حدیث نمبر: 6046
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ سِنَانٍ ، حَدَّثَنَا فُلَيْحُ بْنُ سُلَيْمَانَ ، حَدَّثَنَا هِلَالُ بْنُ عَلِيٍّ ، عَنْ أَنَسٍ ، قَالَ : لَمْ يَكُنْ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَاحِشًا وَلَا لَعَّانًا وَلَا سَبابا ، كَانَ يَقُولُ عِنْدَ الْمَعْتَبَةِ : " مَا لَهُ تَرِبَ جَبِينُهُ " .
مولانا داود راز

´ہم سے محمد بن سنان نے بیان کیا ، کہا ہم سے فلیح بن سلیمان نے بیان کیا کہا ہم سے ہلال بن علی نے بیان کیا اور ان سے انس رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فحش گو نہیں تھے ، نہ آپ لعنت ملامت کرنے والے تھے اور نہ گالی دیتے تھے ، آپ کو بہت غصہ آتا تو صرف اتنا کہہ دیتے ، اسے کیا ہو گیا ہے ، اس کی پیشانی پہ خاک لگے ۔

حوالہ حدیث صحيح البخاري / كتاب الأدب / حدیث: 6046
درجۂ حدیث محدثین: أحاديث صحيح البخاريّ كلّها صحيحة
اس موضوع سے متعلق مزید احادیث و آثار کے حوالے ملاحظہ کریں : صحيح البخاري: 6031 | مسند الحميدي: 251

تشریح، فوائد و مسائل

✍️ مولانا داود راز
6046. حضرت انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ فحش گو نہ تھے اور نہ لعنت والے ہی تھے نیز گالی گلوچ بھی نہیں کرتے تھے بلکہ کسی کو عتاب و زجر کرتے وقت فرماتے: اسے کیا ہو گیا ہے؟ اس کی پیشانی خاک آلود ہو۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6046]
حدیث حاشیہ: آپ کا یہ فرمانا بھی بطریق بد دعا کے اثر نہ کرتا کیونکہ آپ نے اللہ پاک سے یہ عرض کر لیا تھا۔
یا رب! اگر میں کسی کو برا کہہ دوں تو اس کے لئے اس میں بہتری ہی کیجیو۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6046 سے ماخوذ ہے۔

✍️ الشیخ عبدالستار الحماد
6046. حضرت انس ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ فحش گو نہ تھے اور نہ لعنت والے ہی تھے نیز گالی گلوچ بھی نہیں کرتے تھے بلکہ کسی کو عتاب و زجر کرتے وقت فرماتے: اسے کیا ہو گیا ہے؟ اس کی پیشانی خاک آلود ہو۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6046]
حدیث حاشیہ:
(1)
کسی کو لعنت کرنا اور گالی گلوچ دینا بہت بڑا جرم ہے،ایسا کرنے سے انسان اللہ تعالیٰ کے ہاں بہت سے اعزازات سے محروم ہو جاتا ہے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’جو بہت زیادہ لعنت کرنے والے ہوں گے وہ قیامت کے دن کسی کے سفارشی یا گواہ نہیں بن سکیں گے۔
‘‘ (سنن أبي داود، الأدب، حدیث: 4907) (2)
یہ کس قدر محرومی ہے کہ انسان کسی پر لعن وطعن کرنے سے اس فضیلت سے محروم کر دیا جائے جو قیامت کے دن اس کی عزت افزائی کا باعث ہو، حالانکہ اہل ایمان قیامت کے دن اپنے رشتے داروں اور دوسرے لوگوں کی سفارش بھی کریں گے اور ان کے حق میں گواہی بھی دیں گے۔
واللہ المستعان
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6046 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6031 کی شرح از مولانا داود راز ✍️
6031. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ گالی گلوچ کرنے والے اور بے ہودہ کام کرنے والے نہیں تھے۔ اور نہ لعنت ملامت ہی کرنا آپ کی عادت تھی۔ اگر آپ ہم میں کسی پر ناراض ہوتے تو اتنا فرماتے: اسے کیا ہوگیا ہے؟ اس کی پیشانی خاک آلود ہو۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6031]
حدیث حاشیہ: قال الخطابي ھذا الدعاء یحتمل وجھین أن یجر بوجھه فیصیب التراب جبینه والذکر أن یکون له دعاء بالطاعة فیصلي فیترب جبینه وقال الداودي ھذہ کلمة جرت علی لسان العرب ولایراد حقیقتھا (عینی)
یعنی یہ دعا احتمال بھی رکھتی ہے کہ وہ شخص چہرے کے بل کھینچا جائے اور اس کی پیشانی کو مٹی لگے یا اس کے حق میں نیک دعا بھی ہو سکتی ہے کہ وہ نماز پڑھے اور نماز میں بحالت سجدہ اس کی پیشانی کو مٹی لگے۔
داؤدی نے کہا کہ یہ ایسا کلمہ ہے جو اہل عرب کی زبان پرعموماً جاری رہتا ہے اور اس کی حقیقت مراد نہیں لی جایا کرتی۔
درج بالا اقتباس صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 6031 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: صحيح البخاري / حدیث: 6031 کی شرح از الشیخ عبدالستار الحماد ✍️
6031. حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ گالی گلوچ کرنے والے اور بے ہودہ کام کرنے والے نہیں تھے۔ اور نہ لعنت ملامت ہی کرنا آپ کی عادت تھی۔ اگر آپ ہم میں کسی پر ناراض ہوتے تو اتنا فرماتے: اسے کیا ہوگیا ہے؟ اس کی پیشانی خاک آلود ہو۔[صحيح بخاري، حديث نمبر:6031]
حدیث حاشیہ:
(1)
سباب، فحاش اور لعان تینوں مبالغے کے صیغے ہیں، یعنی بہت گالی گلوچ کرنے والا، بہت بے ہودہ بکنے والا اور بہت لعن طعن کرنے والا۔
مبالغے کی نفی سے اصل فعل کی نفی نہیں ہوتی لیکن اس حدیث میں اصل فعل کی نفی مقصود ہے، یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قطعی طور پر گالی گلوچ کرنے والے، بیہودہ باتیں کرنے والے اور لعنت کرنے والے نہ تھے۔
(2)
ان تینوں میں فرق یہ ہے کہ لعنت کے معنی ہیں: اللہ تعالیٰ کی رحمت سے دور ہونا۔
سب کا تعلق نسب سے جبکہ فحش کا تعلق حسب سے ہے۔
(3)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ’’اس کی پیشانی خاک آلود ہو۔
‘‘ اس کے بھی دومعنی ہیں: ٭وہ اپنے چہرے کے بل گرے اور اس کی پیشانی خاک آلود ہو جائے۔
٭وہ نماز پڑھے تو اس کی پیشانی مٹی سے مل جائے، اس صورت میں یہ نیک دعا ہے، لیکن یہ معنی مقصود نہیں کیونکہ عربوں کے ہاں حکم نماز سے پہلے ہی یہ ضرب المثل رائج اور مشہور تھی۔
بہرحال اس کلمے سے حقیقی معنی مراد نہیں کیونکہ عربوں کی زبان پر یہ کلمہ بے ساختہ جاری ہو جاتا تھا۔
واللہ أعلم
درج بالا اقتباس هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6031 سے ماخوذ ہے۔

موضوع سے متعلق حدیث: مسند الحميدي / حدیث: 251 کی شرح از محمد ابراہیم بن بشیر ✍️
فائدہ:
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ فن جرح و تعدیل بالکل ٹھیک ہے، اور اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ اگر کسی شخص میں کوئی کمی و کوتاہی ہے، اور وہ آپ سے بات کرنا چاہتا ہے، تو اس سے نرم بات کی جائے۔ بدکردار آدمی کو چھوڑ نا درست ہے، اور غلط کردار والا انسان اللہ تعالیٰ کے ہاں بہت ہی برا ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں محفوظ فرمائے، آمین۔
درج بالا اقتباس مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 251 سے ماخوذ ہے۔