فضائل الصحابة
فضائل الحسن والحسين رضي الله عنهما— سیدنا حسن اور سیدنا حسین رضی اللہ عنہما کے فضائل کا بیان۔
(بَابُ إِخْبَارِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِمَقْتَلِ الْحُسَيْنِ وَمَا جَاءَ فِي مَقْتَلِهِ) باب: (نبی ﷺ کی طرف سے سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کی شہادت کی خبر اور ان کی شہادت کے بارے میں وارد روایات کا بیان)۔
حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ ، نَا حَجَّاجٌ ، نَا عَبْدُ الْحَمِيدِ بْنُ بَهْرَامَ الْفَزَارِيُّ ، نَا شَهْرُ بْنُ حَوْشَبٍ ، قَالَ: سَمِعْتُ أُمَّ سَلَمَةَ تَقُولُ حِينَ جَاءَ نَعْيُ الْحُسَيْنِ بْنِ عَلِيٍّ: لَعَنَتْ أَهْلَ الْعِرَاقِ وَقَالَتْ: قَتَلُوهُ قَتَلَهُمُ اللَّهُ غَرُّوهُ وَذَلُّوهُ لَعَنَهُمُ اللَّهُ، وَجَاءَتْهُ فَاطِمَةُ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا، وَمَعَهَا ابْنَيْهَا جَاءَتْ بِهِمَا تَحْمِلُهُمَا، حَتَّى وَضَعْتُهُمَا بَيْنَ يَدَيْهِ، فَقَالَ لَهَا: "أَيْنَ ابْنُ عَمِّكِ؟" قَالَتْ: هُوَ فِي الْبَيْتِ قَالَ: "اذْهَبِي فَادْعِيهِ وَائْتِينِي بِابْنَيَّ" قَالَ: فَجَاءَتْ تَقُودُ ابْنَيْهَا كُلُّ وَاحِدٍ مِنْهُمَا فِي يَدٍ وَعَلِيٌّ يَمْشِي فِي أَثَرِهَا حَتَّى دَخَلُوا عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَجْلَسَهُمَا فِي حِجْرِهِ، وَجَلَسَ عَلِيٌّ عَلَى يَمِينِهِ، وَجَلَسَتْ فَاطِمَةُ عَلَى يَسَارِهِ قَالَتْ أُمُّ سَلَمَةَ: فَأَخَذَ مِنْ تَحْتِي كِسَاءً كَانَ بِسَاطًا لَنَا عَلَى الْمَنَامَةِ فِي الْمَدِينَةِ، فَلَفَّهُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَخَذَهُ بِشِمَالِهِ بِطَرَفَيِ الْكِسَاءِ وَأَلْوَى بِيَدِهِ الْيُمْنَى إِلَى رَبِّهِ عَزَّ وَجَلَّ قَالَ: "اللَّهُمَّ أَهْلُ بَيْتِي أَذْهِبْ عَنْهُمُ الرِّجْسَ، وَطَهِّرْهُمْ تَطْهِيرًا" ثَلَاثَ مِرَارٍ، كُلُّ ذَلِكَ يَقُولُ: "اللَّهُمَّ أَهْلِي أَذْهِبْ عَنْهُمُ الرِّجْسَ وَطَهِّرْهُمْ تَطْهِيرًا" قَالَتْ: فَقُلْتُ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، أَلَسْتُ مِنْ أَهْلِكَ؟ فَقَالَ: "بَلَى فَادْخُلِي فِي الْكِسَاءِ" قَالَتْ: فَدَخَلْتُ فِي الْكِسَاءِ بَعْدَمَا قَضَى دُعَاءَهُ لِابْنِ عَمِّهِ وَابْنَيْهِ وَابْنَتِهِ فَاطِمَةَ عَلَيْهِمُ السَّلَامُ.شہر بن حوشب رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے ام المومنین سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا کو اس وقت سنا جب سیدنا حسین بن علی رضی اللہ عنہما کی شہادت کی خبر پہنچی، انہوں نے اہل عراق پر لعنت کی اور فرمایا: ”انہوں نے انہیں قتل کر ڈالا، اللہ انہیں غارت کرے، انہوں نے انہیں دھوکہ دیا اور رسوا کیا، اللہ ان پر لعنت کرے۔“
(مزید انہوں نے ایک واقعہ بیان فرمایا کہ) سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا رسول اللہ ﷺ کے پاس اپنے دونوں بیٹوں کو اٹھائے ہوئے آئیں اور انہیں آپ ﷺ کے سامنے بٹھا دیا۔ آپ ﷺ نے ان سے پوچھا: ”تمہارا چچا زاد کہاں ہے؟“ انہوں نے عرض کی: ”وہ گھر میں ہیں۔“ آپ ﷺ نے فرمایا: ”جاؤ، انہیں بلا لاؤ اور میرے دونوں بیٹوں کو بھی میرے پاس لاؤ۔“ راوی کہتے ہیں کہ وہ اپنے دونوں بیٹوں کو لے کر آئیں، ہر ایک کا ہاتھ تھامے ہوئے تھیں اور سیدنا علی رضی اللہ عنہ ان کے پیچھے پیچھے چل رہے تھے، یہاں تک کہ وہ رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو گئے۔ آپ ﷺ نے ان دونوں بچوں کو اپنی گود میں بٹھایا، سیدنا علی رضی اللہ عنہ آپ ﷺ کے دائیں جانب اور سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا بائیں جانب بیٹھ گئیں۔ سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ آپ ﷺ نے میرے نیچے سے ایک چادر لی جو مدینہ میں ہمارے سونے کے بستر کے طور پر استعمال ہوتی تھی، پھر رسول اللہ ﷺ نے اسے لپیٹ لیا اور اسے اپنے بائیں ہاتھ سے چادر کے دونوں کناروں سے تھام لیا اور اپنا دایاں ہاتھ اپنے رب عزوجل کی طرف اٹھایا اور تین مرتبہ فرمایا: «اللَّهُمَّ أَهْلُ بَيْتِي أَذْهِبْ عَنْهُمُ الرِّجْسَ، وَطَهِّرْهُمْ تَطْهِيرًا» ”اے اللہ! یہ میرے اہل بیت ہیں، ان سے ناپاکی کو دور کر دے اور انہیں خوب اچھی طرح پاک فرما۔“ آپ ﷺ مسلسل یہی فرما رہے تھے: «اللَّهُمَّ أَهْلِي أَذْهِبْ عَنْهُمُ الرِّجْسَ وَطَهِّرْهُمْ تَطْهِيرًا» ”اے اللہ! یہ میرے گھر والے ہیں، ان سے گندگی دور فرما اور انہیں مکمل طور پر پاک کر دے۔“ سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ میں نے عرض کی: ”یا رسول اللہ! کیا میں آپ کے اہل میں سے نہیں ہوں؟“ تو آپ ﷺ نے فرمایا: ”کیوں نہیں، تم بھی چادر میں داخل ہو جاؤ۔“ چنانچہ میں بھی چادر میں اس وقت داخل ہو گئی جب آپ ﷺ اپنے چچا زاد، اپنے دونوں بیٹوں اور اپنی صاحبزادی سیدہ فاطمہ علیہم السلام کے لیے دعا فرما چکے تھے۔