سنن ابن ماجه
كتاب التجارات— کتاب: تجارت کے احکام و مسائل
بَابُ : مَنْ مَرَّ عَلَى مَاشِيَةِ قَوْمٍ أَوْ حَائِطٍ هَلْ يُصِيبُ مِنْهُ باب: کسی کے ریوڑ یا باغ سے گزر ہو تو کیا آدمی اس سے کچھ لے سکتا ہے؟
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ الصَّبَّاحِ ، وَيَعْقُوبُ بْنُ حُمَيْدِ بْنِ كَاسِبٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا مُعْتَمِرُ بْنُ سُلَيْمَانَ ، قَالَ : سَمِعْتُ ابْنَ أَبِي الْحَكَمِ الْغِفَارِيَّ ، قَالَ : حَدَّثَتْنِي جَدَّتِي ، عَنْ عَمِّ أَبِيهَا رَافِعِ بْنِ عَمْرٍو الْغِفَارِيِّ ، قَالَ : كُنْتُ وَأَنَا غُلَامٌ أَرْمِي نَخْلَنَا ، أَوْ قَالَ : نَخْلَ الْأَنْصَارِ ، فَأُتِيَ بِيَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَقَالَ : " يَا غُلَامُ " ، وَقَالَ ابْنُ كَاسِبٍ ، فَقَالَ : يَا بُنَيَّ لِمَ تَرْمِي النَّخْلَ ؟ " ، قَالَ : قُلْتُ : آكُلُ ، قَالَ : " فَلَا تَرْميِ النَّخْلَ وَكُلْ مِمَّا يَسْقُطُ فِي أَسَافِلِهَا " ، قَالَ : ثُمَّ مَسَحَ رَأْسِي ، وَقَالَ : " اللَّهُمَّ أَشْبِعْ بَطْنَهُ " .
´رافع بن عمرو غفاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ` میں لڑکا تھا اور اپنے یا انصار کے کھجور کے درخت پر پتھر مار رہا تھا ، تو مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں لایا گیا ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” لڑکے ! ( ابن کاسب کا قول ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یوں فرمایا : میرے بیٹے ! ) تم کیوں کھجور کے درختوں پر پتھر مارتے ہو “ ؟ ، رافع بن عمرو رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے کہا کہ میں ( کھجور ) کھاؤں ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ” درختوں پر پتھر نہ مارو جو نیچے گرے ہوں انہیں کھاؤ “ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور فرمایا : ” اے اللہ ! اسے آسودہ کر دے “ ۔
حضرت رافع بن عمرو غفاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ”جب میں لڑکا تھا تو میں (ایک بار) اپنے کھجوروں کے درختوں پر، یا فرمایا: انصار کے درختوں پر پتھر مار رہا تھا۔ مجھے (پکڑ کر) نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر کیا گیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”لڑکے! یا فرمایا: بیٹا! تو درختوں پر پتھر کیوں مارتا ہے؟“ میں نے کہا: ”کھانے کے لیے۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”درختوں پر پتھر نہ پھینکا کر، جو کھجوریں نیچے گری ہوئی ہوں، وہ کھا لیا کر۔“ پھر میرے سر پر ہاتھ پھیر کر فرمایا: «اللَّهُمَّ أَشْبِعْ بَطْنَهُ» ”اے اللہ! اس کا پیٹ بھر دے۔““
تشریح، فوائد و مسائل
رافع بن عمرو رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ میں انصار کے کھجور کے درختوں پر پتھر مارتا تھا، ان لوگوں نے مجھے پکڑ لیا اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لے گئے آپ نے پوچھا: " رافع! تم ان کے کھجور کے درختوں پر پتھر کیوں مارتے ہو؟ " میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! بھوک کی وجہ سے، آپ نے فرمایا: " پتھر مت مارو، جو خودبخود گر جائے اسے کھاؤ اللہ تمہیں آسودہ اور سیراب کرے۔" [سنن ترمذي/كتاب البيوع/حدیث: 1288]
نوٹ:
(سند میں ’’صالح‘‘ اوران کے باپ ’’ابوجبیر‘‘ دونوں مجہول ہیں، اور ابوداؤد وابن ماجہ کی سند میں ’’ابن ابی الحکم‘‘ مجہول ہیں نیز ان کی دادی مبہم ہیں)