سنن ابن ماجہ — حدیث نمبر 602
باب: مرد کی طرح عورت کو خواب میں احتلام ہو تو کیا حکم ہے؟
. بَابٌ في الْمَرْأَةِ تَرَى فِي مَنَامِهَا مَا يَرَى الرَّجُلُ
حَدَّثَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ أَبِي شَيْبَةَ ، وَعَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا وَكِيعٌ ، عَنْ سُفْيَانَ ، عَنْ عَلِيِّ بْنِ زَيْدٍ ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ الْمُسَيَّبِ ، عَنْ خَوْلَةَ بِنْتِ حَكِيمٍ ، أَنَّهَا " سَأَلَتْ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنِ الْمَرْأَةِ تَرَى فِي مَنَامِهَا مَا يَرَى الرَّجُلُ ؟ فَقَالَ : " لَيْسَ عَلَيْهَا غُسْلٌ حَتَّى تُنْزِلَ ، كَمَا أَنَّهُ لَيْسَ عَلَى الرَّجُلِ غُسْلٌ حَتَّى يُنْزِلَ " .
´خولہ بنت حکیم رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ` انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عورت کے اپنے خواب میں اس چیز کے دیکھنے سے متعلق سوال کیا جو مرد دیکھتا ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” جب تک انزال نہ ہو اس پر غسل نہیں ، جیسے مرد پر بغیر انزال کے غسل نہیں “ ۱؎ ۔
حضرت خولہ بنت حکیم رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے مسئلہ پوچھا کہ اگر عورت خواب میں وہی دیکھے جو کچھ مرد دیکھتا ہے؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”اس پر غسل فرض نہیں جب تک اسے انزال نہ ہو، جس طرح مرد پر غسل واجب نہیں جب تک اسے انزال نہ ہو۔“
تشریح، فوائد و مسائل
خولہ بنت حکیم رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عورت کے اپنے خواب میں اس چیز کے دیکھنے سے متعلق سوال کیا جو مرد دیکھتا ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " جب تک انزال نہ ہو اس پر غسل نہیں، جیسے مرد پر بغیر انزال کے غسل نہیں " ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/أبواب التيمم/حدیث: 602]
مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے اور مزید لکھا ہے کہ سابقہ روایت (106)
اس سے کفایت کرتی ہے جو کہ حسن ہے، لہٰذا معلوم ہوا کہ یہ روایت قابل عمل اور قابل حجت ہے، علاوہ ازیں دیگر محققین نے اس روایت کو شواہد کی بناء پر حسن کہا ہے۔
(2)
اس مسئلے میں مردوعورت دونوں کا ایک ہی حکم ہے، یعنی اگر جسم اور کپڑے صاف ہوں تو خواہ کسی طرح کا خواب دیکھا ہو، غسل کرنے کی ضرورت نہیں۔
(3)
بچے کا ماں سے یا باپ سے مشابہ ہونے کا یہ مطلب بھی ہوسکتا ہے کہ شکل وصورت میں ماں سے یا باپ سے مشابہ ہوتا ہے اور یہ مطلب بھی ہوسکتا ہےکہ اولاد کے مذکر یا مؤنث ہونے کا تعلق مذکورہ بالا معاملے سے ہے۔