کتب حدیثالفتح الربانیابوابباب: بنو ہاشم اور بنو عبد المطلب کی مخالفت میں بنوکنانہ اور قریش کا ان امور پر باہمی معاہدہ کہ وہ ان سے نکاح کا معاملہ کریں گے نہ خرید و فروخت کا، نیز اُن کا اِن کو شعب ِ ابی طالب میں محصور کر دینا
حدیث نمبر: 10543
عَنْ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ نَحْنُ نَازِلُونَ غَدًا إِنْ شَاءَ اللَّهُ بِخَيْفِ بَنِي كِنَانَةَ يَعْنِي الْمُحَصَّبَ حَيْثُ قَاسَمَتْ قُرَيْشٌ عَلَى الْكُفْرِ وَذَلِكَ أَنَّ بَنِي كِنَانَةَ حَالَفَتْ قُرَيْشًا عَلَى بَنِي هَاشِمٍ أَنْ لَا يُنَاكِحُوهُمْ وَلَا يُبَايِعُوهُمْ وَلَا يُؤْوُوهُمْ ثُمَّ قَالَ عِنْدَ ذَلِكَ لَا يَرِثُ الْكَافِرُ الْمُسْلِمَ وَلَا الْمُسْلِمُ الْكَافِرَ قَالَ الزُّهْرِيُّ وَالْخَيْفُ الْوَادِي
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے (حجۃ الوداع) کے موقع پر فرمایا: ہم کل ان شاء اللہ بنوکنانہ کی وادی یعنی وادیٔ محصب میں اتریں گے، یہاں قریش نے کفر پر قسم اٹھائی تھی اور اس مقام پر بنو کنانہ نے قریش کے ساتھ مل کر بنو ہاشم کی مخالفت میں یہ معاہدہ کیا تھا کہ وہ ان سے نکاح والا معاملہ کریں گے نہ خرید و فروخت والا اور نہ ان کوجگہ دیں گے۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: کافر مسلمان کا اور مسلمان کافر کا وارث نہیں بنتا۔ امام زہری کہتے ہیں: خیف وادی کو کہتے ہیں۔
وضاحت:
فوائد: … جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تیرہ ذوالحجہ کو جمروںکو کنکریاں مارنے سے فارغ ہو کر مکہ مکرمہ کی طرف واپس پلٹنا تھا تو خیف وادی میںپڑاؤ ڈالنے کا عزم کیا، اس وادی کو مُحَصّب، ابطح اور بطحاء بھی کہتے ہیں۔
فوائد: … وادیٔ خیف میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پڑاؤ ڈالنا محض اتفاقاً نہیں تھا، بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بالارادہ یہ قیام کیا، جیسا کہ حافظ ابن قیم رحمتہ اللہ علیہ نے (زاد المعاد) میں کہا: نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مقصد یہ تھا کہ اس مقام پر اسلام کے شعائر کا اظہار کیا جائے، جہاں کافروں نے اللہ اور اس کے رسول سے دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے کفر کے شعائر کا اظہار کیا تھا۔ یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عادت ِ مبارکہ تھی کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کفر و شرک کے مقامات پر توحید کے شعائر کا قیام عمل میں لاتے تھے، جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حکم دیا کہ مسجد ِ طائف، لات و عزی کے مقام پر تعمیر کی جائے۔
رہا مسئلہ صحیح مسلم کی اس روایت کا کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ وادی ٔ ابطح (وادیٔ محصّب) میں اترنا سنت نہیں ہے اورسیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ اس پڑاؤ کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
محققین نے اِ ن روایات کے دو جوابات دیے ہیں: (۱) مثبت کو منفی پر مقدّم کیا جاتا ہے، (۲) سرے سے ان دو میں کوئی تضاد اور تناقض نہیں ہے، کیونکہ نفی کرنے والوں کا مقصد یہ ہے کہ اس مقام پر اترنا حج کے مناسک میں سے نہیں ہے کہ اس کو ترک کرنے کی وجہ سے کوئی کفارہ لازم آئے اور ثابت کرنے والوں نے چاہا ہے کہ تمام افعال میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی کی جائے، وہ بھی اس چیز کو لازم نہیں قرار دیتے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب سيرة أول النبيين وخاتم المرسلين نبينا محمد بن عبد الله صلى الله عليه وآله وسلم / حدیث: 10543
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده ضعيف لانقطاعه، شريح بن عبيد لم يُدرك عمر ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 107 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 22109»