فضائل الصحابة
أخبار أمير المؤمنين علي بن أبي طالب وزهده رضوان الله عليه— امیر المومنین سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے حالات اور ان کے زہد کا بیان۔
فَضَائِلُ عَلِيٍّ عَلَيْهِ السَّلَامُ باب: سیدنا علی علیہ السلام کے فضائل کا بیان۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ ، قَالَ: حَدَّثَنِي أَبِي، نَا ابْنُ نُمَيْرٍ ، نَا عَبْدُ الْمَلِكِ ، عَنْ عَطِيَّةَ الْعَوْفِيِّ ، قَالَ: أَتَيْتُ زَيْدَ بْنَ أَرْقَمَ فَقُلْتُ لَهُ: إِنَّ خَتَنًا لِي حَدَّثَنِي عَنْكَ بِحَدِيثٍ فِي شَأْنِ عَلِيٍّ يَوْمَ غَدِيرِ خُمٍّ فَأَنَا أُحِبُّ أَنْ أَسْمَعَهُ مِنْكَ، فَقَالَ: إِنَّكُمْ مَعْشَرَ أَهْلِ الْعِرَاقِ فِيكُمْ مَا فِيكُمْ، فَقُلْتُ لَهُ: لَيْسَ عَلَيْكَ مِنِّي بَأْسٌ، قَالَ: نَعَمْ كُنَّا بِالْجُحْفَةِ فَخَرَجَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِلَيْنَا ظُهْرًا وَهُوَ آخِذٌ بِعَضُدِ عَلِيٍّ فَقَالَ: "أَيُّهَا النَّاسُ، أَلَسْتُمْ تَعْلَمُونَ أَنِّي أَوْلَى بِالْمُؤْمِنِينَ مِنْ أَنْفُسِهِمْ؟" قَالُوا: بَلَى، قَالَ: "فَمَنْ كُنْتُ مَوْلَاهُ فَعَلِيٌّ مَوْلَاهُ" . قَالَ: فَقُلْتُ لَهُ: هَلْ قَالَ: "اللَّهُمَّ وَالِ مَنْ وَالِاهُ، وَعَادِ مَنْ عَادَاهُ" ؟ قَالَ: إِنَّمَا أُخْبِرُكَ كَمَا سَمِعْتُ.عطیہ العوفی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں سیدنا زید بن ارقم رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور ان سے عرض کیا کہ میرے ایک داماد نے آپ کے حوالے سے غدیرِ خم کے دن سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی شان کے متعلق مجھے ایک حدیث سنائی ہے، تو میں چاہتا ہوں کہ اسے خود آپ سے سنوں۔
انہوں نے فرمایا: ”تم اہل عراق کے گروہ میں جو کچھ (فتنہ و فساد) ہے وہ سب کے سامنے ہے (یعنی مجھے اندیشہ ہے)۔“
میں نے عرض کیا: ”آپ کو میری طرف سے کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی۔“
انہوں نے فرمایا: ”ہاں! ہم مقامِ جحفہ پر تھے کہ رسول اللہ ﷺ دوپہر کے وقت ہمارے پاس تشریف لائے، اس حال میں کہ آپ ﷺ نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کا بازو تھام رکھا تھا، پھر آپ ﷺ نے فرمایا: ”اے لوگو! کیا تم نہیں جانتے کہ میں مومنوں کی جانوں پر ان سے زیادہ حق رکھتا ہوں؟“
لوگوں نے عرض کیا: ”جی ہاں! (آپ زیادہ حق رکھتے ہیں)۔“
آپ ﷺ نے فرمایا: ”پس جس کا میں مولیٰ ہوں، علی اس کا مولیٰ ہے۔““
عطیہ رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نے ان سے پوچھا: ”کیا آپ ﷺ نے یہ بھی فرمایا تھا کہ: «اللَّهُمَّ وَالِ مَنْ وَالِاهُ، وَعَادِ مَنْ عَادَاهُ» ”اے اللہ! تو اس سے محبت رکھ جو اس سے محبت رکھے اور اس سے دشمنی رکھ جو اس سے دشمنی رکھے“؟“
انہوں نے فرمایا: ”میں نے جیسا سنا تھا، تمہیں ویسا ہی بتا دیا ہے۔“