صحيح البخاري
كتاب تفسير القرآن— کتاب: قرآن پاک کی تفسیر کے بیان میں
بَابُ قَوْلِهِ: {لاَ يُؤَاخِذُكُمُ اللَّهُ بِاللَّغْوِ فِي أَيْمَانِكُمْ} : باب: آیت کی تفسیر ”اللہ تم سے تمہاری فضول قسموں پر پکڑ نہیں کرتا“۔
حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ سَلَمَةَ ، حَدَّثَنَا مَالِكُ بْنُ سُعَيْرٍ ، حَدَّثَنَا هِشَامٌ ، عَنْ أَبِيهِ ، عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا : " أُنْزِلَتْ هَذِهِ الْآيَةُ لا يُؤَاخِذُكُمُ اللَّهُ بِاللَّغْوِ فِي أَيْمَانِكُمْ سورة المائدة آية 89 فِي قَوْلِ الرَّجُلِ : لَا وَاللَّهِ ، وَبَلَى وَاللَّهِ " .´ہم سے علی بن سلمہ نے بیان کیا ، کہا ہم سے مالک بن سعید نے بیان کیا ، کہا ہم سے ہشام نے بیان کیا ، ان سے ان کے والد نے اور ان سے عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہ` آیت «لا يؤاخذكم الله باللغو في أيمانكم» ” اللہ تم سے تمہاری فضول قسموں پر پکڑ نہیں کرتا ۔ “ کسی کے اس طرح قسم کھانے کے بارے میں نازل ہوئی تھی کہ نہیں ، اللہ کی قسم ، ہاں اللہ کی قسم ! ۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ درج ذیل آیت کریمہ ﴿لَا يُؤَاخِذُكُمُ اللَّهُ بِاللَّغْوِ فِي أَيْمَانِكُمْ﴾ [سورة البقرة: 225] ”اللہ تعالیٰ تم سے تمہاری فضول قسموں پر مؤاخذہ نہیں کرے گا۔“ کسی کے اس طرح قسم کھانے کے بارے میں نازل ہوئی تھی: «لَا وَاللَّهِ، وَبَلَى وَاللَّهِ» ”نہیں! اللہ کی قسم، ہاں! اللہ کی قسم۔“
تشریح، فوائد و مسائل
امام شافعی اور اہلحدیث کا یہی قول ہے۔
امام ابو حنیفہ نے کہا ایک بات کا گمان غالب ہو اور پھر اس پر کوئی قسم کھالے تو یہ قسم لغو ہے۔
بعضوں نے کہا لغو قسم جو غصے میں یا بھول کر کھالی جائے۔
بعضوں نے کہا کھانے پینے لباس وغیرہ کے ترک پر جو قسم کھائی جائے وہ مراد ہے۔
1۔
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جو قسم بطور عادت قصد و ارادہ کے بغیر انسان کی زبان سے نکل جائے وہ لغو ہے کیونکہ بعض اوقات انسان کو بچپن میں بات بات پر قسم کھانے کی عادت پڑجاتی ہے جس پر کنٹرول کرنا کچھ مشکل ہوتا ہے۔
چنانچہ ابراہیم نخعیؒ سے مروی ہے کہ بچپن میں ہمیں قسم اٹھا نے پر مار پڑتی تھی۔
2۔
اگر کوئی انسان جان بوجھ کر قسم اٹھاتا ہے کہ میں نے یہ کام نہیں کیا حالانکہ وہ اسے کر چکا ہوتا ہے تو اسے یمین غموس کہنے ہیں اور یہ کبیرہ گناہ میں شامل ہے۔