فضائل الصحابة
فضائل سعد بن معاذ رحمه الله— سیدنا سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ کے فضائل کا بیان۔
(بَابُ اهْتِزَازِ الْعَرْشِ لِمَوْتِ سَعْدِ بْنِ مُعَاذٍ) باب: (سیدنا سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ کی وفات پر عرش کے لرز اٹھنے کا بیان)۔
حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ ، قَالَ: حَدَّثَنِي أَبِي، قَثَنَا يَزِيدُ ، قَالَ: أَنَا مُحَمَّدُ بْنُ عَمْرٍو ، قَالَ: حَدَّثَنِي عَاصِمُ بْنُ عُمَرَ بْنِ قَتَادَةَ الْأَنْصَارِيُّ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ نَامَ حِينَ أَمْسَى فَلَمَّا اسْتَيْقَظَ جَاءَهُ جِبْرِيلُ أَوْ قَالَ: مَلَكٌ فَقَالَ: مَنْ رَجُلٌ مِنْ أُمَّتِكَ مَاتَ اللَّيْلَةَ اسْتَبْشَرَ بِمَوْتِهِ أَهْلُ السَّمَاءِ؟، قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "لَا أَعْلَمُهُ إِلَّا أَنَّ سَعْدَ بْنَ مُعَاذٍ أَمْسَى دَنِفًا مَا فَعَلَ سَعْدٌ؟" قَالُوا: يَا رَسُولَ اللَّهِ، قَدْ قُبِضَ، وَجَاءَ قَوْمُهُ فَاحْتَمَلُوهُ إِلَى دَارِهِمْ قَالَ: فَصَلَّى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِالنَّاسِ صَلَاةَ الصُّبْحِ، ثُمَّ خَرَجَ وَخَرَجَ النَّاسُ مَشْيًا حَتَّى إِنَّ شُسُوعَ نِعَالِهِمْ تَقَطَّعُ مِنْ أَرْجُلِهِمْ وَإِنَّ أَرْدِيَتَهُمْ تَسْقُطُ مِنْ عَوَاتِقِهِمْ، فَقَالَ قَائِلٌ: يَا رَسُولَ اللَّهِ _ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ _ قَدْ بَتَتَّ النَّاسَ مَشْيًا قَالَ: "إِنِّي أَخْشَى أَنْ تَسْبِقَنَا إِلَيْهِ الْمَلَائِكَةُ كَمَا سَبَقَتْنَا إِلَى حَنْظَلَةَ".عاصم بن عمر بن قتادہ انصاری رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ شام کے وقت سو گئے، پھر جب بیدار ہوئے تو آپ ﷺ کے پاس جبریل علیہ السلام آئے یا انہوں نے کہا کہ ایک فرشتہ آیا اور اس نے دریافت کیا: ”آپ کی امت کا وہ کون سا مرد ہے جو آج رات فوت ہوا ہے جس کی موت پر آسمان والوں نے خوشی منائی ہے؟“ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”مجھے اس کا علم نہیں، سوائے اس کے کہ سیدنا سعد بن معاذ رضی اللہ عنہ شام کے وقت جاں بلب تھے، سعد کا کیا ہوا؟“ لوگوں نے عرض کی: ”اے اللہ کے رسول ﷺ! ان کی روح قبض کر لی گئی ہے، اور ان کی قوم کے لوگ آئے اور انہیں اٹھا کر اپنے گھر لے گئے ہیں۔“
راوی بیان کرتے ہیں کہ پھر رسول اللہ ﷺ نے لوگوں کو صبح کی نماز پڑھائی، پھر آپ ﷺ (تیزی سے) نکلے اور لوگ بھی آپ ﷺ کے ہمراہ پیدل ہی روانہ ہوئے، یہاں تک کہ (تیزیِ رفتار کی وجہ سے) ان کے جوتوں کے تسمے ان کے پاؤں سے ٹوٹنے لگے اور ان کی چادریں ان کے کندھوں سے گرنے لگیں، تو کسی کہنے والے نے عرض کی: ”اے اللہ کے رسول ﷺ! آپ نے تو (تیز رفتاری سے) لوگوں کو تھکا دیا ہے۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”بے شک میں اس بات سے ڈرتا ہوں کہ کہیں فرشتے ہم سے پہلے ان تک نہ پہنچ جائیں، جس طرح وہ سیدنا حنظلہ رضی اللہ عنہ کے معاملے میں ہم سے سبقت لے گئے تھے۔“