مرکزی مواد پر جائیں
19 شعبان، 1447 ہجری
حدیث نمبر: 6226
حَدَّثَنَا عَاصِمُ بْنُ عَلِيٍّ حَدَّثَنَا ابْنُ أَبِي ذِئْبٍ عَنْ سَعِيدٍ الْمَقْبُرِيُّ عَنْ أَبِيهِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الْعُطَاسَ ، وَيَكْرَهُ التَّثَاؤُبَ ،‏‏‏‏ فَإِذَا عَطِسَ أَحَدُكُمْ وَحَمِدَ اللَّهَ كَانَ حَقًّا عَلَى كُلِّ مُسْلِمٍ سَمِعَهُ أَنْ يَقُولَ لَهُ : يَرْحَمُكَ اللَّهُ ، وَأَمَّا التَّثَاؤُبُ فَإِنَّمَا هُوَ مِنَ الشَّيْطَانِ ،‏‏‏‏ فَإِذَا تَثَاؤَبَ أَحَدُكُمْ فَلْيَرُدَّهُ مَا اسْتَطَاعَ ، فَإِنَّ أَحَدَكُمْ إِذَا تَثَاءَبَ ضَحِكَ مِنْهُ الشَّيْطَانُ .
مولانا داود راز

´ہم سے عاصم بن علی نے بیان کیا ، انہوں نے کہا ہم سے ابن ابی ذئب نے بیان کیا ، انہوں نے کہا کہ ہم سے سعید مقبری نے بیان کیا ، ان سے ان کے والد نے بیان کیا ، ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا اور ان سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ` اللہ تعالیٰ چھینک کو پسند کرتا ہے کیونکہ وہ بعض دفعہ صحت کی علامت ہے اور جمائی کو ناپسند کرتا ہے ۔ اس لیے جب تم میں سے کوئی شخص چھینکے تو وہ الحمدللہ کہے لیکن جمائی لینا شیطان کی طرف سے ہوتا ہے ۔ اس لیے جب تم میں سے کسی کو جمائی آئے تو وہ اپنی قوت و طاقت کے مطابق اسے روکے ۔ اس لیے کہ جب تم میں سے کوئی جمائی لیتا ہے تو شیطان ہنستا ہے ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الأدب / حدیث: 6226
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 6223 | سنن ترمذي: 2746 | سنن ترمذي: 2747 | سنن ابي داود: 5028 | مسند الحميدي: 1173 | مسند الحميدي: 1195

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
6226. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں آپ نے فرمایا: اللہ تعالٰی چھینک کو پسند اور جمائى کو ناپسند کرتا ہے۔ جب تم میں سے کسی کو چھینک آئے تو الحمد للہ کہے۔ ہر مسلمان جو الحمدللہ سنے اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ یرحمك اللہ کہے۔ جماہی شیطان کی طرف سے ہے۔ جب تم میں سے کسی کو جماہی آئے تو اسے ممکن حد تک ممکن حد تک روکے کیونکہ جب کوئی جماہی لیتا ہے تو شیطان اس سے ہنستا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6226]
حدیث حاشیہ: وہ تو بنی آدم کا دشمن ہے وہ آدمی کی سستی اور کاہلی دیکھ کر خوش ہوتا ہے۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6226 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
6226. حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں آپ نے فرمایا: اللہ تعالٰی چھینک کو پسند اور جمائى کو ناپسند کرتا ہے۔ جب تم میں سے کسی کو چھینک آئے تو الحمد للہ کہے۔ ہر مسلمان جو الحمدللہ سنے اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ یرحمك اللہ کہے۔ جماہی شیطان کی طرف سے ہے۔ جب تم میں سے کسی کو جماہی آئے تو اسے ممکن حد تک ممکن حد تک روکے کیونکہ جب کوئی جماہی لیتا ہے تو شیطان اس سے ہنستا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6226]
حدیث حاشیہ:
(1)
جب انسان سیر ہو کر کھاتا ہے تو زیادہ کھانے کی وجہ سے معدے میں گرانی آ جاتی ہے، اس سے جماہی آتی ہے، اس سے بدن میں سستی پیدا ہوتی ہے۔
حضرات انبیائے کرام علیہم السلام کو اس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے کیونکہ ان کی یہ حالت نہیں ہوتی۔
(2)
بعض روایات میں نماز کا ذکر ہے کہ دوران نماز میں انگڑائی کو روکنا چاہیے کیونکہ نماز بندے کی بہترین حالت ہے، اس میں بندے کو خاص طور پر اسے روکنے کا اہتمام کرنا چاہیے بصورت دیگر ہر حال میں جماہی کو روکا جائے۔
(فتح الباري: 750/10) (3)
ایک روایت میں ہے: ''جماہی لیتے وقت جانور کی طرح آواز نہ نکالے کیونکہ شیطان اس سے ہنستا ہے۔
'' (سنن ابن ماجة، إقامة الصلوات، حدیث: 968)
شیطان کے ہنسنے کی دو وجہیں ہیں: ٭ جماہی آنے سے چہرہ بگڑتا ہے اور انسان ھَاھَا کی آواز نکالتا ہے، شیطان اس صورت میں انسان کا مذاق اڑاتا ہے کہ کائنات کے چودھری کی شکل و صورت کیسی ہے اور یہ کس طرح حیوانات کی آواز نکال رہا ہے۔
٭ وہ خوشی سے ہنستا ہے کیونکہ جماہی سستی اور کاہلی کی علامت ہے جو شیطان کو پسند ہے، اس لیے کہ کاہلی کی وجہ سے انسان بہت سی نیکیوں سے محروم ہو جاتا ہے۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6226 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6223 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6223. حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں، آپ نے فرمایا: بلاشبہ اللہ تعالٰی چھینک کو پسند اور جماہی کو ناپسند کرتا ہے جب کسی کو چھینک آئے اور وہ الحمد للہ کہے تو ہر مسلمان پر جو اسے فرض ہے کہ اس کا جواب دے البتہ جماہی شیطان کی طرف سے ہوتی ہے، اس لیے جہاں تک ممکن ہو اسے روکے۔ جب کوئی جماہی کے وقتہا کی آواز نکالتا ہے تو اس سے شیطان ہنستا ہے۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6223]
حدیث حاشیہ:
(1)
چھینک آنا صحت مندی اور طبیعت کے ہلکے ہونے کی علامت ہے، نیز یہ چستی، ہوشیاری اور دماغ کی صفائی کا باعث ہے۔
اللہ تعالی کو اس لیے پسند ہے کہ انسان چھینک آنے پر الحمدللہ کہتا ہے۔
(2)
اس سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ اس چھینک کو پسند کرتا ہے جو زکام کی وجہ سے نہ ہو کیونکہ زکام والے شخص کی چھینک پر جواب دینا ضروری نہیں۔
شریعت کا قاعدہ ہے کہ ہر اچھی اور بہتر چیز کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف کی جاتی ہے اور ہر بری کیفیت شیطان کی طرف منسوب ہوتی ہے، اس لیے جماہی کی نسبت شیطان کی طرف کی گئی ہے۔
جماہی کو بند کرنے کی ایک صورت یہ ہے کہ انسان جماہی آنے ہی نہ دے، اگر آئے تو اپنے منہ پر ہاتھ رکھ لے بالخصوص نماز کے دوران میں اسے روکنے کا خاص اہتمام کرے۔
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6223 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: سنن ابي داود / حدیث: 5028 کی شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی ✍️
´جمائی لینے کا بیان۔`
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ چھینک کو پسند کرتا ہے اور جمائی کو ناپسند، لہٰذا جب تم میں سے کسی کو جمائی آئے، تو جہاں تک ہو سکے اسے روکے رہے، اور ہاہ ہاہ نہ کہے، اس لیے کہ یہ شیطان کی طرف سے ہوتی ہے، وہ اس پر ہنستا ہے۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الأدب /حدیث: 5028]
فوائد ومسائل:

چھینک آنا طبعیت کے ہلکے ہونے اورصحت مندی کی جبکہ جمائی کسل او ر طبعیت کے بوجھل ہونے کی علامت ہوتی ہے۔
اور شریعت میں ہر بُری کیفیت کی نسبت شیطان کی طرف اور ہر خیر اور بہتری کی نسبت اللہ عزوجل کی طرف کی جاتی ہے۔


جمائی کو بند کرنے کی ایک صورت یہ ہے۔
کہ انسان جمائی آنے ہی نہ دے۔
یا اگر آئے تو منہ پر ہاتھ رکھ لے۔
اور ہاء ہاء کی آواز نہ نکالے۔
بالخصوص نماز کے دوران میں اس کا خاص خیال رکھے۔
درج بالا اقتباس سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی، حدیث/صفحہ نمبر: 5028 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1173 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1173- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: جب کسی شخص کو جمائی آئے، تو وہ اسے روکنے کی کوشش کرے ورنہ اپنا ہاتھ اپنے منہ پر رکھ لے۔‏‏‏‏ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1173]
فائدہ:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جب جمائی آئے تو اس کو روکنے کی بھر پور کوشش کرنی چاہیے،کیونکہ جمائی شیطان کی طرف سے ہوتی ہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1171 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 1195 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
1195- سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں: نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے: چھینک اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہوتی ہے اور جمائی شیطان کی طرف سے ہوتی ہے جب کسی شخص کو جمائی آئے، تو وہ اپنا ہاتھ اپنے منہ پر رکھ لے جب وہ ہا، ہاکہتا ہے، تو یہ شیطان کی طرف سے ہوتا ہے، جواس کے پیٹ میں ہنس رہا ہوتا ہے۔‏‏‏‏ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:1195]
فائدہ:
اس حدیث میں چھینک کے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہونے کا بیان ہے، کیونکہ چھینک بطور رحمت ہوتی ہے، جس سے انسان کی طبیعت کھل جاتی ہے۔ جمائی سستی اور غفلت کی علامت ہے، اور یہ شیطان کی طرف سے ہوتی ہے، نیز اس حدیث میں جمائی کے آداب کا بھی ذکر ہے کہ جمائی کے وقت منہ پر ہاتھ رکھنا چاہیے، اور منہ پر ہاتھ رکھنے کا مقصد یہ ہے کہ جب انسان جمائی لیتا ہے تو اس وقت اس کا منہ کھل جاتا ہے، اور اندر سے واضح نظر آ تا ہے، ایک تو ہاتھ رکھنے سے منہ کا اندرونی حصہ نظر نہیں آئے گا اور دوسرا جمائی کے وقت منہ سے جو آواز نکلتی ہے، اس پر کنٹرول ہو جاتا ہے۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 1193 سے ماخوذ ہے۔

اہم: ویب سائٹ یا موبائل ایپ پر کوئی خرابی نظر آئے تو براہِ کرم فوری طور پر واٹس اپ پر اطلاع دیں یا ای میل کریں۔