حدیث نمبر: 603
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، حَدَّثَنَا سُفْيَانُ بْنُ عُيَيْنَةَ ، عَنْ أَيُّوبَ بْنِ مُوسَى ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ أَبِي سَعِيدٍ الْمَقْبُرِيِّ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ رَافِعٍ ، عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ ، قَالَتْ : قُلْتُ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، " إِنِّي امْرَأَةٌ أَشُدُّ ضَفْرَ رَأْسِي أَفَأَنْقُضُهُ لِغُسْلِ الْجَنَابَةِ ؟ فَقَالَ : " إِنَّمَا يَكْفِيكِ أَنْ تَحْثِي عَلَيْهِ ثَلَاثَ حَثَيَاتٍ مِنْ مَاءٍ ، ثُمَّ تُفِيضِي عَلَيْكِ مِنَ الْمَاءِ فَتَطْهُرِينَ " أَوْ قَالَ : " فَإِذَا أَنْتِ قَدْ طَهُرْتِ " .
ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی

´ام المؤمنین ام سلمہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ` میں نے عرض کیا : اللہ کے رسول ! میں چوٹی کو مضبوطی سے باندھنے والی عورت ہوں ، کیا اسے غسل جنابت کے لیے کھولوں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” تمہیں یہی کافی ہے کہ تین چلو پانی لے کر اپنے سر پر بہا لو پھر پورے بدن پر پانی ڈالو ، پاک ہو جاؤ گی “ ، یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : ” اس وقت تم پاک ہو گئیں “ ۱؎ ۔

وضاحت:
۱؎: یعنی جب ایسا کیا تو پاک ہو گئی کیونکہ مقصود سارے سر کا بھیگ جانا ہے، اور تین لپوں میں یہ سارا کام پورا ہو جاتا ہے، اگر پورا نہ ہو تو اس سے زیادہ بھی ڈال سکتی ہے، مگر بندھی ہوئی چوٹی کا کھولنا ضروری نہیں، اکثر علماء کے نزدیک رفع تکلیف کا یہ حکم عورتوں کے لئے خاص ہے۔
حوالہ حدیث سنن ابن ماجه / أبواب التيمم / حدیث: 603
درجۂ حدیث شیخ الألبانی: صحيح , شیخ زبیر علی زئی: صحيح مسلم
تخریج حدیث « صحیح مسلم/الحیض 12 ( 330 ) ، سنن ابی داود/الطہارة 99 ( 251 ) ، سنن الترمذی/الطہارة 77 ( 105 ) ، سنن النسائی/الطہارة 150 ( 242 ) ، ( تحفة الأشراف : 18172 ) ، وقد أخرجہ : مسند احمد ( 6/ 289 ، 315 ) ، سنن الدارمی/الطہارة 115 ( 1196 ) ( صحیح ) »
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : سنن ترمذي: 105 | سنن ابي داود: 251 | صحيح مسلم: 330 | سنن نسائي: 242 | بلوغ المرام: 105

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا عطا اللہ ساجد
´عورتوں کے غسل جنابت کا طریقہ۔`
ام المؤمنین ام سلمہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میں چوٹی کو مضبوطی سے باندھنے والی عورت ہوں، کیا اسے غسل جنابت کے لیے کھولوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہیں یہی کافی ہے کہ تین چلو پانی لے کر اپنے سر پر بہا لو پھر پورے بدن پر پانی ڈالو، پاک ہو جاؤ گی ، یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: اس وقت تم پاک ہو گئیں ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/أبواب التيمم/حدیث: 603]
اردو حاشہ: (1)
جس طرح مرد کے لیے ضروری ہے کہ سر کی جلد کو بھی باقی جسم کی طرح تر کرے’’عورت کے لیے بھی غسل جنابت میں یہ تاکید ہے’’البتہ بالوں کی مینڈھیاں اچھی طرح بنی ہوئی ہوں تو انھیں نہ کھولےکیونکہ اس میں مشقت ہے لیکن اگر اس کے بال ڈھیلے ڈھالے گوندھے ہوئے ہوں یا کھلے ہوئے ہوں تو بالوں کو خوب دھونا چاہیے۔
درج بالا اقتباس سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 603 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ترمذي / حدیث: 105 کی شرح از ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی ✍️
´کیا عورت غسل کے وقت اپنے بال کھولے؟`
ام المؤمنین ام سلمہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ میں نے عرض کیا، اللہ کے رسول! میں اپنے سر کی چوٹی مضبوطی سے باندھنے والی عورت ہوں۔ کیا غسل جنابت کے لیے اسے کھولا کروں؟ آپ نے فرمایا: تمہاری سر پر تین لپ پانی ڈال لینا ہی کافی ہے۔ پھر پورے بدن پر پانی بہا دو تو پاک ہو گئی، یا فرمایا: جب تم ایسا کر لے تو پاک ہو گئی۔ [سنن ترمذي/كتاب الطهارة/حدیث: 105]
اردو حاشہ:
1؎:
یہی جمہور کا مذہب ہے کہ عورت خواہ جنابت کا غسل کر رہی ہو یا حیض سے پاکی کا: کسی میں بھی اس کے لیے بال کھولنا ضروری نہیں لیکن حسن بصری اور طاؤس نے ان دونوں میں تفریق کی ہے، یہ کہتے ہیں کہ جنابت کے غسل میں تو ضروری نہیں لیکن حیض کے غسل میں ضروری ہے، اور عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت کو جس میں رسول اللہ ﷺ نے ان سے ((اُنقُضِى رَأسَكِ وَامتَشِطِي)) فرمایا ہے جمہورنے استحباب پر محمول کیا ہے۔
درج بالا اقتباس سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 105 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 251 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´کیا غسل کے وقت عورت اپنے سر کے بال کھولے؟`
ام سلمہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ ایک مسلمان عورت نے کہا (اور زہیر کی روایت میں ہے خود ام سلمہ نے ہی کہا): اللہ کے رسول! میں اپنے سر کی چوٹی مضبوطی سے باندھتی ہوں، کیا غسل جنابت کے وقت اسے کھولوں؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہارے لیے تین لپ پانی اپنے سر پر ڈال لینا کافی ہے، اور زہیر کی روایت میں ہے: تم اس پر تین لپ پانی ڈال لو، پھر سارے بدن پر پانی بہا لو اس طرح تم نے پاکی حاصل کر لی۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الطهارة /حدیث: 251]
251۔ اردو حاشیہ:
مرد اور عورت کے غسل میں کوئی فرق نہیں ہے۔ یعنی پہلے زیریں جسم دھو لیا جائے اور اگر کوئی آلائش لگی ہو تو دور کر لی جائے۔ بعد ازاں نماز والا وضو کیا جائے اور پھر باقی جسم پر پانی بہایا جائے۔ خواتین کو اجازت ہے کہ غسل جنابت میں ان کے سر کے بال بندھے ہوئے ہوں تو نہ کھولیں۔ ویسے ہی تین لپ پانی ڈال لیں اور ہر بار بالوں کو خوب اچھی طرح ہلائیں اور ملیں تاکہ پانی جڑوں تک چلا جائے۔ اس طرح اپنے طور پر تسلی کر لینی چاہیے، مگر غسل حیض میں بالوں کو پوری طرح کھولنا ضروری ہے کیونکہ روایات میں حائضہ کے لیے بال کھولنے کا حکم ملتا ہے۔ [سنن ابن ماجة، حديث: 641]
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 251 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح مسلم / حدیث: 330 کی شرح از مولانا عبد العزیز علوی ✍️
حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالی عنہا سے روایت ہے کہ میں نے عرض کیا، اے اللہ کے رسول ﷺ! میں عورت ہونے کے ناطے سے سر کے بال گوندتی ہوں تو کیا غسل جنابت کے لیے ان کو کھولوں؟ آپﷺ نے فرمایا: ’’نہیں، تیرے لیے بس اتنا کافی ہے کہ اپنے سر پر تین چلو بھر کر پانی ڈالو، پھر اپنے جسم پر پانی بہا لو تو تم پاک ہو جاؤ گی۔‘‘ [صحيح مسلم، حديث نمبر:744]
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: سر کے بالوں کی جڑوں تک اگر پانی پہنچ جائے تو پھر گوندے ہوئے بالوں کو کھولنا ضروری نہیں ہے جمہور فقہاء کا یہی مؤقف ہے امام نخعی رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک ہر حالت میں بال کھولنے ہوں گے۔
حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ اور طاؤس رحمۃ اللہ علیہ کے نزدیک غسل حیض کے لیے بال کھولنا ضروری ہیں غسل جنابت کے لیے ضروری نہیں۔
درج بالا اقتباس تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 330 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن نسائي / حدیث: 242 کی شرح از حافظ محمد امین ✍️
´غسل جنابت کے وقت عورت کا اپنی چوٹیاں نہ کھولنے کا بیان۔`
ام المؤمنین ام سلمہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! میں ایک ایسی عورت ہوں کہ اپنے سر کی چوٹی مضبوط باندھتی ہوں، تو کیا اسے غسل جنابت کے وقت کھولوں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تمہارے لیے بس یہی کافی ہے کہ اپنے سر پر تین لپ پانی ڈال لو، پھر اپنے پورے جسم پر پانی بہا لو۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/ذكر ما يوجب الغسل وما لا يوجبه/حدیث: 242]
242۔ اردو حاشیہ: ➊ عورت کے بال بڑے ہوتے ہیں۔ مینڈھیاں بنانا اس کی ضرورت اور مجبوری ہے۔ غسل میں مینڈھیاں کھولیں تو دقت پیش آتی ہے۔ کھولنے اور دوبارہ بنانے میں کافی وقت صرف ہوتا ہے، اس لیے شریعت نے عورتوں کی مجبوری کا لحاظ رکھتے ہوئے غسل جنابت میں مینڈھیاں نہ کھولنے کی اجازت دی ہے۔ اتنا ضروری ہے کہ سر پر پانی ڈال کر بالوں میں انگلیاں پھیری جائیں تاکہ سر کی کھوپڑی اور بالوں کی جڑیں تر ہو جائیں۔ گویا سارا جسم تر ہو جائے۔
➋ مینڈھیاں تو ویسے بھی زائد لٹکنے والے بال ہیں، اگر وہ تر نہ بھی ہوں تو کوئی حرج نہیں، البتہ اوپر سے دھو لیے جائیں۔
➌ غسل حیض ایک ماہ میں ایک دفعہ ہی ہے، اس کے لیے مینڈھیاں کھولنے میں کوئی دقت نہیں، لہٰذا غسل حیض میں مینڈھیاں کھول کر بالوں کو اچھی طرح دھونا ضروری ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿لایکلف اللہ نفسا الا وسعھا﴾ [البقرۃ 286: 2]
’’اللہ تعالیٰ کسی جان کو اس کی وسعت و گنجائش سے بڑھ کر تکلیف نہیں دیتا۔
درج بالا اقتباس سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 242 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: بلوغ المرام / حدیث: 105 کی شرح از الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری ✍️
´غسل جنابت میں عورت پر واجب نہیں کہ وہ سر کے بال کھولے`
«. . . وعن ام سلمة رضي الله تعالى عنها قالت: قلت: يا رسول الله! إني امراة اشد شعر راسي،‏‏‏‏ افانقضه لغسل الجنابة؟ وفي رواية: والحيضة؟ قال: ‏‏‏‏لا إنما يكفيك ان تحثي على راسك ثلاث حثيات . . .»
. . . سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ! میں اپنے سر کے بال (یعنی مینڈھیوں کی شکل میں) باندھ لیتی ہوں۔ کیا غسل جنابت کے موقع پر ان کو کھولوں؟ اور ایک روایت میں حیض سے فارغ ہو کر غسل کے وقت کے الفاظ ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا نہیں (کھولنے کے ضرورت نہیں) بس تیرے لئے یہی کافی ہے کہ تو اپنے سر پر تین چلو پانی بہا دیا کر . . . [بلوغ المرام/كتاب الطهارة: 105]
لغوی تشریح:
«أَشُدُّ» «شَدَّ يَشُدُّ» سے واحد متکلم کا صیغہ ہے۔ اس کے معنی ہیں: مضبوطی کے ساتھ باندھنا۔
«تَحْثِي» تو انڈیل، تو ڈال۔ نصبی حالت کی وجہ سے نون اعرابی گر گیا ہے۔ «تَحْثِي» کی یا ساکن رہے گی۔
«حَثَيَاتٍ» «حَفَنَاتٍ» کے معنی میں ہے۔ پانی سے بھرے ہوئے دونوں ہاتھوں کے چلو۔

فوائد و مسائل:
➊ یہ حدیث اس بات کی دلیل ہے کہ جسے جنابت لاحق ہو جائے اس کے لیے غسل کرتے وقت بالوں کا کھولنا ضروری نہیں، البتہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت میں ہے، جسے ابن ماجہ نے روایت کیا ہے، کہ آپ نے بالوں کو کھولنے کا حکم فرمایا۔ [سنن ابن ماجه، الطهارة وسننها، باب فى الحائض كيف تغتسل، حديث: 641]
مگر یہ دونوں روایتیں باہم متعارض نہیں کیونکہ بال کھولنے کا حکم اس وقت ہے جب عورت حیض سے غسل کرے، لیکن غسل جنابت میں عورت پر واجب نہیں کہ وہ سر کے بال کھولے، بلکہ صرف بالوں کی جڑ یا سر کی جڑ یا سر کا چمڑا تر ہونا چاہئے، سارے بال تر ہونا ضروری نہیں۔
➋ صحیح مسلم اور مسند أحمد میں ہے کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کو کسی ذریعے سے اطلاع ملی کی سیدنا عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ عورتوں کو غسل جنابت و حیض کے وقت سر کے بال کھولنے کا حکم دیتے ہیں۔ اس پر سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ابن عمرو پر تعجب ہے کہ وہ غسل کے وقت عورتوں کو بال کھولنے کا حکم دیتے ہیں تو وہ ان کو سر منڈوانے کا حکم کیوں نہیں دیتے۔ (اس سے تو بہتر ہے کہ وہ عورتوں کو سر منڈوانے کا حکم ہی دے دیں۔) میں اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک ہی ٹب نما برتن میں غسل کر لیا کرتے تھے اور میں سر پر صرف تین بار پانی ڈال لیتی تھی۔ اور (غسل جنابت میں) سر کے بال کھولنے کی ضرورت نہیں سمجھتی تھی۔ [صحيح مسلم، الحيض، باب حكم ضفائز المغتسلة، حديث: 331]
«وَفِي رِوَايَةٍ: وَلِلْحَيْضَةِ؟» کے الفاظ شاذ ہیں جیسا کہ شیخ البانی رحمہ اللہ نے [الصحيحة 366/1] میں وضاحت کی ہے۔
درج بالا اقتباس بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 105 سے ماخوذ ہے۔