالْمَدِينَةِ رِجَالًا مَا قَطَعْتُمْ وَادِيًا وَلَا سَلَكْتُمْ طَرِيقًا إِلَّا شَرِكُوكُمْ فِي الْأَجْرِ ، حَبَسَهُمُ الْعُذْرُ " ، قَالَ أَبُو عَبْد اللَّهِ : أَوْ كَمَا قَالَ : كَتَبْتُهُ لَفْظًا .
´جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” مدینہ میں کچھ ایسے لوگ ہیں کہ تم جس وادی سے بھی گزرے ، یا جس راہ پر چلے ثواب میں ہر جگہ وہ تمہارے شریک رہے ، انہیں عذر نے روک رکھا تھا “ ۔ ابن ماجہ کہتے ہیں : ایسا ہی کچھ احمد بن سنان نے کہا میں نے اسے لفظ بلفظ لکھ لیا ۔
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”مدینہ میں کچھ افراد ہیں، تم نے جو وادی طے کی اور جس راستے پر چلے (ان سب میں) وہ تمہارے ساتھ ثواب میں شریک رہے (کیونکہ) انہیں عذر نے (جہاد میں جانے سے) روک دیا تھا۔“ امام ابوعبداللہ ابن ماجہ رحمہ اللہ نے کہا: ”یا جس طرح شیخ (احمد بن سنان) نے کہا: میں نے اس حدیث کو ویسے ہی لفظ بلفظ لکھا ہے۔“