فضائل الصحابة
فضائل أبي بكر الصديق رحمة الله عليه ورضوانه— سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے فضائل کا بیان۔
ذِكْرُ أَحَادِيثَ مِنْ حَدِيثِ أَبِي بَكْرِ بْنِ مَالِكٍ عَنْ شُيُوخِهِ وَلَيْسَتْ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَحْمَدَ باب: ابوبکر بن مالک (القطیعی) کی اپنے شیوخ سے مروی ان احادیث کا بیان جو عبداللہ بن احمد سے نہیں۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ ، قَالَ: حَدَّثَنِي أَبِي، قَثَنَا يَحْيَى بْنُ أَبِي بُكَيْرٍ ، قَثَنَا زَائِدَةُ ، عَنْ عَاصِمِ بْنِ أَبِي النَّجُودِ ، عَنْ زِرٍّ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ ، قَالَ: كَانَ أَوَّلَ مَنْ أَظْهَرَ إِسْلَامَهُ سَبْعَةٌ: رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأَبُو بَكْرٍ ، وَعَمَّارٌ ، وَأُمُّهُ سُمَيَّةُ، وَصُهَيْبٌ ، وَبِلَالٌ ، وَالْمِقْدَادُ ، فَأَمَّا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَمَنَعَهُ اللَّهُ بِعَمِّهِ أَبِي طَالِبٍ ، وَأَمَّا أَبُو بَكْرٍ فَمَنَعَهُ اللَّهُ بِقَوْمِهِ، وَأَمَّا سَائِرُهُمْ فَأَخَذَهُمُ الْمُشْرِكُونَ، وَأَلْبَسُوهُمْ أَدْرُعَ الْحَدِيدِ وَصَهَرُوهُمْ فِي الشَّمْسِ، فَمَا مِنْهُمْ إِنْسَانٌ إِلَّا وَقَدْ وَاتَاهُمْ عَلَى مَا أَرَادُوا، إِلَّا بِلَالٌ ، فَإِنَّهُ هَانَتْ عَلَيْهِ نَفْسُهُ فِي اللَّهِ، وَهَانَ عَلَى قَوْمِهِ فَأَعْطَوْهُ الْوِلْدَانَ، فَأَخَذُوا يَطُوفُونَ بِهِ شِعَابَ مَكَّةَ وَهُوَ يَقُولُ أَحَدٌ أَحَدٌ.سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے فرمایا: ”سب سے پہلے جنہوں نے اپنے اسلام کا اظہار کیا وہ سات افراد تھے: رسول اللہ ﷺ، سیدنا ابوبکر، سیدنا عمار، ان کی والدہ سیدہ سمیہ، سیدنا صہیب، سیدنا بلال اور سیدنا مقداد رضی اللہ عنہم۔
بہرحال رسول اللہ ﷺ کی اللہ تعالیٰ نے آپ کے چچا ابو طالب کے ذریعے حفاظت فرمائی، اور سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کی اللہ تعالیٰ نے ان کی قوم کے ذریعے حفاظت فرمائی۔
رہے باقی لوگ، تو مشرکین نے انہیں پکڑ لیا، انہیں لوہے کی زرہیں پہنائیں اور انہیں تپتی دھوپ میں تپایا۔ ان میں سے ہر ایک نے (شدتِ تکلیف کی وجہ سے) مشرکین کی مرضی کے مطابق بات کہہ دی، سوائے سیدنا بلال رضی اللہ عنہ کے، کیونکہ اللہ کی خاطر ان کی جان ان کے نزدیک ہیچ ہو چکی تھی اور ان کی قوم کی نظر میں بھی وہ بے وقعت ہو چکے تھے، چنانچہ انہوں نے انہیں لڑکوں کے حوالے کر دیا، وہ انہیں مکہ کی گھاٹیوں میں پھراتے پھرتے تھے اور وہ «أَحَدٌ أَحَدٌ» ”اللہ ایک ہے، اللہ ایک ہے“ پکارتے رہتے تھے۔“