فضائل الصحابة
فضائل أمير المؤمنين عمر بن الخطاب رضي الله عنه— امیر المومنین سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے فضائل کا بیان۔
مِنْ فَضَائِلِ عُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ مِنْ حَدِيثِ أَبِي بَكْرِ بْنِ مَالِكٍ عَنْ مَشَايِخِهِ باب: سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے فضائل کا بیان، ابوبکر بن مالک (القطیعی) کی اپنے مشائخ سے روایات میں سے۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ ، قَالَ: حَدَّثَنِي أَبِي ، قَثَنَا عَبْدُ الرَّزَّاقِ ، قَالَ: أَنَا مَعْمَرٌ ، عَنْ قَتَادَةَ ، عَنْ أَنَسٍ ، أَوْ عَنِ النَّضْرِ بْنِ أَنَسٍ ، عَنْ أَنَسٍ ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "إِنَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ وَعَدَنِي أَنْ يُدْخِلَ الْجَنَّةَ مِنْ أُمَّتِي أَرْبَعَمِائَةِ أَلْفٍ" ، فَقَالَ أَبُو بَكْرٍ: زِدْنَا يَا رَسُولَ اللَّهِ، قَالَ: "وَهَكَذَا" ، وَجَمَعَ كَفَّهُ، قَالَ: زِدْنَا يَا رَسُولَ اللَّهِ، قَالَ: "وَهَكَذَا" ، فَقَالَ عُمَرُ: حَسْبُكَ يَا أَبَا بَكْرٍ ، فَقَالَ أَبُو بَكْرٍ: دَعْنِي يَا عُمَرُ ، وَمَا عَلَيْكَ أَنْ يُدْخِلَنَا اللَّهُ الْجَنَّةَ كُلَّنَا، فَقَالَ عُمَرُ: إِنَّ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ إِنْ شَاءَ أَدْخَلَ خَلْقَهُ الْجَنَّةَ بِكَفٍّ وَاحِدٍ، فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "صَدَقَ عُمَرُ". سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک اللہ عزوجل نے مجھ سے وعدہ فرمایا ہے کہ وہ میری امت میں سے چار لاکھ افراد کو جنت میں داخل فرمائے گا۔“
اس پر سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے عرض کی: ”یا رسول اللہ! ہمارے لیے اس (تعداد) میں اضافہ فرمائیے۔“ آپ ﷺ نے اپنی ہتھیلیاں ملا کر (اشارہ کرتے ہوئے) فرمایا: ”اور اتنے۔“
سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے پھر عرض کی: ”یا رسول اللہ! ہمارے لیے مزید اضافہ فرمائیے۔“ آپ ﷺ نے پھر اسی طرح (ہاتھوں سے اشارہ کر کے) فرمایا: ”اور اتنے۔“
تب سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: ”اے ابوبکر! بس کیجئے (اتنا ہی کافی ہے)۔“ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ”اے عمر! مجھے (اپنے حال پر) چھوڑ دیجئے، آپ کا کیا حرج ہے اگر اللہ تعالیٰ ہم سب ہی کو جنت میں داخل فرما دے؟“
تب سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: ”بے شک اللہ عزوجل اگر چاہے تو اپنی (ساری) مخلوق کو ایک ہی لپ بھر کر جنت میں داخل کر دے۔“ اس پر نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ”عمر نے سچ کہا۔“