حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ يَزِيدَ ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ حَمْزَةَ ، قَالَ : حَدَّثَنِي الْأَوْزَاعِيُّ ، عَنْ عَطَاءِ بْنِ أَبِي رَبَاحٍ ، قَالَ : زُرْتُ عَائِشَةَ ، مَعَ عُبَيْدِ بْنِ عُمَيْرٍ ، فَسَأَلَهَا عَنِ الْهِجْرَةِ ، فَقَالَتْ : " لَا هِجْرَةَ الْيَوْمَ ، كَانَ الْمُؤْمِنُ يَفِرُّ أَحَدُهُمْ بِدِينِهِ إِلَى اللَّهِ وَإِلَى رَسُولِهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَخَافَةَ أَنْ يُفْتَنَ عَلَيْهِ ، فَأَمَّا الْيَوْمَ فَقَدْ أَظْهَرَ اللَّهُ الْإِسْلَامَ ، فَالْمُؤْمِنُ يَعْبُدُ رَبَّهُ حَيْثُ شَاءَ ، وَلَكِنْ جِهَادٌ وَنِيَّةٌ " .´ہم سے اسحاق بن یزید نے بیان کیا ، کہا ہم سے یحییٰ بن حمزہ نے بیان کیا ، کہا کہ مجھ سے امام اوزاعی نے بیان کیا ، ان سے عطا بن ابی رباح نے بیان کیا کہ` میں عبید بن عمیر کے ساتھ عائشہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں حاضر ہوا ۔ عبید نے ان سے ہجرت کا مسئلہ پوچھا تو انہوں نے کہا کہ اب ہجرت باقی نہیں رہی ۔ پہلے مسلمان اپنا دین بچانے کے لیے اللہ اور اس کے رسول کی طرف پناہ لینے کے لیے آتے تھے ، اس خوف سے کہ کہیں دین کی وجہ سے فتنہ میں نہ پڑ جائیں ۔ اس لیے اب جب کہ اللہ تعالیٰ نے اسلام کو غالب کر دیا تو مسلمان جہاں بھی چاہے اپنے رب کی عبادت کر سکتا ہے ۔ اب تو صرف جہاد اور جہاد کی نیت کا ثواب باقی ہے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
بشرطیکہ ایسے حالات پائے جو اس کیلئے ضروری ہیں۔
روایات بالا میں کسی نہ کسی پہلو سے فتح مکہ کا ذکر ہو ا ہے، اسی لیے ان کو اس باب کے تحت لایا گیاہے۔
1۔
ایک روایت میں ہے کہ حضرت عائشہ ؓ نے فرمایا: جب سے اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی ﷺ کے لیے مکہ مکرمہ فتح کردیا ہے اس وقت سے یہ ہجرت ختم ہو چکی ہے۔
(صحیح البخاري، الجهاد والسیر، حدیث: 3080۔
)
یعنی شروع اسلام میں مسلمان کمزور تھے انھیں اسلام لانے کی وجہ سے تکلیفیں پہنچائی جاتیں، لوگ فتنے کے ڈر سے اپنے دین کی حفاظت کے لیے ہجرت کرتے تھے اب جبکہ اللہ تعالیٰ نے مکہ فتح کردیا ہے اور اسلام مغلوب ہونے کی بجائے غالب ہے تو مذکورہ خطرات ختم ہو چکے ہیں، اس لیے اب کافروں سے اللہ کی راہ میں جہاد اور ہجرت کی نیت کا ثواب بدستور قائم ہے۔
2۔
جہاد بالفعل یا جہاد بالقوہ ہو لیکن اسے صرف جنگ و قتال میں بند کرنا صحیح نہیں بلکہ جہاد بالمال جہاد باللسان اور جہاد بالقلم سب کو شامل ہے جہاد عملاً نہ ہو تو بھی اس کی نیت ضرور ہونی چاہیے لیکن نیت کے یہ معنی نہیں کہ ارادہ کر کے انسان اپنے گھر میں بیٹھا رہے اور اس کے لیے تیاری نہ کرے نیت کا معیار ﴿وَأَعِدُّوا لَهُمْ مَا اسْتَطَعْتُمْ﴾ (الأنفال: 60/8)
کو قراردیا گیا ہے۔
اس کی تیاری ضرور ہونی چاہیے۔
واللہ اعلم۔
1۔
ثبیر،مزدلفہ کے نزدیک ایک بڑا پہاڑ ہے جو منیٰ کی طرف جانے والے کے بائیں طرف پڑتا ہے۔
اس حدیث میں بھی ایک خاص ہجرت مراد ہے جو مکہ فتح ہونے کے بعد ختم ہوچکی ہے،البتہ طلب علم اورفتنہ وفساد سے محفوظ رہنے کی نیت سے اپنا مالوف وطن چھوڑنا اور اس سے ہجرت کرجانا اب بھی باقی ہے اور اس قسم کی ہجرت ہمیشہ باقی رہے گی۔
2۔
بہرحال اب بھی جہاں کہیں دارالحرب ہے اگر کوئی شخص اپنے دین کو بچانے کی نیت سے ہجرت کرنے پر قادر ہے تو اس پر ہجرت واجب ہے تاکہ ہرقسم کے خطرات سے محفوظ ہوجائے اور اگرعاجز ہوتو کراہت کے ساتھ وہاں اقامت رکھی جاسکتی ہے لیکن اگر مصائب و آلام جھیل کر نکل جائے تو اسے اللہ کے ہاں بہت اجرثواب ملے گا۔
فتح مکہ کے بعدمدینے کی طرف ہجرت کرنے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔
اس کا قطعاً یہ مطلب نہیں کہ اب ہجرت کی مشروعیت ختم ہوچکی ہے کیونکہ دارالکفر سے دارالسلام کی طرف ہجرت کرنا اب بھی واجب ہے بشرط یہ کہ دین میں خلل کا اندیشہ ہو۔
حضرت عائشہ ؓ کے فرمان سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ جہاں اللہ کی عبادت آزادی کے ساتھ نہ ہوسکے ایسے ملک سے ہجرت کرنا واجب ہے بصورت دیگر واجب نہیں۔
اگر کوئی مسلمان دارالحرب میں اپنا دین ظاہر کرسکتاہے اوربلاروک ٹوک اللہ کی عبادت کرسکتا ہے تو اس کا حکم دارالسلام جیسا ہوگا بلکہ وہاں ٹھہرنا ہجرت سے افضل ہے کیونکہ وہاں قیام رکھنے سے لوگوں سے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ تبلیغ اسلام کے نتیجے میں اسلام میں داخل ہوں گے، اس لیے اس قسم کی احادیث کو مقامی پس منظر میں دیکھنا چاہیے۔
واللہ أعلم۔