کتب حدیثالفتح الربانیابوابباب: مجلس میں موجود لوگوں کے ساتھ خاص آداب
حدیث نمبر: 9503
عَنْ عَبْدِ اللَّهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ إِذَا كُنْتُمْ ثَلَاثَةً فَلَا يَتَنَاجَى اثْنَانِ دُونَ صَاحِبِهِمَا فَإِنَّ ذَلِكَ يُحْزِنُهُ (وَفِي لَفْظٍ) لَا يَتَسَارَّ اثْنَانِ دُونَ الثَّالِثِ إِذَا لَمْ يَكُنْ مَعَهُمْ غَيْرُهُمْ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب تم تین افراد ہو تو دو آدمی اپنے تیسرے ساتھی کو چھوڑ کر سرگوشی نہ کریں، کیونکہ یہ چیز اس کو پریشان کرے گی۔ ایک روایت میں ہے: دو آدمی تیسرے کو چھوڑ کر راز دارانہ بات نہ کریں، جب ان کے ساتھ کوئی اور نہ ہو۔
وضاحت:
فوائد: … جب تین افراد ایک ساتھ ہوں یا ہم سفر ہوں، تو ایسے موقع و مقام پر تیسرے کو چھوڑ کر صرف دو افراد کا باہم رازدارانہ انداز میں گفتگو کرنا ممنوع ہے، کیونکہ اس سے تیسرے کی دلآزاری ہوتی ہے یا وہ بدگمانی میں مبتلاہو جاتا ہے۔
ہاں جب لوگ زیادہ ہوں تو دو افراد کے آپس میں سرگوشی کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9503
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه مسلم: 2184 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 3560 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 3560»
حدیث نمبر: 9504
عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ نَهَى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ أَنْ يَتَنَاجَى اثْنَانِ دُونَ الثَّالِثِ إِذَا لَمْ يَكُنْ مَعَهُمْ غَيْرُهُمْ قَالَ وَنَهَى النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ أَنْ يُخَالِفَ الرَّجُلُ الرَّجُلَ فِي مَجْلِسِهِ وَقَالَ إِذَا رَجَعَ فَهُوَ أَحَقُّ بِهِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا عبدا للہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے کہ تیسرے کو چھوڑ کر دو آدمی سرگوشی کرنے لگ جائیں، جب ان کے ساتھ اور کوئی نہ ہو، نیز آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس سے بھی منع فرمایا ہے کہ اس آدمی کی جگہ میں بیٹھا جائے جو (عارضی طور پر) مجلس سے اٹھ کر جائے، اس کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب ایسا آدمی لوٹے تو وہی اس جگہ کا زیادہ حقدار ہو گا۔
وضاحت:
فوائد: … شریعت نے کسی مجلس میں پہلے آنے والوں کا اتنا خیال رکھا ہے کہ اگر وہ بعض وجوہات کی بنا پر عارضی طور پر وہاں سے اٹھ بھی جاتے ہیں، تب بھی کسی کو ان کے مقام پر قبضہ جمانے کی اجازت نہیں۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9504
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «صحيح ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 4874 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 4874»
حدیث نمبر: 9505
وَعَنْهُ أَيْضًا عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِذَا كُنْتُمْ ثَلَاثَةً فَلَا يَتَنَاجَى اثْنَانِ دُونَ صَاحِبِهِمَا قَالَ قُلْنَا فَإِنْ كَانُوا أَرْبَعًا قَالَ فَلَا يَضُرُّ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا عبدا للہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب تم تین افراد ہو تو تیسرے کو چھوڑ کر دو آدمی آپس میں سرگوشی نہ کیا کریں۔ ابو صالح راوی نے کہا: اگر چار افراد ہوں تو؟ انھوں نے کہا: تو پھر یہ چیز نقصان نہیں دے گی (یعنی پھر کوئی حرج نہیں ہو گا)۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9505
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده صحيح علي شرط الشيخين، أخرجه ابوداود: 4852 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 4685 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 4685»
حدیث نمبر: 9506
عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قَالَ مَنْ حَدَّثَ فِي مَجْلِسٍ بِحَدِيثٍ ثُمَّ الْتَفَتَ فَهِيَ أَمَانَةٌ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جس بندے نے مجلس میں کوئی بات کی اور پھر وہ اِدھر اُدھر متوجہ ہوا تو وہ بات امانت ہو گی۔
وضاحت:
فوائد: … امام مبارکپوری رحمتہ اللہ علیہ نے اس حدیث ِ مبارکہ کی شرح کرتے ہوئے لکھا: اگر کوئی آدمی کسی دوسرے شخص کے ساتھ گفتگو کر رہا ہو اور وہ گفتگو کے دوران دائیں بائیں دیکھے، تو اس سے یہ سمجھنا پڑے گا کہ وہ ہ راز کی بات کرنا چاہتا ہے اور اسے دوسرے لوگوں سے مخفی رکھنا چاہتا ہے۔ ایسی گفتگو امانت ہو گی اور اس کو راز رکھنا واجب ہو گا۔ ابن ارسلان نے کہا: متکلم کے ادھر ادھر دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اسے اس بات کا خطرہ ہے کہ کوئی اس کی بات سن نہ لے، وہ صرف اپنے ہم مجلس تک اپنے راز کو محفوظ رکھنا چاہتا ہے۔ دراصل وہ ادھر ادھر دیکھ کر اپنے مخاطَب کو یہ کہنا چاہتا ہے کہ وہ اس کی گفتگو سنے، اس کو راز اور امانت سمجھے۔ (تحفۃ الاحوذی)
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9506
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «حسن لغيره، أخرجه ابوداود: 4868، والترمذي: 1959، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 14474 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 14528»
حدیث نمبر: 9507
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ إِذَا قَامَ أَحَدُكُمْ مِنْ مَجْلِسِهِ ثُمَّ رَجَعَ إِلَيْهِ فَهُوَ أَحَقُّ بِهِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب کوئی آدمی اپنی مجلس سے چلا جائے اور پھر واپس آ جائے تو وہی اس جگہ کا زیادہ حقدار ہو گا۔
وضاحت:
فوائد: … بعض نمازیوں کو دیکھا گیا ہے کہ وہ مسواک، وضو اور استنجاء کی صورت میں نماز کی تیاری کرنے سے پہلے مسجد میں آ کر پہلی صف میں کوئی کپڑا وغیرہ رکھ کر چلے جاتے ہیں اور پھر اپنے آپ کو اس جگہ کا مستحق سمجھتے ہیں۔ ان لوگوں کا یہ انداز درست نہیں ہے، کیونکہ جو آدمی مکمل تیاری کر کے آ کر ایک بار بیٹھ جائے گا، وہ جگہ اس کا حق ہو گی، تیاری کرکے آنے کے بغیر علامت وغیرہ رکھنے کا کوئی تک نہیں ہے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9507
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه مسلم: 2179 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 10823 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 10835»
حدیث نمبر: 9508
عَنْ وَهْبِ بْنِ حُذَيْفَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِذَا قَامَ أَحَدُكُمْ مِنْ مَجْلِسِهِ فَرَجَعَ إِلَيْهِ فَهُوَ أَحَقُّ بِهِ وَإِنْ كَانَتْ لَهُ حَاجَةٌ فَقَامَ إِلَيْهَا ثُمَّ رَجَعَ فَهُوَ أَحَقُّ بِهِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا وہب بن حذیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب کوئی آدمی اپنی مجلس سے چلا جائے اور پھر واپس لوٹ آئے تو وہی اس کا زیادہ حقدار ہو گا، اگر ایسا آدمی کسی ضرورت کی وجہ سے مجلس سے چلا جاتا ہے اور پھر واپس آجاتا ہے تو وہی اس مقام پر بیٹھنے کا زیادہ حقدار ہو گا۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9508
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده صحيح، أخرجه الترمذي: 2751 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 15484 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 15565»
حدیث نمبر: 9509
عَنْ جَابِرِ بْنِ سَمُرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ أَنَّهُ خَرَجَ عَلَى أَصْحَابِهِ (وَفِي رِوَايَةٍ دَخَلَ الْمَسْجِدَ وَهُمْ حِلَقٌ) فَقَالَ مَا لِي أَرَاكُمْ عِزِينَ وَهُمْ قُعُودٌ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے صحابہ کے پاس گئے، ایک روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مسجد میں داخل ہوئے اور وہ حلقوں کی صورت میں بیٹھے ہوئے تھے، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان سے فرمایا: کیا وجہ ہے کہ تم مجھے مختلف گروہوں کی صورت میں نظر آ رہے ہو۔ جبکہ وہ بیٹھے ہوئے تھے۔
وضاحت:
فوائد: … امام نووی نے کہا: اس حدیث ِ مبارکہ میں گروہ بندی سے منع کیا گیا ہے اور اکٹھا ہونے، پہلی صفوں کو مکمل کرنے اور صفوں میںملنے کا حکم دیا گیا ہے۔ (شرح النووی لمسلم: ۴/ ۱۵۳)
بہتریہ ہے کہ اس حدیث کو درج ذیل حدیث کے مفہوم پر محمول کیا جائے: سیدنا عبد اللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: وَنَھٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عَنِ التَّحَلُّقِ قَبْلَ الصَّلَاۃِیَوْمَ الْجُمُعَۃِ۔ … نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جمعہ کے دن نماز سے پہلے حلقے بنانے سے منع کیا ہے۔ (ابو داود: ۹۹۱، نسائی: ۷۰۷)
اسی طرح نماز سے پہلے حلقے بنانا بھی منع ہو گا۔
اگر ان دو صورتوں کے علاوہ تعلیم و تربیت کے لیے مختلف حلقوں اور مجلسوں میں بیٹھنا پڑے تو جائز ہو گا۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9509
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه مسلم: 430 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 20874 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 21166»
حدیث نمبر: 9510
عَنْ أَبِي مِجْلَزٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَنْ حُذَيْفَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ فِي الَّذِي يَقْعُدُ فِي وَسَطِ الْحَلْقَةِ قَالَ مَلْعُونٌ عَلَى لِسَانِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ أَوْ لِسَانِ مُحَمَّدٍ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ حلقے کے وسط میں بیٹھنے والے آدمی کے بارے میں کہتے ہیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زبان کے مطابق ایسے شخص پر لعنت کی گئی ہے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9510
درجۂ حدیث محدثین: ضعیف
تخریج حدیث «اسناده ضعيف، ابو مجلز لم يدرك حذيفة، أخرجه ابوداود: 4826، والترمذي: 2753 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 23263 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 23652»
حدیث نمبر: 9511
عَنْ حَرْمَلَةَ الْعَنْبَرِيِّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ أَتَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فَقُلْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَوْصِنِي قَالَ اتَّقِ اللَّهَ وَإِذَا كُنْتَ فِي مَجْلِسٍ فَقُمْتَ مِنْهُ فَسَمِعْتَهُمْ يَقُولُونَ مَا يُعْجِبُكَ فَأْتِهِ وَإِذَا سَمِعْتَهُمْ يَقُولُونَ مَا تَكْرَهُ فَاتْرُكْهُ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا حرملہ عنبری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آیا اور کہا: اے اللہ کے رسول! آپ مجھے وصیت فرمائیں، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ سے ڈر اور جب تو کسی مجلس میں بیٹھا ہوا ہو اور پھر ا س سے اٹھنے لگے، لیکن جب تو سنے کہ وہ ایسی باتیں کر رہے ہیں جو تجھے پسند ہیں تو ان کے ساتھ بیٹھا رہ، اور جب تو ان کو ایسی باتیں کرتے ہوئے سنے، جو تجھے ناپسند ہوں تو اس مجلس کو چھوڑ دے۔
وضاحت:
فوائد: … خیر والی مجلس سے بلا عذر نہیں اٹھنا چاہیے تاکہ آدمی اس مجلس میں بیٹھے رہنے کے اجر و ثواب سے محروم نہ ہو، بیان کرنے والے اور شرکت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی نہ ہو اور دوسرے لوگوں میں بھی اٹھ جانے کی ترغیب پیدا نہ ہو۔ شرّ والی مجلس میں نہ بیٹھنے کا حکم تو واضح ہے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9511
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «حديث حسن، أخرجه الطيالسي: 1206، 1207، والطبراني في الكبير : 3476، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 18720 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 18927»
حدیث نمبر: 9512
عَنِ الشَّرِيدِ بْنِ سُوَيْدٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ مَرَّ بِي رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ وَأَنَا جَالِسٌ هَكَذَا وَقَدْ وَضَعْتُ يَدِي الْيُسْرَى خَلْفَ ظَهْرِي وَاتَّكَأْتُ عَلَى أَلْيَةِ يَدِي فَقَالَ أَتَقْعُدُ قِعْدَةَ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا شرید بن سوید رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میرے پاس سے گزرے، جبکہ میں اس طرح بیٹھا ہوا تھا کہ میں نے اپنا بایاں ہاتھ اپنے پیٹھ کے پیچھے رکھا ہوا تھا اور میں نے اپنے ہاتھ کے نرم حصے پر ٹیک لگائی ہوئی تھی، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مجھے فرمایا: کیا تو ان لوگوں کی طرح بیٹھک بیٹھتا ہے، جن پر غضب کیا گیا۔
وضاحت:
فوائد: … کمر کے پیچھے زمین پر ہاتھ کی ٹیک لگا کر بیٹھنا مکروہ ہے۔
جن لوگوں پر غضب ہوا، ان سے مراد عام کافر اور فاجر ہیں، جو اپنی اٹھک بیٹھک اور چلن پھرن میں تکبر اور عجب پسندی کو اختیار کرتے ہیں، سورۂ فاتحہ میں {اَلْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ} سے مراد یہودی ہیں۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9512
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «صحيح، قاله الالباني، أخرجه ابوداود: 4848 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 19454 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 19683»
حدیث نمبر: 9513
عَنْ جَابِرِ بْنِ سَمُرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ دَخَلْتُ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فِي بَيْتِهِ فَرَأَيْتُهُ مُتَّكِئًا عَلَى وِسَادَةٍ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گھر گیا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو تکیے پر ٹیک لگائے ہوئے دیکھا۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9513
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «اسناده حسن، أخرجه ابوداود: 4143، والترمزي: 2771 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 20975 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 21285»
حدیث نمبر: 9514
عَنْ جَابِرٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِذَا جَلَسَ (أَوْ إِذَا اسْتَلْقَى) أَحَدُكُمْ فَلَا يَضَعْ رِجْلَيْهِ إِحْدَاهُمَا عَلَى الْأُخْرَى
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب کوئی آدمی چت لیٹے تو وہ ایک ٹانگ کو دوسری ٹانگ پر نہ رکھے۔
وضاحت:
فوائد: … دیکھیں حدیث نمبر (۹۵۱۶)
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9514
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه مسلم: 2099 ، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 14198 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 14247»
حدیث نمبر: 9515
عَنْ سَمُرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ أَمَرَنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ أَنْ نَعْتَدِلَ فِي الْجُلُوسِ وَأَنْ لَا نَسْتَوْفِزَ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا سمرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہمیں حکم دیا کہ ہم اعتدال سے بیٹھیں اور جلدی نہ کریں۔
وضاحت:
فوائد: … اس حدیث کا تعلق نماز سے ہے، جیسا کہ دوسری احادیث میں نماز میں اعتدال اختیار کرنے کی تعلیم دی گئی ہے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9515
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «حسن لغيره، أخرجه الطبراني في الكبير : 6884، والحاكم: 1/ 271، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 20111 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 20372»
حدیث نمبر: 9516
(عَنْ أَبِي النَّضْرِ) أَنَّ أَبَا سَعِيدٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ كَانَ يَشْتَكِي رِجْلَيْهِ فَدَخَلَ عَلَيْهِ أَخُوهُ وَقَدْ جَعَلَ إِحْدَى رِجْلَيْهِ عَلَى الْأُخْرَى وَهُوَ مُضْطَجِعٌ فَضَرَبَهُ بِيَدِهِ عَلَى رِجْلِهِ الْوَجِيعَةِ فَأَوْجَعَهُ فَقَالَ أَوْجَعْتَنِي أَوَ لَمْ تَعْلَمْ أَنَّ رِجْلِي وَجِيعَةٌ قَالَ بَلَى قَالَ فَمَا حَمَلَكَ عَلَى ذَلِكَ قَالَ أَوَلَمْ تَسْمَعْ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ قَدْ نَهَى عَنْ هَذِهِ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ ابو نضر کہتے ہیں: سیدنا ابو سعید رضی اللہ عنہ کی ایک ٹانگ میں کوئی تکلیف تھی، انھوں نے لیٹ کر ایک ٹانگ کو دوسری ٹانگ پر رکھا ہوا تھا، اتنے میں ان کا بھائی ان کے پاس آیا اور ان کی تکلیف زدہ ٹانگ پر ان کو مارا، جس سے ان کو تکلیف ہوئی، پس انھوں نے کہا: تو نے مجھے تکلیف دی ہے، کیا تو نہیں جانتا کہ میری ٹانگ میں تکلیف ہے؟ اس نے کہا: جی کیوں نہیں، انھوں نے کہا: اچھا تو ایسے کیا کیوں ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: کیا تو نے سنا نہیں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس طرح ٹانگ پر ٹانگ رکھنے سے منع کیا ہے۔
وضاحت:
فوائد: … ٹانگ پر ٹانگ رکھنا اس وقت منع ہے، جب بے پردگی ہو رہی ہو، یا اس کا واضح طور پر خطرہ ہو، ان احادیث میں اسی صورت سے منع کیا گیا ہے۔
جب بے پردگی کا خطرہ نہ ہو تو ٹانگ پر ٹانگ رکھ لینے میں کوئی حرج نہیں ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خود چت لیٹ کر ٹانگ پر ٹانگ رکھ لیاکرتے تھے۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / بيان آداب المجالس / حدیث: 9516
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «مرفوعه صحيح لغيره، أخرجه بنحوه الطبراني في الكبير : 19/ 18، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 11375 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 11395»