سنن ابن ماجه
كتاب النكاح— کتاب: نکاح کے احکام و مسائل
بَابُ : الَّتِي وَهَبَتْ نَفْسَهَا لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ باب: جس عورت نے اپنے آپ کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے ہبہ کیا اس کا بیان۔
حَدَّثَنَا أَبُو بِشْرٍ بَكْرُ بْنُ خَلَفٍ ، وَمُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، قَالَا : حَدَّثَنَا مَرْحُومُ بْنُ عَبْدِ الْعَزِيزِ ، حَدَّثَنَا ثَابِتٌ ، قَالَ : كُنَّا جُلُوسًا مَعَ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ وَعِنْدَهُ ابْنَةٌ لَهُ ، فَقَالَ أَنَسٌ : جَاءَتِ امْرَأَةٌ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَعَرَضَتْ نَفْسَهَا عَلَيْهِ ، فَقَالَتْ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، هَلْ لَكَ فِيَّ حَاجَةٌ ؟ ، فَقَالَتِ ابْنَتُهُ : مَا أَقَلَّ حَيَاءَهَا ، قَالَ : " هِيَ خَيْرٌ مِنْكِ رَغِبَتْ فِي رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَعَرَضَتْ نَفْسَهَا عَلَيْهِ " .
´ثابت کہتے ہیں کہ` ہم انس بن مالک رضی اللہ عنہ کے ساتھ بیٹھے تھے ، ان کے پاس ان کی ایک بیٹی تھی ، انس رضی اللہ عنہ نے کہا : ایک عورت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی اور خود کو آپ پر پیش کیا اور بولی : کیا آپ کو میری حاجت ہے ؟ یہ سن کر انس رضی اللہ عنہ کی بیٹی بولی : اس کو کتنی کم حیاء ہے ! اس پر انس رضی اللہ عنہ نے کہا : وہ تجھ سے بہتر ہے ، اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں رغبت کی ، اس لیے خود کو آپ پر پیش کیا ۔
حضرت ثابت رحمہ اللہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: ”ہم حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کے پاس بیٹھے تھے اور ان کی ایک بیٹی بھی موجود تھیں، حضرت انس رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”ایک عورت نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئی اور اس نے اپنے آپ کو رسول اللہ ﷺ (سے نکاح) کے لیے پیش کیا اور کہا: ”اے اللہ کے رسول! کیا آپ کو میری خواہش ہے؟“” حضرت انس رضی اللہ عنہ کی بیٹی نے کہا: ”وہ کتنی بے شرم تھی!“ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”وہ تجھ سے افضل تھی، اس نے اللہ کے رسول ﷺ سے محبت کی وجہ سے اپنی ذات کو نبی ﷺ کی خدمت میں پیش کیا۔“”
تشریح، فوائد و مسائل
ثابت کہتے ہیں کہ ہم انس بن مالک رضی اللہ عنہ کے ساتھ بیٹھے تھے، ان کے پاس ان کی ایک بیٹی تھی، انس رضی اللہ عنہ نے کہا: ایک عورت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی اور خود کو آپ پر پیش کیا اور بولی: کیا آپ کو میری حاجت ہے؟ یہ سن کر انس رضی اللہ عنہ کی بیٹی بولی: اس کو کتنی کم حیاء ہے! اس پر انس رضی اللہ عنہ نے کہا: وہ تجھ سے بہتر ہے، اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں رغبت کی، اس لیے خود کو آپ پر پیش کیا۔ [سنن ابن ماجه/كتاب النكاح/حدیث: 2001]
فوائد و مسائل:
(1)
حضرت انس رضی اللہ عنہ کی بیٹی کے مجلس میں موجود ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ بے حجاب مردوں کے ساتھ بیٹھتی تھیں بلکہ پردے کے آداب کا خیال رکھتے ہوئے اوراپنے والد کی موجودگی میں اس مجلس میں موجود تھیں۔
غیر محرموں کے ساتھ تنہائی کے بے تکلفانہ ملاقات کی اسلامی شریعت میں کوئی گنجائش نہیں۔
(2)
علمی مجلس میں عورتیں مردوں کے ساتھ شریک ہوسکتی ہیں لیکن عورتوں کی جگہ الگ ہونی چاہیے، اختلاط جائز نہیں۔