صحیح بخاری — حدیث نمبر 4706
باب: آیت کی تفسیر ”جنہوں نے قرآن کے ٹکڑے ٹکڑے کر رکھے ہیں“۔
بَابُ قَوْلِهِ: {الَّذِينَ جَعَلُوا الْقُرْآنَ عِضِينَ} :
حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ مُوسَى ، عَنْ الْأَعْمَشِ ، عَنْ أَبِي ظَبْيَانَ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا ، كَمَا أَنْزَلْنَا عَلَى الْمُقْتَسِمِينَ سورة الحجر آية 90 ، قَالَ : " آمَنُوا بِبَعْضٍ ، وَكَفَرُوا بِبَعْضٍ ، الْيَهُودُ وَالنَّصَارَى " .´مجھ سے عبیداللہ بن موسیٰ نے بیان کیا ، ان سے اعمش نے بیان کیا ، ان سے ابوظبیان حصین بن جندب نے بیان کیا ، اور ان سے ابن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` آیت «كما أنزلنا على المقتسمين» میں سے یہود و نصاریٰ مراد ہیں کچھ قرآن انہوں نے مانا کچھ نہ مانا ۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما ہی سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ آیت کریمہ: ﴿كَمَا أَنْزَلْنَا عَلَى الْمُقْتَسِمِينَ﴾ [سورة الحجر: 90] سے ”یہود و نصاریٰ مراد ہیں جنہوں نے کچھ قرآن کو تسلیم کیا اور کچھ کا انکار کیا۔“
تشریح، فوائد و مسائل
بعضوں نے کہا یہ قسمت سے نکلا ہے جس کے معنی بانٹنے کے ہیں یعنی جن لوگوں نے قرآن کو تکا بوٹی کر لیا تھا، اس کے ٹکڑے کر ڈالے تھے۔
اس کے کئی مطلب بیان کئے گئے ہیں ایک یہ کہ پیغمبر کو کوئی جادوگر کہتا کوئی مجنوں کوئی کاہن۔
دوسرے یہ کہ قرآن سے ٹھٹھا کرتے۔
مجاہد نے کہا یہود مراد ہیں جو اللہ کی کچھ کتاب پر ایمان لاتے تھے اور کچھ نہیں مانتے تھے۔
1۔
ان احادیث میں ﴿مُقْتَسِمِينَ﴾ سے مراد یہودو نصاری بیان کیا گیا ہے۔
واقعی انھوں نے اپنی مذہبی کتاب کے بعض حصوں کو مان کر اور بعض کا انکار کر کے نیز بعض آیات چھپا کر اور بعض میں تحریف کر کے بیسیوں فرقے بنا ڈالے تھے۔
2۔
کچھ حضرات کا کہنا ہے کہ اس سے مراد کفار مکہ ہیں جن کا قرآن کریم کے متعلق مطالبہ تھا کہ جن آیات میں ہمارے بتوں کی توہین ہے انھیں نکال دیا جائے باقی آیات ہم مان لیتے ہیں اللہ تعالیٰ نے ان سب پر اپنے عذاب کا کوڑا برسایا وہ اہل کتاب ہوں یا اہل مکہ سے اللہ تعالیٰ نے اس کردار کے حاملین کو معاف نہیں کیا۔