حدیث نمبر: 5535
عَنْ أَنَسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ كَانَ إِذَا أَوَى إِلَى فِرَاشِهِ قَالَ الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي أَطْعَمَنَا وَسَقَانَا وَكَفَانَا وَآوَانَا وَكَمْ مِمَّنْ لَا كَافِيَ لَهُ وَلَا مُؤْوِيَ
ترجمہ:محمد محفوظ اعوان

۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے بستر پر آتے تو یہ دعا پڑھتے: اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِی أَطْعَمَنَا وَسَقَانَا وَکَفَانَا وَآوَانَا وَکَمْ مِمَّنْ لَا کَافِیَ لَہُ وَلَا مُؤْوِیَ(ساری تعریف اس اللہ کے لیے ہے، جس نے ہمیں کھلایا، پلایا، ہمیں کفایت کیا اور ہمیں جگہ دی، پس کتنے ہی لوگ ہیں کہ ان کی ضروریات کو پورا کرنے والا اور ان کو جگہ دینے والا کوئی نہیں)۔

وضاحت:
فوائد: … ہمیں کفایت کیا اس سے مراد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے موذِی چیزوں کا شرّ دور کیا اور حاجات و ضروریات پوری کیں، وگرنہ کتنے ہی لوگ ایسے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کو بے آسرا چھوڑ دیا، نہ ان کو شرّ سے بچایا، نہ ان کی جان کو تحفظ دیا، نہ ان کے مال کی حفاظت کی، کئی لوگوں پر ان کے دشمن غالب آ کر ان کو تکلیف دے رہے ہیں، کئی لوگوںکے پاس گھر اور مکمل لباس نہیں ہیں اور کتنے ہی افراد ایسے ہیں کہ ان کے پاس خوردو نوش کی چیزیں نہیں ہیں۔
حوالہ حدیث الفتح الربانی / كتاب الأذكار والدعوات / حدیث: 5535
درجۂ حدیث محدثین: صحیح
تخریج حدیث «أخرجه مسلم: 2715، (انظر مسند أحمد ترقيم الرسالة: 12552 ترقیم بيت الأفكار الدولية: 12580»