حدیث نمبر: 6263
حَدَّثَنَا عَمْرُو بْنُ عَاصِمٍ ، حَدَّثَنَا هَمَّامٌ ، عَنْ قَتَادَةَ ، قَالَ : قُلْتُ لِأَنَسٍ : " أَكَانَتِ الْمُصَافَحَةُ فِي أَصْحَابِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : نَعَمْ " .
مولانا داود راز

´ہم سے عمرو بن عاصم نے بیان کیا ، کہا ہم سے ہمام نے بیان کیا ان سے قتادہ نے کہ` میں نے انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا ، کیا مصافحہ کا دستور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ میں تھا ؟ انہوں نے کہا کہ جی ہاں ضرور تھا ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الاستئذان / حدیث: 6263
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
6263. حضرت قتادہ سے روایت ہے کہ میں نے حضرت انس ؓ سے پوچھا: کیا نبی ﷺ کے صحابہ کرام میں مصافحہ (کرنے کا دستور) تھا؟ انہوں نے فرمایا: ہاں[صحيح بخاري، حديث نمبر:6263]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کا ملاقات کے وقت مصافحہ کرنے کا عمل ثابت ہوتا ہے کہ جب وہ آپس میں ملتے تھے تو مصافحہ کرتے تھے۔
حدیث میں اس کی بہت فضیلت بیان ہوئی ہے، چنانچہ حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جب کوئی دومسلمان ملاقات کرتے اور پھر مصافحہ کرتے ہیں تو جدا ہونے سے پہلے ہی ان دونوں کی مغفرت کر دی جاتی ہے۔
‘‘ (سنن أبي داود، الأدب، حدیث: 5212) (2)
بہرحال مسلمانوں کا ایک دوسرے کے ساتھ خوشی سے ملنا اور مصافحہ کرنا آپس میں محبت کے اضافے اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے گناہوں کی مغفرت کا ذریعہ ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے لکھا ہے کہ مصافحے کے اس عمومی عمل سے اجنبی عورت اور خوبصورت بے ریش لڑکا مستثنیٰ ہے۔
اس سے مصافحہ نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس سے بے شمار فتنے جنم لیتے ہیں۔
(فتح الباري: 66/11)
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6263 سے ماخوذ ہے۔