حدیث نمبر: 7306
عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ يَقُولُ ثَارَتْ أَرْنَبٌ فَتَبِعَهَا النَّاسُ فَكُنْتُ فِي أَوَّلِ مَنْ سَبَقَ إِلَيْهَا فَأَخَذْتُهَا فَأَتَيْتُ بِهَا أَبَا طَلْحَةَ قَالَ فَأَمَرَ بِهَا فَذُبِحَتْ ثُمَّ شُوِّيَتْ قَالَ ثُمَّ أَخَذَ عَجْزَهَا فَقَالَ ائْتِ بِهِ النَّبِيَّ فَأَتَيْتُهُ بِهِ قَالَ قُلْتُ إِنَّ أَبَا طَلْحَةَ أَرْسَلَ إِلَيْكُمْ بِعَجْزِ هَذِهِ الْأَرْنَبِ قَالَ فَقَبِلَهُ مِنِّي
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک خرگوش بھاگا، لوگوں نے اس کا پیچھا کیا، میں ان میں سب سے آگے نکل گیا اور خرگوش پکڑ لیا، میں اسے سیدنا ابو طلحہ رضی اللہ عنہ کے پاس لے آیا، انہوں نے اسے ذبح کرنے کا کہا، پس اسے ذبح کیا گیا اور پھر اس کا گوشت بھونا گیا، پھر اس کا سرین والا پچھلا حصہ پکڑا اور کہا: جاؤ اور یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دے آؤ، پس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آیا اور کہا: ابو طلحہ رضی اللہ عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے خرگوش کا یہ سرین بھیجا ہے، پس آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے قبول کر لیا۔
حدیث نمبر: 7307
عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ صَفْوَانَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّهُ صَادَ أَرْنَبَيْنِ فَلَمْ يَجِدْ حَدِيدَةً يَذْبَحُهُمَا بِهَا فَذَبَحَهُمَا بِمَرْوَةٍ فَأَتَى رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فَأَمَرَهُ بِأَكْلِهِمَا
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا محمد بن صفوان سے مروی ہے کہ انھوں نے دو خرگوش شکار میں پکڑے، لوہے کی کوئی چیز موجود نہ تھی، جس کے ساتھ انہیں ذبح کرتے، سو انھوں نے ایک پتھر کی نوک کے ساتھ انہیں ذبح کر دیا، جب وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس آیا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انہیں ان کو کھانے کا حکم دیا۔
وضاحت:
فوائد: … چھری کی مانند اگر مضبوط اور تیز دھار پتھر ہو جو کاٹنے کے کام آئے تو اس سے ذبح کیا ہوا جانور حلال ہے۔
حدیث نمبر: 7308
عَنْ عِيسَى بْنِ نُمَيْلَةَ الْفَزَارِيِّ عَنْ أَبِيهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ كُنْتُ عِنْدَ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا فَسُئِلَ عَنْ أَكْلِ الْقُنْفُذِ فَتَلَا هَذِهِ الْآيَةَ قُلْ لَا أَجِدُ فِيمَا أُوحِيَ إِلَيَّ مُحَرَّمًا [الأنعام: 145] إِلَى آخِرِ الْآيَةِ فَقَالَ شَيْخٌ عِنْدَهُ سَمِعْتُ أَبَا هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ يَقُولُ ذُكِرَ عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ خَبِيثٌ مِنَ الْخَبَائِثِ فَقَالَ ابْنُ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا إِنْ كَانَ قَالَهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ فَهُوَ كَمَا قَالَهُ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ نمیلہ فزاری سے مروی ہے، وہ کہتے ہیں: میں سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کے پاس تھا، ان سے سیہہ کے حکم کے بارے میں پوچھا گیا، انھوں نے جواباً یہ آیت پڑھی: {قُلْ لَآ أَجِدُ فِیمَا أُوحِیَ إِلَیَّ مُحَرَّمًا … } … کہہ دو کہ جو میری طرف وحی کی گئی ہے، اس میں حرام صرف یہ پاتا ہوں کہ وہ مردار ہو یا بہایا ہوا خون ہو یا خنزیر کا گوشت ہو یہ پلید ہے یا فسق ہے یا جو غیر اللہ کے نام پر پکاری گئی چیز ہو۔ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہماکے پاس بیٹھے ہوئے ایک بزرگ نے کہا: میں نے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا ہے، انھوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ہاں اس سیہہ کا ذکر کیا گیا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کے بارے میں فرمایا: یہ خبیث جانوروں میں ایک خبیث جانور ہے۔ یہ سن کر سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہمانے کہا: اگر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کے متعلق یہ فرمایا ہے تو پھر تو اسی طرح ہے جس طرح آپ نے فرمایا ہے۔
وضاحت:
فوائد: … سیہی ایک چھوٹا سا کانٹے دار جانور ہوتا ہے، کوئی ایسی صحیح دلیل نہیں ہے، جو اس کی حرمت پر دلالت کرتی ہو۔
حدیث نمبر: 7309
عَنْ أَبِي مُوسَى رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّهُ جَاءَ رَجُلٌ وَهُوَ يَأْكُلُ دَجَاجًا فَتَنَحَّى فَقَالَ إِنِّي حَلَفْتُ أَنْ لَا آكُلَهُ إِنِّي رَأَيْتُهُ يَأْكُلُ شَيْئًا قَذِرًا فَقَالَ لَهُ ادْنُهْ فَقَدْ رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ يَأْكُلُهُ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان
۔ سیدنا ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ان کے پاس ایک آدمی آیا، جبکہ وہ مرغی کا گوشت کھا رہے تھے، وہ علیحدہ ہو گیا اور اس نے یہ کھانا نہ کھایا۔ سیدنا ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ نے جب اس سے دریافت کیا تو اس نے کہا: میں نے اسے نہ کھانے کی قسم اٹھائی ہے، کیونکہ میں نے اسے دیکھا کہ یہ گندگی کھاتی ہے، سیدنا ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ نے کہا: قریب ہو جاؤ اور اسے کھاؤ، کیونکہ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دیکھا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مرغی کا گوشت کھاتے تھے۔
وضاحت:
فوائد: … مرغی حلال اور مرغوب جانور ہے، اگر حلال جانور کوئی غلاظت والی چیز یا حرام جانور کا گوشت کھا جاتا ہے تو اس سے اس کے حلال ہونے میں فرق نہیں پڑتا۔