صحيح البخاري
كتاب الأدب— کتاب: اخلاق کے بیان میں
بَابُ لَيْسَ الْوَاصِلُ بِالْمُكَافِي: باب: ناطہٰ جوڑنے کے یہ معنی نہیں ہیں کہ صرف بدلہ ادا کر دے۔
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ كَثِيرٍ ، أَخْبَرَنَا سُفْيَانُ ، عَنِ الْأَعْمَشِ ، وَالْحَسَنِ بْنِ عَمْرٍو ، وَفِطْرٍ ، عَنْ مُجَاهِدٍ ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو ، قَالَ سُفْيَانُ : لَمْ يَرْفَعْهُ الْأَعْمَشُ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَرَفَعَهُ حَسَنٌ ، وَفِطْرٌ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " لَيْسَ الْوَاصِلُ بِالْمُكَافِئِ ، وَلَكِنِ الْوَاصِلُ الَّذِي إِذَا قُطِعَتْ رَحِمُهُ وَصَلَهَا " .´ہم سے محمد بن کثیر نے بیان کیا ، کہا ہم کو سفیان ثوری نے خبر دی ، انہیں اعمش اور حسن بن عمرو اور فطر بن خلیفہ نے ، ان سے مجاہد بن جبیر نے اور ان سے عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما نے سفیان سے ، کہا کہ` اعمش نے یہ حدیث نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تک مرفوع نہیں بیان کی لیکن حسن اور فطر نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے مرفوعاً بیان کیا ، فرمایا کہ کسی کام کا بدلہ دینا صلہ رحمی نہیں ہے بلکہ صلہ رحمی کرنے والا وہ ہے کہ جب اس کے ساتھ صلہ رحمی کا معاملہ نہ کیا جا رہا ہو تب بھی وہ صلہ رحمی کرے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
رشتہ دار اگر نہ ملے تو تم اس سے ملنے میں سبقت کرو بعد میں وہ تمہارا ولی حمیم گاڑھا دوست بن جائے گا جیسے کہ تجربہ شاہد ہے۔
حضرت اعمش بن سلیمان سنہ60 ھ میں سر زمین رے میں پیدا ہوئے پھر کوفے میں لائے گئے علم حدیث میں بہت مشہور ہیں۔
اکثر کوفیوں کی روایت کامدار ان ہی پر ہے۔
سنہ128ھ میں فوت ہوئے۔
رحمه اللہ تعالیٰ آمین۔
اگرچہ بدلہ دینا بھی صلہ رحمی کی ہی قسم ہے، تاہم کامل صلہ رحمی یہی ہے کہ رشتے دار اگر نہ بھی ملے پھر بھی اس کے ساتھ رحم کا تعلق قائم رکھا جائے، اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ دشمن بھی گہرا دوست بن جاتا ہے لیکن ایسا کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں بلکہ ایسا کام تو بہت بڑے حوصلے والا کرسکتا ہے ہاں اگر کوئی رشتے دار صلہ رحمی کرتا ہے لیکن اس کا بدلہ نہ دینا بلکہ قطع رحمی پر جمے رہنا بہت سنگین جرم ہے۔
عبداللہ بن عمرو رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” صلہ رحمی کرنے والا وہ نہیں ہے جو بدلہ چکائے ۱؎، بلکہ حقیقی صلہ رحمی کرنے والا وہ ہے جو رشتہ ناتا توڑنے پر بھی صلہ رحمی کرے۔“ [سنن ترمذي/كتاب البر والصلة/حدیث: 1908]
وضاحت: 1؎: یعنی صلہ رحمی کی جائے تو صلہ رحمی کرے اور قطع رحمی کیاجائے تو قطع رحمی کرے، یہ کوئی صلہ رحمی نہیں۔
عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” رشتہ ناتا جوڑنے والا وہ نہیں جو بدلے میں ناتا جوڑے بلکہ ناتا جوڑنے والا وہ ہے کہ جب ناتا توڑا جائے تو وہ اسے جوڑے۔“ [سنن ابي داود/كتاب الزكاة /حدیث: 1697]
اس حدیث میں صلۂ رحمی کی تعریف کی گئی ہے کہ صیح معنوں میں صلۂ رحمی اس کو کہتے ہیں کہ کوئی آپ کی مخالفت کرے اور آپ اس کے ساتھ صلۂ رحمی کریں۔ انتقام نہ لیا جائے، بدلہ نہ لیا جائے، مخالفت کی وجہ سے جنگ و جدل کا میدان گرم نہ کیا جائے بلکہ اس کے ساتھ نرمی والا معاملہ کیا جائے۔ اللہ کی قسم! اس کی وجہ سے مخالف کی تمام سازشیں ناکام ہو جائیں گی اور وہ آپ کا حقیقی دوست بن جائے گا، ان شاء اللہ۔