الفتح الربانی
أبواب المساجد— مساجد کا بیان
بَابُ جَوَازِ تَطَوُّعِ الْمُسَافِرِ عَلَى رَاحِلَةٍ حَيْثُ تَوَجَّهَتْ بِهِ باب: مسافرکے لیے اپنی سواری پر بیٹھ کر نفلی نماز پڑھنے کا جواز
حدیث نمبر: 1471
عَنْ عَامِرِ بْنِ رَبِيعَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ وَسَلَّمَ يُصَلِّي عَلَى ظَهْرِ رَاحِلَتِهِ النَّوَافِلَ فِي كُلِّ جِهَةٍترجمہ:محمد محفوظ اعوان
سیّدنا عامر بن ربیعہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سواری کی پیٹھ پر ہر جہت کی طرف نماز پڑھتے ہوئے دیکھا تھا۔
وضاحت:
فوائد: … عین التمر مقام،شام کے ساتھ ملا ہوا عراق کے راستے پر پڑتا ہے۔ جہاں تک ممکن ہو سکے فرضی اور نفلی نماز میں قبلہ رخ ہونے کا اہتمام کیا جائے گا، مذکورہ بالا احادیث میں سواری جیسے عذر کی بنا پر نفلی نماز کے لیے قبلہ رخ ہونے کے معاملے میں ایک رخصت دی گئی ہے۔ البتہ حدیث نمبر (۴۳۵) سے ثابت ہوتا ہے کہ نمازی کو تکبیر تحریمہ کہتے وقت ایک دفعہ قبلہ رخ ہو جانا چاہیے، اس کے بعد سفر کی نوعیت کے مطابق قبلہ سے رخ پھیر لینے میں کوئی حرج نہیں، ذہن نشین رہنا چاہیے کہ یہ رخصت سفر و حضر کے لیے عام ہے۔ ہمارے ہاں عام طور پر یہ دیکھا گیا ہے کہ آرام دہ سفر اور گاڑیاں ہونے کے باوجود نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس سنت پر عمل نہیں کیا جاتا، بلکہ اکثریت کو دوران سفر موسیقی اور فحش گانے سننے یا گندی اور حیا باختہ فلمیں دیکھنےیا گپ شپ لگانے کا نشہ کی حد تک شوق ہوتا ہے۔ ہمیں اپنے مہربان نبی کی اطاعت و فرمانبرداری کا اہتمام کرنا چاہیے۔