صحیح بخاری — حدیث نمبر 4584
باب: آیت «أولي الأمر منكم» کی تفسیر۔
بَابُ: {أُولِي الأَمْرِ مِنْكُمْ} ذَوِي الأَمْرِ:
حَدَّثَنَا صَدَقَةُ بْنُ الْفَضْلِ ، أَخْبَرَنَا حَجَّاجُ بْنُ مُحَمَّدٍ ، عَنْ ابْنِ جُرَيْجٍ ، عَنْ يَعْلَى بْنِ مُسْلِمٍ ، عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ ، عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا ، أَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ وَأُولِي الأَمْرِ مِنْكُمْ سورة النساء آية 59 ، قَالَ : " نَزَلَتْ فِي عَبْدِ اللَّهِ بْنِ حُذَافَةَ بْنِ قَيْسِ بْنِ عَدِيٍّ ، إِذْ بَعَثَهُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي سَرِيَّةٍ " .´ہم سے صدقہ بن فضل نے بیان کیا ، انہوں نے کہا ہم کو حجاج بن محمد نے خبر دی ، انہیں ابن جریج نے ، انہیں یعلیٰ بن مسلم نے ، انہیں سعید بن جبیر نے اور ان سے عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` آیت «أطيعوا الله وأطيعوا الرسول وأولي الأمر منكم» ” اللہ کی اطاعت کرو اور رسول ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی اور اپنے میں سے حاکموں کی ۔ “ عبداللہ بن حذافہ بن قیس بن عدی رضی اللہ عنہ کے بارے میں نازل ہوئی تھی ۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں ایک مہم پر بطور افسر کے روانہ کیا تھا ۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ ”درج ذیل آیت کریمہ ﴿أَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ وَأُولِي الْأَمْرِ مِنكُمْ﴾ [سورة النساء: 59] حضرت عبداللہ بن حذافہ بن قیس بن عدی رضی اللہ عنہ کے بارے میں نازل ہوئی تھی جبکہ نبی ﷺ نے انہیں ایک مہم پر بطور افسر روانہ کیا تھا۔“
تشریح، فوائد و مسائل
بعض نے کہا ان کی اطاعت کرنی چاہیئے، بعضوں نے کہا کہ ان کا یہ حکم شریعت کے خلاف ہے۔
اس کا ما ننا ضروری نہیں۔
آخر یہ آیت ﴿فَإِنْ تَنَازَعْتُمْ فِي شَيْءٍ﴾ (النساء: 59)
نازل ہوئی۔
حافظ نے کہا مطلب یہ ہے کہ جب کسی مسئلہ میں اختلاف ہو تو کتاب اللہ وحدیث رسول اللہ ﷺ کی طرف رجوع کرو اور اس سے تقلید شخصی کی جڑ کٹ گئی۔
1۔
اس واقعے کی تفصیل امام بخاری ؒ نے ایک دوسرے مقام پر بیان کی ہے چنانچہ حضرت علی ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک فوجی دستہ روانہ کیا اور ایک آدمی کو ان کا امیر نامزد کیا۔
اس نے راستے میں آگ کا الاؤ تیار کیا اور حکم دیا کہ تم سب اس میں داخل ہو جاؤ۔
ان سب نے اس میں داخل ہونے کا ارادہ کر لیا البتہ کچھ لوگوں نے کہا ہم ایسی آگ سے بھاگ کر ادھر آئے ہیں۔
واپسی پر انھوں نے اس کا ذکر رسول اللہ ﷺ سے کیا تو آپ نے ان لوگوں سے فرمایا جو آگ میں داخل ہو نے لگے تھے: ’’اگر تم اس میں داخل ہو جاتے تو قیامت تک اسی میں رہتے۔
‘‘ اور دوسروں سے فرمایا: ’’گناہ کے کاموں میں کسی کی بات نہیں مانی جاتی، اطاعت تو بھلے کاموں میں ہوتی ہے۔
‘‘ (صحیح البخاري، أخبار الآحاد، حدیث: 7257)
2۔
بہر حال اس حدیث سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ کسی بھی اختلاف کے وقت قرآن و حدیث کا فیصلہ ہی حرف آخر ہو گا جس کے آگے کسی حاکم یا امام کی بات نہیں چلے گی۔
صرف قرآن و حدیث کو مطلق حاکم مانا جائے گا حافظ ابن حجر ؒ نے بھی یہ مسئلہ وضاحت سے بیان کیا ہے۔
(فتح الباري: 320/8)
3۔
اس آیت کریمہ میں اسلامی حکومت کی چار بنیادوں کو ذکر کیا ہے جو حسب ذیل ہیں۔
۔
اسلامی نظام حکومت میں اصل مطاع اور مقتدر اعلیٰ عوام یا پارلیمنٹ نہیں بلکہ صرف اللہ تعالیٰ ہوتا ہے۔
۔
اللہ کے احکام کی بجا آوری رسول کے ذریعے سے ہوتی ہے لہٰذا رسول کی اطاعت اور اس کے احکام کی بجا آوری بھی ضروری ہے۔
۔
تیسری اطاعت ان مسلمان حکام کی ہے جو کسی ذمہ دار انہ منصب پر فائز ہوں گے لیکن یہ طاعت مشروط ہے یعنی ان کی بات اللہ اور اس کے رسول کے حکم کے خلاف نہ ہو بصورت دیگر ان کی بات نہیں مانی جائے گی۔
۔
چوتھی بنیاد یہ ہے کہ اگر حاکم اور رعایا کے درمیان کسی معاملے میں اختلاف پیدا ہو جائے تو ایسے معاملے کو کتاب و سنت کی طرف لوٹایا جائے اور اللہ کی شریعت کو "حکم" کی حیثیت دی جائے گی۔
اگر ان چار اصولوں میں سے کسی بھی اصول میں کوتاہی ہوئی تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ اللہ اور یوم آخرت پر ایمان مستحکم نہیں۔
واللہ اعلم۔
اور اس واقعہ میں اصل مطلوب آیت کا آخری ٹکڑا ہے کہ اگر کسی مسئلہ میں تمہارے درمیان جھگڑا پیدا ہو جائے، تو اسے اللہ اور اس کے رسول کی طرف لوٹاؤ، یعنی کسی چیز کے جواز اور عدم جواز میں حرف آخر کتاب و سنت کی تعلیم و ہدایت ہے، اس کی پابندی حکومت اور اس کے ملازمین دونوں کے لیے لازمی اور قطعی ہے۔