صحيح البخاري
كتاب الأدب— کتاب: اخلاق کے بیان میں
بَابُ الْمَعَارِيضُ مَنْدُوحَةٌ عَنِ الْكَذِبِ: باب: تعریض کے طور پر بات کہنے میں جھوٹ سے بچاؤ ہے۔
حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ ، أَخْبَرَنَا حَبَّانُ ، حَدَّثَنَا هَمَّامٌ ، حَدَّثَنَا قَتَادَةُ ، حَدَّثَنَا أَنَسُ بْنُ مَالِكٍ ، قَالَ : كَانَ لِلنَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَادٍ يُقَالُ لَهُ : أَنْجَشَةُ ، وَكَانَ حَسَنَ الصَّوْتِ ، فَقَالَ لَهُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " رُوَيْدَكَ يَا أَنْجَشَةُ ، لَا تَكْسِرِ الْقَوَارِيرَ " ، قَالَ قَتَادَةُ : يَعْنِي ضَعَفَةَ النِّسَاءِ .´ہم سے اسحاق نے بیان کیا ، کہا ہم کو حبان نے خبر دی ، کہا ہم سے ہمام نے بیان کیا ، ان سے قتادہ نے بیان کیا ، ان سے انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک حدی خواں تھے انجشہ نامی ان کی آواز بڑی اچھی تھی ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا ” انجشہ ! آہستہ چال اختیار کر ، ان شیشوں کو مت توڑ ۔ “ قتادہ نے بیان کیا کہ مراد کمزور عورتیں تھیں ( کہ سواری سے گر نہ جائیں ) ۔
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے ایک اور روایت ہے، انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کا ایک حدی خواں تھا جسے انجشہ کہا جاتا تھا، اس کی آواز بہت سریلی تھی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ”اے انجشہ! نرمی کرو، آبگینوں کو چور نہ کرو۔“ حضرت قتادہ رحمہ اللہ نے کہا: ”اس سے مراد کمزور عورتیں ہیں۔“
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ظاہری طور پر شیشے کے الفاظ استعمال کیے لیکن اس سے مراد یہ تھی کہ عورتیں کمزور ہیں۔
اور شیشوں کو توڑنے سے مراد ان کا نیچے گر کر چوٹ کھانا ہے، لیکن درحقیقت آپ کی مراد یہ تھی کہ جس طرح چوٹ لگنے سے شیشہ ٹوٹ جاتا ہے اور پھر اس کی اصلاح نہیں ہوتی، اسی طرح حُدِی کی آواز سے عورتوں کے دل میں گانے کی محبت پیدا ہو گی اور اس سے ان کے اخلاق بگڑنے کا اندیشہ ہے پھر ان کی اصلاح بہت مشکل ہو گی۔
(2)
بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے الفاظ بول کر ظاہری معنی کے بجائے باطنی معنی مراد لیے، اور ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں۔
واللہ أعلم
گانے میں آواز بہت غضب کی حسین تھی جسے سن کر اونٹ بھی مست ہوجاتے تھے۔
آپ نے مستورات کو شیشے سے تشبیہ دی۔
نزاکت کی بنا پر اورانجشہ کو سواری تیز چلانے سے روکا کہ کہیں تیزی میں کوئی عورت سواری سے گر نہ جائے۔
انجشہ کو صرف انجش سے آپ نے ذکر فرمایا باب سے یہی وجہ مطابقت ہے۔
پہلی حدیث میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا نام تخفیف کے ساتھ عائش اور دوسری حدیث میں انجشہ کا نام صرف انجش لیا گیا ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے محبت اور پیار سے ان ناموں سے آخری حرف حذف کر کے انہیں بلایا ہے اور ایسا کرنا جائز ہے۔
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو ''یا عثم'' کہہ کر پکارا تھا۔
(الأدب المفرد، حدیث: 828)
اس کے گانے سے اونٹ مست ہو کر خوب بھاگ رہے تھے۔
آپ کو ڈر ہوا کہ کہیں عورتیں گر نہ جائیں، اس لئے فرمایا آہستہ لے چل۔
نکتہ چینی اس طور پر کہ عورتوں کو شیشے سے تشبیہ دی اور ان کو شیشے کی طرح نازک قرار دیا مگر یہ تشبیہ بہت عمدہ تھی۔
فی الحقیقت عورتیں ایسی ہی نازک ہوتی ہیں۔
صنف نازک پر یہ رحمۃ للعالمین کا احسان عظیم ہے کہ آپ نے ان کی کمزوری و نزاکت کا مردوں کو قدم قدم پر احساس کرایا۔
(1)
انجشہ سیاہ فام حبشی نژاد ایک غلام تھا جو بڑی خوشی آوازی کے ساتھ حُدی پڑھتا اور اونٹوں کو چلاتا تھا۔
اس کی خوش الحانی سے متاثر ہو کر اونٹ مستی کے ساتھ دوڑ رہے تھے۔
ان اونٹوں پر خواتین تھیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خطرہ محسوس ہوا کہیں ایسا نہ ہو کہ عورتیں گر جائیں، اس لیے آپ نے فرمایا: ’’انہیں آہستہ لے کر چل۔
‘‘ (2)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورتوں کی نازک مزاجی کی وجہ سے انہیں آبگینوں سے تشبیہ دی کیونکہ عورتیں اگر شکستہ دل ہو جائیں تو ان کا پھر طبعی حالت پر آنا بہت مشکل ہوتا ہے، جیسے شیشہ جلدی ٹوٹ جاتا ہے پھر درست نہیں ہوتا۔
چونکہ عورتوں کے دل کمزور ہوتے ہیں اور خوش الحانی سے جلدی متاثر ہو جاتے ہیں، گانا سننے کی طرف ان کا میلان بڑھ جاتا ہے اور گانا، ذہنی آوارگی کا پیش خیمہ ہوتا ہے، اس لیے آپ نے انجشہ کو تنبیہ فرمائی۔
(3)
بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اس صنف نازک پر بڑا احسان ہے کہ آپ نے ان کی کمزوری اور نزاکت کا مردوں کو قدم قدم پر احساس دلایا۔
حدیث کے آخر میں ابو قلابہ کی بات کا مقصد یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم چونکہ فصاحت و بلاغت کے اعلیٰ مراتب پر فائز تھے، اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس طرح کا کلام زیب دیتا تھا۔
اگر عام شخص اس قسم کا استعارہ استعمال کرے تو تم اس پر عیب لگانا شروع کر دو گے۔
(فتح الباري: 669/10)
(1)
يحدو: اونٹوں کو تیز چلانے کے لیے گا رہا تھا۔
(2)
رويد: آہستہ آہستہ، نرمی کے ساتھ قواریر، قارورہ کی جمع ہے، آبگینہ، شیشہ، عورتوں کو صنف نازک ہونے کی بنا پر ان کے ضعف اور کمزوری کے سبب شیشہ سے تشبیہ دی ہے، کیونکہ وہ شیشہ کی طرح جلد ٹوٹ پھوٹ جاتی ہے، زیادہ مشقت طلب کام کرنا، ان کے لیے مشکل ہے یا وہ جلد متاثر ہو جاتی ہیں، اس لیے تیز رفتاری سے، ان کے گرنے یا رنج و الم محسوس کرنے ڈرنے کا خطرہ تھا۔
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ عورتوں کے ساتھ نرمی سے پیش آنا چاہیے، اس کے متعلق شرح تفصیل سے گزر چکی ہے۔