صحيح البخاري
كتاب المغازي— کتاب: غزوات کے بیان میں
بَابُ غَزْوَةِ الْحُدَيْبِيَةِ: باب: غزوہ حدیبیہ کا بیان۔
حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ , عَنْ أَخِيهِ , عَنْ سُلَيْمَانَ , عَنْ عَمْرِو بْنِ يَحْيَى , عَنْ عَبَّادِ بْنِ تَمِيمٍ , قَالَ : " لَمَّا كَانَ يَوْمُ الْحَرَّةِ , وَالنَّاسُ يُبَايِعُونَ لِعَبْدِ اللَّهِ بْنِ حَنْظَلَةَ , فَقَالَ ابْنُ زَيْدٍ : عَلَى مَا يُبَايِعُ ابْنُ حَنْظَلَةَ النَّاسَ ؟ قِيلَ لَهُ : عَلَى الْمَوْتِ , قَالَ : لَا أُبَايِعُ عَلَى ذَلِكَ أَحَدًا بَعْدَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ , وَكَانَ شَهِدَ مَعَهُ الْحُدَيْبِيَةَ .´ہم سے اسماعیل بن ابی اویس نے بیان کیا ‘ ان سے ان کے بھائی عبدالحمید نے ‘ ان سے سلیمان بن بلال نے ‘ ان سے عمرو بن یحییٰ نے اور ان سے عباد بن تمیم نے بیان کیا کہ` حرہ کی لڑائی میں لوگ عبداللہ بن حنظلہ رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کر رہے تھے ۔ عبداللہ بن زید نے پوچھا کہ ابن حنظلہ سے کس بات پر بیعت کی جا رہی ہے ؟ تو لوگوں نے بتایا کہ موت پر ۔ ابن زید نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اب میں کسی سے بھی موت پر بیعت نہیں کروں گا ۔ وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ غزوہ حدیبیہ میں شریک تھے ۔
تشریح، فوائد و مسائل
1۔
اس حدیث سے امام بخاری ؒ کامقصود یہ ہے کہ حضرت عبداللہ بن زید ؓ صلح حدیبیہ کے وقت موجود تھے اورانھوں نے بیعت رضوان میں شمولیت کی تھی۔
2۔
حرہ مدینہ طیبہ سے باہر ایک میدان ہے جہاں اہل مدینہ اور یزید کے لشکر کے درمیان جنگ ہوئی تھی۔
اہل مدینہ نے یزید کی بیعت کو ختم کردیا تھا۔
اس واقعے میں عبداللہ بن حنظلہ اور اس کی تمام اولاد شہید ہوگئی تھی۔
3۔
اگرچہ موت ایک غیر اختیاری فعل ہے اور اس غیر اختیاری فعل پر بیعت لینے کا مطلب یہ ہے کہ اللہ کی راہ میں لڑتے رہیں گے، راہ فرار اختیار نہیں کریں گے یہاں تک کہ موت آجائے، اس معنی میں یہ بیعت ایک اختیاری فعل پر ہوگی۔
اسکی تفصیل ہم کتاب الجہاد میں بیان کرآئے ہیں اورموت پر بیعت کرنے کا مطلب یہ ہے کہ میدان جہاد میں ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔
واللہ اعلم۔
جبکہ وہ لوگوں سے اپنی خلافت کی بیعت لے رہا تھا۔
مدینہ کے اس وفد نے جائزہ لیا تو یزید کو خلافت کا نا اہل پایا۔
اور اس کی حرکات ناشائستہ سے بیزار ہو کر واپس مدینہ لوٹے اور حضرت عبداللہ بن زبیر ؓ کے ہاتھ پر بیعت خلافت کرلی۔
یزید کو جب خبر ہوئی تو اس نے مسلم بن عقبہ کو سردار بنا کر ایک بڑا لشکر مدینہ روانہ کردیا۔
جس نے اہل مدینہ پر بہت سے ظلم ڈھائے‘ سینکڑوں ہزاروں صحابہ وتابعین اور عوام و خواص‘ مردوں و عورتوں اور بچوں تک کو قتل کیا۔
یہ حادثہ حرہ نامی ایک میدان متصل مدینہ میں ہوا۔
اسی لئے اس کی طرف منسوب ہوا۔
عبداللہ بن زید کا مطلب یہ تھا کہ ہم تو خود رسول کریمﷺ کے دست حق پرست پر موت کی بیعت کرچکے ہیں۔
اب دوبارہ کسی اور کے ہاتھ پر اس کی تجدید کی ضرورت نہیں ہے۔
معلوم ہوا کہ موت پر بھی بیعت کی جاسکتی ہے۔
جس سے استقامت اور صبر مراد ہے۔
1۔
رسول اللہ ﷺ کی خاطر سردھڑ کی بازی لگا دینا ایمان کاحصہ ہے لیکن آپ کے علاوہ کسی دوسرے کے لیے یہ اعزاز نہیں کہ اس کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دیا جائے،بلکہ ایساکرنا خود کو ہلاکت میں ڈالنا ہے کیونکہ اگر غیرنبی کی بیعت موت پر کی جائے، پھر اس کی غلطی واضح ہوجائے تو دوصورتیں ہیں: اس کی بیعت پر بدستور قائم رہا جائے۔
اس صورت میں موت خلاف حق ہوگی۔
دوسری صورت یہ ہے کہ اس کی بیعت ترک کردی جائے۔
اس وقت موت ترک بیعت پر ہوگی۔
دونوں صورتیں ہی ہلاکت خیز ہیں، اس لیے آغاز امر میں بیعت نہ کرنا آسان ہے کہ موت خلاف حق یاترک بیعت پر آئے۔
2۔
واضح رہے کہ عبداللہ بن حنظلہ لوگوں سے حضرت عبداللہ بن زبیر ؓ کے لیے مرمٹنے پر بیعت لے رہے تھے جس کا انکار حضرت عبداللہ بن زید ؓنے کیا۔
اس کامطلب یہ تھا کہ ہم تو خود رسول اللہ ﷺکے دست حق پر موت کی بیعت کرچکے ہیں، اب دوبارہ کسی دوسرے کے ہاتھ پر نئے سرے سے بیعت کی ضرورت نہیں۔
3۔
اس روایت میں رسول اللہ ﷺ کے ہاتھ پر موت کی بیعت کرنا واضح نہ تھا، اس لیے امام بخاری ؒنے آگے ایک حدیث ذکر کی ہے کہ جس میں صراحت ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے بیعت موت پر ہوئی تھی۔