حدیث نمبر: 6908
قَالَ : ائْتِ مَنْ يَشْهَدُ مَعَكَ عَلَى هَذَا ، فَقَالَ مُحَمَّدُ بْنُ مَسْلَمَةَ : أَنَا أَشْهَدُ عَلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِمِثْلِ هَذَا " .
مولانا داود راز

´عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ` اس پر اپنا کوئی گواہ لاؤ ۔ چنانچہ محمد بن مسلمہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ فیصلہ کیا تھا ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الديات / حدیث: 6908
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
6908. حضرت عمر ؓ نے فرمایا: اس بات پر اپنا کوئی گواہ پیش کرو تو حضرت محمد بن مسلمہ ؓ نے کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ نبی ﷺ نے یہ فیصلہ کیا تھا۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6908]
حدیث حاشیہ:
(1)
بچہ جب تک عورت کے پیٹ میں ہو تو اسے جنین کہا جاتا ہے کیونکہ وہ نگاہوں سے پوشیدہ ہوتا ہے اور بچہ جنم دے تو اسے ولد کہتے ہیں۔
اگر مردہ پیدا ہو تو اسے سقط کہتے ہیں۔
عورت کے پیٹ سے مردہ بچہ گرا دینے کو بھی املاص کہا جاتا ہے۔
(2)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: فقہاء نے غلام یا کنیز کے وجوب میں یہ شرط لگائی ہے کہ جنین ماں کے پیٹ سے مردہ برآمد ہو اور اگر زندہ نکلے گا تو اس میں قصاص یا دیت واجب ہوگی۔
(فتح الباري: 313/12)
اگر جنین، ماں کی موت کے بعد مردہ نکلے تو مارنے والے پر ماں کی دیت اور جنین کا غلام یا لونڈی کا ادا کرنا واجب ہے۔
اس میں کوئی فرق نہیں کہ وہ ماں کی موت کے بعد مردہ پیدا ہو یا اس کی زندگی میں مردہ نکلے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6908 سے ماخوذ ہے۔