صحيح البخاري
كتاب الأدب— کتاب: اخلاق کے بیان میں
بَابُ رَحْمَةِ النَّاسِ وَالْبَهَائِمِ: باب: انسانوں اور جانوروں سب پر رحم کرنا۔
حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ ، أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ ، عَنِ الزُّهْرِيِّ ، قَالَ : أَخْبَرَنِي أَبُو سَلَمَةَ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ ، أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَامَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي صَلَاةٍ وَقُمْنَا مَعَهُ ، فَقَالَ أَعْرَابِيٌّ وَهُوَ فِي الصَّلَاةِ : اللَّهُمَّ ارْحَمْنِي وَمُحَمَّدًا وَلَا تَرْحَمْ مَعَنَا أَحَدًا ، فَلَمَّا سَلَّمَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ لِلْأَعْرَابِيِّ : " لَقَدْ حَجَّرْتَ وَاسِعًا ، يُرِيدُ رَحْمَةَ اللَّهِ " .´ہم سے ابوالیمان نے بیان کیا ، کہا ہم کو شعیب نے خبر دی ، ان سے زہری نے بیان کیا ، کہا کہ مجھے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے خبر دی اور ان سے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک نماز کے لیے کھڑے ہوئے اور ہم بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کھڑے ہوئے ۔ نماز پڑھتے ہی ایک دیہاتی نے کہا : اے اللہ ! مجھ پر رحم کر اور محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) پر اور ہمارے ساتھ کسی اور پر رحم نہ کر ۔ جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سلام پھیرا تو دیہاتی سے فرمایا کہ تم نے ایک وسیع چیز کو تنگ کر دیا آپ کی مراد اللہ کی رحمت سے تھی ۔
تشریح، فوائد و مسائل
(1)
اللہ تعالیٰ کی رحمت بہت وسیع ہے، اس کی وسعت ہر چیز کو گھیرے ہوئے ہے اور اعرابی نے اسے محدود کر دیا، حالانکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کا وصف اس طرح بیان کیا ہے کہ وہ دعا کرتے وقت دوسرے اہل ایمان کو بھی شامل کرتے ہیں، چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ان کا یہ امتیازی وصف بیان کرتے ہوئے فرمایا: ’’وہ کہتے ہیں: اے ہمارے رب! ہمیں بخش دے اور ہمارے ان بھائیوں کو بھی جو ہم سے ایمان لائے تھے اور ان کے لیے ہمارے دل میں بغض نہ رہنے دے، اے ہمارے رب!یقیناً تو بے حد شفقت کرنے والا، نہایت رحم کرنے والا ہے۔
‘‘ (الحشر59: 10) (2)
شاید کہ یہ وہی اعرابی ہو جس نے مسجد میں پیشاب کر دیا تھا جیسا کہ ایک حدیث میں ہے کہ ایک اعرابی مسجد میں آیا اور دعا کرنے لگا: اے اللہ! مجھے بخش دے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو بخش دے، ہمارے ساتھ کسی کو مغفرت عطا نہ فرما، پھر وہ مسجد کے ایک کونے میں بیٹھ کر پیشاب کرنے لگا......(جامع الترمذي، الطھارة، حدیث: 147)
بہرحال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اعرابی کو غلط دعا کرنے پر ٹوکا، حالانکہ اس غلطی کی وجہ اس کی آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت وعقیدت تھی۔
واللہ أعلم
اس سے اخلاق نبوی پر بھی روشنی پڑتی ہے۔
صلی اللہ علیہ وعلی آله وصحبه وسلم ألف ألف مرة بعدد کل ذرة۔
1)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مقصد یہ تھا کہ اگر تم دیہاتی کو دوران پیشاب میں ڈانٹ ڈپٹ کرو گے تو اس کے کپڑے اور بدن پیشاب سے آلودہ ہوں گے، نیز مسجد کی جگہ بھی زیادہ پلید ہو گی، پھر پیشاب رک جانے سے اسے نقصان پہنچنے کا بھی خطرہ ہے، لہذا آپ نے آسانی کرتے ہوئے اسے پیشاب کرنے دیا، جب وہ فارغ ہوا تو اسے سمجھایا اور پانی کا ڈول منگوا کر پیشاب کی جگہ پر بہا دیا۔
اس سے دینی معاملات میں آسانی ثابت ہوتی ہے۔
(2)
بہرحال اس حدیث سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق و کردار پر روشنی پڑتی ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے لیے کھڑے ہوئے، ہم بھی آپ کے ساتھ کھڑے ہوئے، ایک دیہاتی نے نماز میں کہا: «اللهم ارحمني ومحمدا ولا ترحم معنا أحدا» "اے اللہ! تو مجھ پر اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر رحم فرما اور ہمارے ساتھ کسی اور پر رحم نہ فرما" جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سلام پھیرا تو اس دیہاتی سے فرمایا: "تم نے ایک وسیع چیز کو تنگ کر دیا"، اس سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کی رحمت مراد لے رہے تھے۔ [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة /حدیث: 882]
اس انداز سے دعا نہیں کرنی چاہیے اور یہ دعا کرنے والا ہی اعرابی تھا، جس نے مسجد میں پیشاب کر دیا تھا۔ جیسا کہ جامع الترمذی کی حدیث [147] سے معلوم ہوتا ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک دیہاتی کھڑا ہوا اور مسجد میں پیشاب کرنے لگا، لوگ اسے پکڑنے کے لیے بڑھے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: " اسے چھوڑ دو (پیشاب کر لینے دو)، اور اس کے پیشاب پر ایک ڈول پانی بہا دو، اس لیے کہ تم لوگ آسانی کرنے والے بنا کر بھیجے گئے ہو سختی کرنے والے بنا کر نہیں بھیجے گئے ہو۔ [سنن نسائي/كتاب المياه/حدیث: 331]
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے لیے کھڑے ہوئے، آپ کے ساتھ ہم (بھی) کھڑے ہوئے، تو ایک اعرابی نے کہا (اور وہ نماز میں مشغول تھا): «اللہم ارحمني ومحمدا ولا ترحم معنا أحدا» " اے اللہ! میرے اوپر اور محمد پر رحم فرما، اور ہمارے ساتھ کسی اور پر رحم نہ فرما " ۱؎ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سلام پھیرا تو آپ نے اعرابی سے فرمایا: " تو نے ایک کشادہ چیز کو تنگ کر دیا "، آپ اس سے اللہ کی رحمت مراد لے رہے تھے۔ [سنن نسائي/كتاب السهو/حدیث: 1217]
➋ دعا جامع اور وسعت کی حامل ہونی چاہیے، چنانچہ ایسی دعا کرنا درست نہیں جس میں اللہ تعالیٰ کے وسیع فضل و کرم کو محدود کر دیا جائے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک اعرابی مسجد میں داخل ہوا، اور اس نے دو رکعت نماز پڑھی، پھر اس نے (نماز ہی میں) کہا: «اللہم ارحمني ومحمدا ولا ترحم معنا أحدا» " اے اللہ! مجھ پر اور محمد پر رحم فرما، اور ہمارے ساتھ کسی اور پر رحم نہ فرما " تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: " تو نے ایک کشادہ چیز کو تنگ کر دیا۔" [سنن نسائي/كتاب السهو/حدیث: 1218]
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک دیہاتی اٹھا، اور مسجد میں پیشاب کرنے لگا، تو لوگ اسے پکڑنے کے لیے بڑھے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے فرمایا: " اسے چھوڑ دو (پیشاب کر لینے دو) اور اس کے پیشاب پر ایک ڈول پانی بہا دو، کیونکہ تم آسانی کرنے والے بنا کر بھیجے گئے ہو، سختی کرنے والے بنا کر نہیں۔" [سنن نسائي/ذكر الفطرة/حدیث: 56]